• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد اسکول کا دوبارہ آغاز نئےعزائم اور کامیابی کے روشن امکانات

Updated: November 28, 2026, 1:29 PM IST | Muhammad Aamir Afaq | Nagpur

موسمِ سرما کی تعطیلات طلبہ کیلئے جہاں آرام، تفریح اور ذہنی آسودگی کا ذریعہ ہوتی ہیں، وہیں یہ وقفہ اساتذہ کو بھی اپنی تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لینے، سابقہ تجربات سے سیکھنے اور آئندہ کے تعلیمی لائحۂ عمل کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

After the holidays, the most important requirement for students is to refocus their attention on their education. Photo: INN
تعطیلات کے بعد طلبہ کیلئے سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ وہ اپنی توجہ دوبارہ تعلیم کی طرف مرکوز کریں۔ تصویر: آئی این این

موسمِ سرما کی تعطیلات طلبہ کیلئے جہاں آرام، تفریح اور ذہنی آسودگی کا ذریعہ ہوتی ہیں، وہیں یہ وقفہ اساتذہ کو بھی اپنی تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لینے، سابقہ تجربات سے سیکھنے اور آئندہ کے تعلیمی لائحۂ عمل کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تعطیلات کے اختتام پر جب اسکول دوبارہ کھلتے ہیں تو تعلیمی ماحول ایک نئی تازگی، جوش و خروش اور امیدوں کے ساتھ زندگی کی نئی کروٹ لیتا ہے۔ اسکول کی رونقیں بحال ہوتی ہیں، جماعتیں طلبہ کی موجودگی سے آباد ہوتی ہیں اور درس و تدریس کا سلسلہ ایک نئے عزم کے ساتھ شروع ہوتا ہے۔
اسکول کا دوبارہ آغاز محض تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی نہیں، بلکہ یہ خود احتسابی، اصلاحِ احوال اور بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کا ایک اہم موقع بھی ہے۔ یہ وقت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیمی سفر میں کامیابی کے لئے صرف خواہش کافی نہیں، بلکہ واضح مقصد، درست حکمتِ عملی اور مسلسل محنت بھی ضروری ہے۔ اگر طلبہ اور اساتذہ اپنے اپنے فرائض کا احساس کرتے ہوئے نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں تو تعلیمی سال کے باقی ماندہ عرصے کو زیادہ نتیجہ خیز اور بامقصد بنایا جاسکتا ہے۔
طلبہ کے لئے: وقت کی قدر، محنت کا عزم  اور کامیابی کی جستجو
تعطیلات کے بعد طلبہ کیلئے سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ وہ اپنی توجہ دوبارہ تعلیم کی طرف مرکوز کریں اور وقت کے ضیاع سے بچتے ہوئے ایک منظم معمولِ زندگی اختیار کریں۔ انہیں چاہیے کہ وہ گزشتہ تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیں، اپنی کمزوریوں کو پہچانیں اور انہیں دور کرنے کے لئے سنجیدہ کوشش کریں۔ ہر طالب علم اپنے لئے واضح تعلیمی اہداف مقرر کرے اور انہیں حاصل کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر عملی جدوجہد کرے۔
طلبہ کو درج ذیل امور پر خصوصی توجہ دینی چاہیے:
(۱) باقاعدگی اور پابندیٔ وقت: اسکول میں حاضری، وقت پر آمد اور روزانہ کے تعلیمی معمولات کی پابندی کو اپنی عادت بنائیں۔
(۲) منصوبہ بند مطالعہ: ہر مضمون کے لئے مناسب وقت مختص کریں اور روزانہ پڑھائے جانے والے اسباق کی گھر پر دہرائی کریں۔
(۳) کمزوریوں کی اصلاح: جن مضامین یا موضوعات میں دشواری محسوس ہو، ان پر خصوصی توجہ دیں اور اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرنے میں جھجک محسوس نہ کریں۔
(۴) امتحانات کی پیشگی تیاری: امتحانات کو آخری دنوں تک مؤخر کرنے کے بجائے ابتدا ہی سے مستقل مطالعے کا معمول اپنائیں۔
(۵) مثبت سوچ اور خود اعتمادی: ناکامی یا کم نمبروں سے مایوس ہونے کے بجائے انہیں اپنی اصلاح اور بہتری کا ذریعہ بنائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ تقریباً مکمل

(۶) ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت: تقریری، ادبی، سائنسی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔
(۷) اخلاق و کردار کی تعمیر: اساتذہ کا احترام، ساتھیوں کے ساتھ حسنِ سلوک، صفائی اور نظم و ضبط کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔
طلبہ کو یہ سمجھنا چاہئے کہ اسکول کی زندگی صرف امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی شخصیت، فکر اور کردار کو سنوارنے کا بنیادی مرحلہ ہے۔ جو طالب علم آج وقت کی قدر کرنا سیکھ لیتا ہے، وہ کل زندگی کے بڑے چیلنجز کا سامنا زیادہ اعتماد کے ساتھ کرسکتا ہے۔
اساتذہ کیلئے: تدریسی جدت، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور طلبہ کی رہنمائی
تعطیلات کے بعد اساتذہ کے لئے بھی یہ ایک نیا موقع ہے کہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں کا ازسرِنو جائزہ لیں اور زیادہ مؤثر انداز میں تعلیمی عمل کو آگے بڑھائیں۔ استاد کا کردار محض نصاب مکمل کروانے یا معلومات منتقل کرنے تک محدود نہیں، بلکہ وہ طلبہ کی ذہنی نشوونما، فکری تربیت، اخلاقی تعمیر اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اس مقصد کے لئے اساتذہ کو درج ذیل امور کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہئے:
 (۱)مؤثر تدریسی منصوبہ بندی: نصاب کی تکمیل کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم ٹیبل اور واضح تدریسی اہداف مقرر کریں۔
(۲) جدید طریقۂ تدریس: روایتی تدریسی انداز کیساتھ سرگرمیوں پر مبنی تعلیم، گروپ ڈسکشن، عملی مشقوں اور ڈیجیٹل وسائل سے استفادہ کریں۔
 (۳)طلبہ کی انفرادی صلاحیتوں کا احترام: ہر طالب علم کی ذہنی سطح، دلچسپی اور سیکھنے کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی حکمتِ عملی اختیار کریں۔
 (۴)کمزور طلبہ کی خصوصی رہنمائی: تعلیمی اعتبار سے پیچھے رہ جانے والے طلبہ کی ضافی رہنمائی، اعادہ  اور اصلاحی تدریس کا اہتمام کریں۔
 (۵)مسلسل جائزہ اور حوصلہ افزائی: طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں اور ان کی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو بھی سراہیں۔
(۶) مثبت تعلیمی ماحول: جماعت میں ایسا ماحول قائم کریں جہاں طلبہ بلا جھجک سوال کرسکیں، اپنی رائے پیش کرسکیں اور سیکھنے کے عمل میں فعال حصہ لے سکیں۔
 (۷)اخلاقی و سماجی تربیت: تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ میں دیانت داری، برداشت، احساسِ ذمہ داری، تعاون اور احترامِ انسانیت جیسی اقدار کو فروغ دیں۔
اسکول، والدین اور اساتذہ: مشترکہ ذمہ داری، مشترکہ کامیابی
تعلیمی ادارے کی ترقی صرف اساتذہ یا طلبہ کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لئے اسکول انتظامیہ، والدین اور اساتذہ کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تدریسی عمل کے لئے سازگار ماحول، ضروری سہولیات اور مثبت تعلیمی فضا فراہم کرے۔ والدین بچوں کی حاضری، مطالعے کے اوقات، تعلیمی پیش رفت اور اخلاقی تربیت پر نظر رکھیں اور اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔
اسی طرح اسکول میں کھیلوں، ادبی نشستوں، تقریری مقابلوں، سائنسی سرگرمیوں اور دیگر تخلیقی پروگراموں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے، تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو صرف کتابی علم تک محدود نہ رکھا جائے۔ ایک متوازن تعلیمی نظام وہی ہے جو ذہانت کے ساتھ کردار، علم کے ساتھ شعور اور کامیابی کے ساتھ احساسِ ذمہ داری بھی پیدا کرے۔
آئیے! اس نئے تعلیمی آغاز کو صرف معمول کی واپسی نہ سمجھیں، بلکہ اسے اپنے عزم کی تجدید اور مستقبل کی تعمیر کا ذریعہ بنائیں۔ طلبہ محنت کو اپنی پہچان بنائیں، اساتذہ اخلاص کو اپنا سرمایہ سمجھیں اور ہم سب مل کر اپنے تعلیمی اداروں کو علم و آگہی، اخلاق و کردار اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کا مثالی مرکز بنانے کا عہد کریں۔

کامیاب استاد 
ایک کامیاب استاد وہ ہے جو ہر طالب علم میں موجود صلاحیت کو پہچان کر اسے نکھارنے کی کوشش کرے۔ اس کی تدریس میں خلوص، رویّے میں شفقت اور منصوبہ بندی میں دور اندیشی ہونی چاہیے۔ اسے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہنا چاہئے کیونکہ بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضے اساتذہ سے بھی نئے علوم، نئے تجربات اور جدید تدریسی مہارتوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK