Inquilab Logo

پیغمبر اسلام ؐ کی ذاتِ مبارکہ ہی پوری انسانیت کیلئے کامل نمونہ اور مکمل رہنما ہے

Updated: September 30, 2022, 3:06 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai

انسانیت کیلئے وہی شخصیت نمونہ بن سکتی ہے، جس میں کم از کم چار باتیں ہوں: (۱) اس کی سیرت تاریخی طورپر محفوظ ہو اور مستند نیز معتبر ذریعوں سے پہنچی ہو (۲) اس کا پیغام اور عطا کردہ دستورِ زندگی تمام انسانیت کیلئے ہو، کسی مخصوص علاقہ یا نسل کیلئے نہ ہو، (۳) اس کی سیرت ہر گوشہ ٔ حیات کی رہنما ہو اور اس رہنمائی کے بعد انسان اپنی زندگی میں کوئی خلا نہ پائے، اور (۴) اس کی زندگی انسانیت کیلئے قابل اتباع بن سکتی ہو اور اس کی پیروی انسانی طاقت سے باہر نہ ہو ۔

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی جو بستی بسائی ہے، وہ بڑی وسیع، خوبصورت اورمتنوع ہے۔ ہزاروں مخلوقات ہیں اور ہر ایک دوسرے سے مختلف بلکہ اپنی صلاحیتوں اور عادتوں کے اعتبار سے بالکل متضاد کیفیتوں کی حامل؛ لیکن وہ سب ایک مقررہ دستور کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ سورج کو معلوم ہے کہ اسے مشرق سے نکلنا ہے اور مغرب کی سمت میں ڈوبنا ہے، سمندر ہزاروں سال سے اپنے دائرہ میں مسلسل بہہ رہا ہے اور اپنی تلاطم خیز موجوں کے ساتھ کروٹیں لیتا رہتا ہے، وہ فضا کو بادل کی سوغات دیتا ہے اور دن رات زمین کی آلائشوں کو تحلیل کرنے میںمصروف رہتا  ہے، جمادات و نباتات ہی نہیں، حیوانات کا بھی یہی حال ہے، ان کا کھانا پینا، لڑنا جھگڑنا، اپنی غذا  تلاش کرنا، حملہ کرنا اور مدافعت کرنا ہم اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھتے آئے ہیں اور آج بھی دیکھ سکتے ہیں؛ لیکن قدرت نے ان کو بھی ان کی زندگی کا دستور پڑھا اور سمجھا دیا ہے۔ اس کی تفصیل پر غور فرمائیے کہ گائے اوربکری گھاس اوردرخت کے پتے کھاتی ہیں، شیر اور باز زندہ جانوروں کا شکار کرتے ہیں، چیل مردار کی تلاش میں چپہ چپہ چھانتی پھرتی ہے، بعض جانور ہیں جو چارہ بھی کھاتے ہیں اور اپنے سے چھوٹے جانوروں کو بھی ہضم کر جاتے ہیں، پرندوں کو اپنا گھونسلہ بنانا اور چوہوں کو اپنا سرنگ نما مکان بنانا معلوم ہے، مکڑی جالے بُنتی ہے اور شہد کی مکھیاں اپنا چھتہ تیار کرتی ہیں، جس میں اتنے کمرے ہوتے ہیں کہ شاید بادشاہوں کے محلات میں بھی نہ رہتے ہوں۔ یہ سب اللہ کی رہنمائی اورہدایت کا نتیجہ ہے  جسے رب العالمین نے اِن لفظوں میں بیان فرمایا ہے:  ’’ہمارا رب وہی ہے جس نے ہر چیز کو (اس کے لائق) وجود بخشا پھر (اس کے حسبِ حال) اس کی رہنمائی کی۔‘‘(سورۂ طٰہٰ: ۵۰)  یعنی یہ رب کائنات کا کمال ہے کہ اس نے ہر چیز کو صورت بھی بخشی اور اسے زندگی گزارنے کے بارے میں راہ بھی سجھائی اور سلیقہ بھی سکھایا ۔اور یہ کچھ جانوروں ہی کےساتھ مخصوص نہیں ہے، حضرت انسان کے وجود میں بھی ہدایت ربانی کے اس تکوینی نظام کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے، بچہ ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتا ہے اور ماں کی چھاتی کی طرف لپکتا اور اس سے دُودھ پیتا ہے، آخر اس شیر خوار بچے کو کس نے بتایا کہ تمہاری غذا ماں کے سینہ میں ہے؟ اور پھر اس غذا کو ماں کے سینہ سے کشید کرنے کا سلیقہ کس نے سکھایا؟ ماں باپ کی ذراسی بے توجہی ہو تو بچہ کا رونا اور لاڈ و پیار پر مسکرانا بھی اسی ہدایت ربانی کا مظہر ہے، اس بے زبان اور بے شعور بچہ کو کس نے سکھایا کہ دُکھ اور درد کا اظہار رو کر اور خوشی کا اظہار ہنس کر اور مسکراکر کیا جاتا ہے ؟تو جب خدا نے ہر چیز کو ایک مقصد کیلئے پیدا کیا ہے اور اسے دنیا میں رہنے سہنے کا طریقہ بتادیا ہے، تو کیا انسان کو اپنی زندگی بسر کرنے کیلئے کسی طریقہ اور نظام کی ضرورت نہ ہوگی؟ یقیناً ہوگی، بلکہ زیادہ ہوگی؛ کیوںکہ انسان ایک حد تک با اختیار مخلوق ہے اور عقل و فہم کی نعمت نے اس کی نیکی اور بدی کے دائرہ کو بہت وسیع کردیا ہے، شیر ایک وقت میں ایک ہی انسان یاحیوان کو شکار بناتا ہے، سانپ ایک بار ڈس کر ایک وجود کو فنا کرسکتا ہے؛ لیکن انسان کا حال یہ ہے کہ وہ ایک ایٹم بم کے ذریعہ بیک وقت ایک پورے خطہ کو تباہ و برباد کرسکتا ہے اوربیک جنبش ِپلک لاکھوں انسانوں کی جان لے سکتا ہے، اس لئے ظاہر ہے کہ وہ سب سے زیادہ اس بات کا محتاج ہے کہ جینے اور مرنے کا سلیقہ سیکھے اور زندگی گزارنے کا طور و طریق جانے۔ 
مگر، سوال یہ ہے کہ انسان کو زندگی گزارنے کا طریقہ کون بتائے ؟ یہ اہم سوال ہے اور اس کے جواب کیلئے غور کیا جائے تو ایک سیدھی سادی اور دیکھی جانی حقیقت یہ ہے کہ جو شخص کسی مشین کو بناتا اور کسی شے کو ایجاد کرتا ہے، وہی اس کی ضروریات سے آگاہ بھی ہوتا ہے اور اس کیلئے مناسب و غیرمناسب اوردرست و نادرست طریقۂ استعمال کے فیصلے بھی کرسکتا ہے۔ اس لئے جب اللہ تعالیٰ انسان کا  خالق و رب ہے، اسی نے ہمیں پیدا کیا ہے اور اسی کے اشارہ و حکم سے ہم اس کائنات میں زندہ ہیں تو ضرور ہے کہ وہی ہمیں زندگی کے طوروطریق بھی سمجھائے اور یقیناً اسی کا دیا ہوا نظام حیات ہمارے لئے مفید ہوسکتا ہے؛ چنانچہ کلام پاک میں فرمایا گیا: ’’خبردار! (ہر چیز کی) تخلیق اور حکم و تدبیر کا نظام چلانا اسی کا کام ہے۔‘‘ (الاعراف : ۵۴)
دنیا میں بھی آپ جب کسی کمپنی سے کوئی بڑی مشین حاصل کرتے ہیں تو وہ ایک طرف اس مشین کی تفصیلات پر مشتمل کتابچہ آپ کے حوالہ کرتی ہے اور ساتھ ساتھ اپنے ایک انجینئر کو بھی آپ کی مدد کیلئے بھیجتی ہے کہ کتاب میں جو نظریہ بیان کیا گیا ہے یہ انجینئر اور ماہر کاریگر اس کو عملی طورپر برت کر دکھائے اور محسوس طریقہ پر سمجھائے۔کسی تمثیل کے بغیر یہی صورت آسمانی کتاب اور انبیاء کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی کتابیں نظام حیات کی رہنمائی کرتی ہیں کہ انسان کو اس دُنیا میں اپنی صلاحیتیں کس طرح استعمال کرنی چاہئیں؟ اور پیغمبر کی زندگی اس کی عملی صورت گری ہے۔ گویا پیغمبر کتاب ِالٰہی کی شرح اور اس کا بیان ہوتا ہے،  ایک ایک حرف جو اس کی زبان سے نکلے، ایک ایک عمل جو اس کے اعضاء و جوارح سے صادر ہو اور ایک ایک اختیاری کیفیت جو اس پر طاری ہو، وہ منشاء ِربانی کا اظہار ہے اور انسانیت کیلئے اُسوہ و نمونہ ہے۔  اسی لئے فرمایا گیا کہ جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے رب العالمین کی اطاعت کی۔ کلام پاک میں فرمایا گیا:  ’’جس نے رسولؐ  کا حکم مانا بیشک اس نے اللہ (ہی) کا حکم مانا۔‘‘ (النساء : ۸۰)گویا نبوت محض قلب و ذہن کی تسلی کا سامان اور آخرت کی فلاح و نجات ہی کا ذریعہ نہیں ہے؛ بلکہ یہ سب سے بڑی انسانی ضرورت ہے۔ جیسے وہ اپنے پیٹ کیلئے غذا کا، تن ڈھانپنے کیلئے لباس و پوشاک کا، علاج کیلئےدوا کا اور اپنی مدافعت اور حفاظت کیلئے اسلحہ اور ہتھیار کا محتاج ہے ، اس سے بڑھ کر وہ انبیاء اور تعلیمات ِانبیاء کا محتاج ہے؛  کیوںکہ انبیاء کی تعلیمات اس کے پورے وجود کیلئے غذا ہیں،  وہ ذہن و دماغ کو بتاتی ہیں کہ انہیں کیا سوچنا چاہئے؟  تعلیماتِ انبیاء ہی آنکھوں کی رہنمائی کرتی ہیں کہ انہیں کیا دیکھنا اور کیا نہ دیکھنا چاہئے؟ وہ زبان کو ہدایت دیتی ہیں کہ اللہ کی اس عظیم نعمت کا استعمال کن مقاصد کے لئے کیا جائے اورکن مفاسد سے بچا جائے؟ وہ ہاتھوں سے کہتی ہیں کہ یہ ظلم اور ظالموں کے خلاف اُٹھے نہ کہ مظلوموں اور کمزوروں کے خلاف، وہ پاؤں کو بتاتی ہیں کہ اسے نیکی اور حق کی راہ میں چلنا چاہئے نہ کہ باطل اور برائی کے راستہ میں، اور اس کی چال تواضع و انکسار اور عجز و فروتنی کی ہونی چاہئے نہ کہ کبر و افتخار اور غرور و استکبار کی ۔اب سوال یہ ہے کہ کون سی شخصیت انسانیت کیلئے نمونہ اور آئیڈیل بن سکتی ہے؟ تو مذاہب کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس دنیا میں شروع ہی سے اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبروں اور کتابوں کو بھیجتے رہے ہیں۔ قرآن مجید کے بیان کے مطابق کوئی قوم ایسی نہیں گذری ، جس میں اللہ تعالیٰ کے رسول اور نبی نہ آئے ہوں: ’’اور کوئی امّت (ایسی) نہیں مگر اُس میں کوئی (نہ کوئی) ڈر سنانے والا (ضرور) گزرا ہے۔‘‘ (فاطر : ۲۴) اور خود ان کی زبان میں اللہ کی کتاب نہ اُتاری گئی ہو: ’’اور ہم نے کسی رسول کو نہیں بھیجا مگر اپنی قوم کی زبان کے ساتھ تاکہ وہ ان کے لئے (پیغامِ حق) خوب واضح کر سکے۔‘‘ (ابراہیم :۴ ) نبوت کا یہ سلسلہ محمد ﷺ پر پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا،  دین و عقیدہ تو ہمیشہ ایک ہی رہا ہے، جس کی بنیاد توحید،  رسالت اور آخرت کا تصور ہے؛ لیکن انسانی ضرورتوں اور تمدنی ترقیوں کے لحاظ سے زندگی گزارنے کے قانون میں خالق کائنات کی طرف سے تھوڑی بہت تبدیلی کی جاتی رہی ہے، اسی قانون کو ’ شریعت ‘ کہتے ہیں ۔اس لئے اب پیغمبر اسلام ﷺ کی شخصیت ہی قیامت تک کیلئے اور پوری انسانیت کیلئے کامل نمونہ اور مکمل رہنما ہے۔ یہ محض خوش گمانی نہیں ہے؛ بلکہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس پر تاریخ کی شہادت موجود ہے؛ کیوںکہ پوری انسانیت کیلئے وہی شخصیت نمونہ بن سکتی ہے، جس میں کم از کم چار باتیں پائی جائیں۔ اول: یہ کہ اس کی سیرت تاریخی طور پر محفوظ ہو اور ایسے مستند اور معتبر ذریعوں سے ہم تک پہنچی ہو جن پر ہم اعتماد کرسکیں۔   دوسرے: اس کا پیغام اوراس کا عطا کیا ہوا دستورِ زندگی تمام انسانیت کیلئے ہو، کسی مخصوص علاقہ یا نسل کے لوگوں کیلئے نہ ہو، تیسرے: اس کی سیرت زندگی کے ہر گوشہ کیلئے رہنمائی کرتی ہو اور اس کو اپنا رہنما تسلیم کرنے کے بعد انسان اپنی زندگی میں کہیں کوئی خلا نہ پائے، اور چوتھے: اس کی زندگی انسانیت کیلئے قابل اتباع بن سکتی ہو اور اس کی پیروی انسانی طاقت سے باہر نہیں ہو ۔اب تاریخی تحفظ کے اعتبار سے پیغمبر  اسلام، سرکار دو عالم محمدالرسول اللہ  ﷺ کی سیرت دیکھئے کہ آپﷺ  کی سیرت کے دو بنیادی مآخذ ہیں: کتاب اللہ اور سنت رسول۔ قرآن مجید وہ عظیم الشان کتاب ہے جو  نہ صرف اپنے الفاظ؛ بلکہ اپنے رسم الخط اور لب و لہجہ کے ساتھ آج تک محفوظ ہے۔ آپؐ نے اپنی  حیاتِ مبارکہ ہی میں اور خود اپنی نگرانی میں اس کی کتابت کرائی  (الاتقان فی علوم القرآن : ۱؍۶۴) اور سورتوں اور آیتوں کی ترتیب قائم فرمائی  (روح المعانی :  ۱؍۲۶) ۔پھر آپ ﷺ کے دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد ایک سال بھی نہ گزرپایا تھا کہ خلیفہ ٔ  اول حضرت ابوبکر صدیقؓ نے صحابہ سے نوشتے حاصل کرکے اس کو یکجا کیا اور لب و لہجہ کا جو ہلکا سا اختلاف تھا ، اسے حضرت عثمان غنیؓ نے ختم کرکے اپنے عہد ِخلافت میں تمام لوگوں کو ایک ہی لہجہ پر متفق کردیا۔ (مباحث فی علوم القرآن لمناع القطان : ۱۳۳) وہ اس وقت سے آج تک ہر دور میں ہزاروں لاکھوں سینوں میں من و عن محفوظ ہے اور قرأت میں کہیں کوئی ایسا اختلاف نہیں ہے ، جس کو معنی میں تغیر کی حد تک اختلاف کہا جاسکے ۔
دوسرا مآخذ ’’ حدیث ‘‘ ہے۔ احادیث تمام کی تمام آپ ﷺ  کے صحابہ سے مروی ہیں، اس کے ایک قابل لحاظ حصہ کی کتابت خود آپؐ کے عہد میں ہوچکی تھی۔ آپ ﷺ کے وصال کے صرف سو سال بعد ہی احادیث کے بڑے بڑے مجموعے مرتب ہوگئے، ہر حدیث کی سند محفوظ ہے اورکتابوں میںدرج ہے، سند میں آنے والے تمام راویوں کے حالات بھی محفوظ ہیں۔ انہیں دیکھ کر آج بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے کہ وہ کس حد تک مستند یا غیر مستند ہیں ؟
تاریخی طورپر ایسا تحفظ کسی اور مذہبی پیشوا کے حصہ میں نہ آسکا ۔ اب ظاہر ہے کہ تاریخی استناد اور تحفظ کے لحاظ سے ہمارے لئے اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ آپ ﷺہی کی ذات گرامی کی طرف رُجوع کریں ۔
دوسرے : کسی مذہب کے عالمگیر ہونے کے لئے ضروری ہے کہ وہ پوری انسانیت کو مخاطب کرتا ہو اور  ان کو ایک نظر سے دیکھتا ہو ۔ اس نقطۂ نظر سے پیغمبر اسلام کو دیکھئے کہ قرآن نے صاف اعلان کیا ہے کہ آپ ﷺکو تمام انسانیت کی طرف بھیجا گیا ہے: ’’اور (اے نبیؐ،) ہم نے تم کو تمام ہی انسانوں کیلئے بشیر و نذیر بنا کر بھیجا ہے۔‘‘(سبا : ۲۸) نیز قرآن مجید کو تمام انسانوں کیلئے ہدایت کا پیغام قرار دیا گیا ہے  (البقرۃ : ۱۸۵) بلکہ آپ ﷺ کو پورے عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجا گیا ہے:’’اور (اے محمدﷺ) ہم نے آپ کو تمام جہان کے لئے رحمت (بنا کر) بھیجا ہے ۔‘‘ (الانبیاء : ۱۰۷)
 اسی لئے ہم دیکھتے ہیں کہ آپ ﷺ کی بارگاہِ نبوت میں حبش کے بلال بھی ہیں ، روم کے صہیب بھی ، فارس کے سلمان بھی ہیں ، بنی اسرائیل کے عبد اللہ بن سلام بھی ہیں اور یمن کے ابوہریرہ بھی ، (رضی اللہ عنہم) اس دربار میں نہ رنگ کی بنیاد پر کوئی تفریق ہے نہ نسل کی بنیاد پر ، نہ علاقہ کی بنیاد پر کوئی امتیاز ہے نہ زبان کی بنیاد پر ، آپ ؐ نے اس تصور ہی کو رد فرمایا کہ انسان پیدائشی طورپر اونچا اور نیچا ہوتا ہے ۔
پوری انسانیت کیلئے اُسوہ ہونے کی تیسری بنیادی شرط یہ ہے کہ اس کی سیرت میں زندگی کے تمام گوشوں کے لئے رہنمائی موجود ہو ، اس کا بہترین نمونہ اگر کہیں مل سکتا ہے تو وہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ذاتِ اقدس  ہے۔ انسان خلوت میں ہو یا جلوت میں، بزرگوں کےساتھ ہو یا عزیزوں کے ساتھ ، بزم میں ہو یا رزم میں، دشمنوں کا سامنا ہو یا دوستوں کا، عدالت کی کرسی پر ہو یا خود مقدمہ کا فریق ہو ، تخت اقتدار پر ہو یا کسی کے اقتدار کے تحت، استاذ ہو یا طالب علم ، تجارت و کاروبار میں ہو یا اللہ تعالیٰ سے راز و نیاز میں، رنج و اَلم کی شام ہو یا مسرت و شادمانی کی صبح، فتح سے ہمکنار ہو یا شکست سے دوچار،  اولاد ہو یا ماں باپ،  شوہر و بیوی ہو یا بھائی بہن، مریض ہو یا معالج،  تیمار دار ہو یا خود تیمار داری کا محتاج، سرمایہ دار اور آجر ہو یا مزدور و اجیر،  قرض دہندہ ہو یا مقروض ، دولت مند ہو یا غریب ، جوان ہو یا بوڑھا،  سفر میں ہو یا حضر میں، عالم ہو یاجاہل، خدا کی توفیق سے نیک عمل اس نے کئے ہوں یا اس کا دامن عمل گناہ سے آلودہ ہو، غرض ہرموقعہ پر اور ہر حالت وکیفیت میں اس کیلئے رسول اللہ ﷺ کا عملی نمونہ یا آپ ﷺ کے ارشادات اس کی رہنمائی کرتے ہیں ۔
اب چوتھے نکتہ پر غور کیجئے، یہ بات اہم ہے کہ نبی فرشہ یا دیوتا یا کسی دیوتا کا اَوتار نہیں ہوتا؛ بلکہ وہ ایک انسان ہوتا ہے؛ کیوںکہ انسان مافوق العادت ہستی کو اپنے لئے اُسوہ نہیں بناسکتا، انسان کے لئے وہی شخصیت نمونہ بن سکتی ہے جس کو انسانی ضرورتیں پیش آتی ہوں اورجو انسان کو پیش آنے والے عوارض سے دوچار ہوتا ہو؛ تاکہ زندگی میں پیش آنے والے تمام مسائل کیلئے وہ اس کی شخصیت کو آئینہ بنائے۔  پیغمبر اسلام ﷺکی سیرت میں ہم دیکھتے ہیں کہ آپؐ کو بھوک بھی لگتی ہے، آپؐ بیمار بھی ہوتے ہیں، فتح پانے کے ساتھ ساتھ شکست سے دوچار بھی ہوتے ہیں ، بیویاں ہیں ، بال بچے ہیں ، بھول چوک بھی ہوتی ہے، غرض کہ انسان کو جو کچھ پیش آتا ہے، وہ سب آپؐ کو بھی پیش آیا ہے۔ اہل مکہ کو یہی اعتراض تھا کہ آپؐ تو ہماری ہی طرح چلتے پھرتے ہیں، کھاتے پیتے ہیں، آپ نبی کیسے ہوسکتے ہیں؟ (الفرقان : ۷)۔ قرآن مجید نے آپؐ کی زبان سے ان کو جواب دلوایا کہ میں نے تو کسی اور مخلوق ہونے کا دعویٰ نہیں کیا ہے، میں تو خود اعتراف کرتا ہوں کہ میں تمہاری ہی طرح ایک انسان ہوں، فرق یہ ہے کہ مجھ پر اللہ کی وحی نازل ہوتی ہے۔ یہ بات قرآن مجید میں ان الفاظ میں وارد ہوئی ہے: ’’فرما دیجئے:  بس میں ظاہراً آدمی ہونے میں تو تم ہی جیسا ہوں میری طرف یہ وحی بھیجی گئی ہے کہ تمہارا معبود فقط معبودِ یکتا ہے۔‘‘(حم السجدۃ: ۶)  اس لئے آپ ؐ کی ذاتِ بابرکات ہی انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہوسکتی ہے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ آپ کے نام لیوا ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK