• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انشائیہ: وقت

Updated: November 29, 2026, 4:14 PM IST | Deputy Nazir Ahmad | Mumbai

دنیا میں ہر چیز کی کچھ نہ کچھ تلافی ہے مگر نہیں ہے تو وقت کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دنیا میں ہر چیز کی کچھ نہ کچھ تلافی ہے مگر نہیں ہے تو وقت کی۔ جو گھڑی گزر گئی وہ پھر کسی طرح تمہارے قابو میں نہیں آسکتی اور وقت کے گزرنے پر جو غور کرو تو اس کی تشبیہ تو کسی چیز کے ساتھ ٹھیک نہیں دی جاسکتی۔ وقت ریل سے زیادہ تیز ہے ۔ ہوا سے بڑھ کر اڑنے والا، بجلی سے سوا دوڑنے والا ہے اور ایسا دبے پاؤں نکلا چلا جاتا ہے کہ خبر تک نہیں ہوتی۔ صبح ہوئی سو کر اٹھے۔ روزانہ معمول کی ضرورتوں سے فراغت حاصل کی۔ ناشتہ کھایا  پیا اور دن چڑھ آیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: زبان پر پابندیاں نہیں لگائی جاسکتیں

دو گھڑی ادھر اُدھر اٹھے بیٹھے، گپ شپ اڑائی تو دس بجنے کو آئے۔ مدرسے جانے کو دیر ہوتی ہے۔ جلدی جلدی کھایا پیا ۔ مدرسے گئے۔ وہاں دوستوں سے ہنسی مذاق کرتے رہے۔ مدرس صاحب کی تاکید سے دو ایک مرتبہ بری بھلی طرح سبق پڑھا۔ چلو شام ہوئی۔ دن رخصت ہوا۔ گھر آئے تو پھر کھانے کی سوجھی۔ غذا پیٹ میں گئی اور کسل پیدا ہوا۔ ذرا لیٹے تو پھر صبح موجود۔ کام تو کچھ بھی نہ ہوا لیکن آٹھ پہر یا ۲۴؍ گھنٹے گزر گئے اور ایک آٹھ پہر یا ایک ۲۴؍ گھنٹے کیا ایسے ایسے صدہا آٹھ پہر یا ہزاروں چوبیس گھنٹے اس طرح گزرتے جاتے ہیں:

صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے

عمر یونہی تمام ہوتی ہے

جب وقت کی بے ثباتی کا یہ حال ہے کہ جو وقت گزرا وہ ہمارے اختیار سے باہر ہوا تو نہایت ضرو ری ہے کہ جس وقت پر ہمارا اختیار ہو اس کو ضائع نہ ہونے دیں۔ یہی وقت ہے کہ سونے اور کھیلنے میں گزر جاتا ہے اور آدمی کو سست آوارہ، ذلیل ، رسوا، خوار، بے اعتبار ، محتاج، طرح طرح کے امراض میں مبتلا اور طرح طرح کی بداخلاقیوں میں گرفتار کردیتا ہے اور یہی وقت ہے کہ اگر اس کو اچھے شغل، اچھے کام، اچھی بات میں لگایا جائے تو انسان کو عالم، فاضل، لائق، ہنرمند ، نامور، مؤقر، نیک، ہردلعزیز، خوش مزاج، مستغنی بلکہ طرح طرح کے فضائل اور محامد سے متصف اور طرح طرح کی خوبیوں اور بھلائیوں کا پُتلا بنا سکتا ہے۔

اے لڑکو! یہ فراغت کا  وقت ہے جو تم کو اب میسر ہے۔ اسے بس غنیمت سمجھو۔ ابھی نہ تو تم کو کھانے کی فکر ہے نہ کپڑے کا سوچا۔ جو کچھ تم سے  سیکھتے اور حاصل کرتے بن پڑے لگ لپٹ کر جلد جلد سیکھ ساکھ لو کہ آئندہ تمہارے کام آئے۔ ورنہ پھر کہاں تم ، کہاں یہ فراغت ۔ اس وقت تم سر پر  ہاتھ رکھ کر روؤگے اور رونا کچھ سودمند نہ ہوگا۔ تب بہت پچھتاؤ گے  اور پچھتانا کچھ فائدہ نہ بخشے گا۔ بہت افسوس کرو گے اور کچھ فائدہ نہ ہوگا۔ یہ وقت جو تم کو اب حاصل ہے ، مثل ان وقتوں کے نہیں ہے جو جوانی اور پیری میں تم کو آئندہ پیش آئیں گے۔ لڑکپن جوتنے اور بونے کا وقت ہے ، جوانی اور پیری کاٹنے اور گاہنے کا۔ اگر اس وقت میں تم کچھ جوت  بو رکھو گے تو جوانی اور پیری میں گاہ اور کاٹ سکو گے ۔ لڑکو! لڑکپن کا زمانہ تمہارے بڑے سخت امتحان کا وقت ہے۔ چاہو تو اسے اس طرح صرف کر ڈالو کہ جوانی اور پیری دونوں میں آرام و آسائش سے رہو اور چاہو تو اسے ایسا اکارت کرو کہ جوانی بھی خراب ہو اور پیری بھی برباد ۔ ایک وہ وقت آرہا ہے کہ تم وقت کو ڈھونڈو گے اور فرصت کا پتہ نہ پاؤ گے ، فراغت کو تلاش کرو گے اور فراغت کا سراغ نہ ملے گا۔

یہ وہ وقت ہوگا جب دنیا کا کاروبار تمہاری پیٹھ پر لدا ہوگا اور خانہ داری کے بکھیڑوں میں اس طرح پھنسے ہوگے جیسے دلدل میں گدھا۔ ایک تو فکر معاش  میں تم کو سر کھجانے کی فرصت نہ ملے گی ۔ دوسری طرف انتظام تعلقات تم کو دم نہ لینے دے گا۔ اس وقت کسب ِ کمال کا کیا مذکور۔ اگر حواس بجا رکھ کر انہی کاموں سے عہدہ بر آہوجاؤ تو صد آفریں۔ پس یہ خیال ہرگز اپنے دل میں مت آنے دو کہ ابھی سیکھنے کو بہت وقت آرہا  ہے ۔ ایسی کیا بھاگڑ مچی ہے کہ رات دن لکھنے پڑھنے کے پیچھے مرمٹے۔

یہ بھی پڑھئے: سیڑھی (انشائیہ)

اگلا حال کسی کو معلوم نہیں۔ کون جانے کے تندرستی رہے یا نہ رہے۔ زمانہ فرصت  دے یا نہ دے ۔ یہ سب سامان جو اَب مہیا ہے ، میسر ہو یا نہ ہو۔ بے شک وقت کی قدر و قیمت اور اس کی بھاگ تو یہ چاہتی ہے کہ تم خواب و خور اپنے اوپر حرام کرکے رات دن کتاب سے سر نہ اٹھاؤ ۔ لیکن انسان کی طبیعت کو خدا نے تازگی پسند پیدا کیا ہے۔ کیسا ہی کوئی دلچسپ شغل ہو ایک عرصے کے بعد ضرور اس سے جی گھبرا اٹھتا ہے اور طبیعت اکتانے لگتی ہے۔ اگر طبیعت کو مجبور کرکے اس کام پر لگائے رکھو تو وہ کام بھی اچھی طرح نہیں ہوتا اور حواس بھی کند اور غبی ہوجاتے ہیں۔

اس وقت مناسب ہے کہ شغل مطالعہ ٔ کتاب ایسے اعتدال کے ساتھ جاری رکھو کہ تندرستی کو خلل نہ پہنچے ۔ ہمیشہ چند قسم کا شغل رکھو مثلاً نظم و نثر، تاریخ ، جغرافیہ، حساب، ایک ساتھ پڑھو۔ جب نثر سے طبیعت ملول ہوتو نظم دیکھنے بیٹھ جاؤ۔ جب رات کو سونے لگو تو التزام کے ساتھ جی میں حساب کرو کہ آج ہم نے کون سی نئی بات حاصل کی۔ اگر معلوم کہ آج کچھ نہیں سیکھا تو جانو کہ دن رائیگاں گیا اور اس نقصان کی تلافی اپنے ذمے لازم سمجھو۔ (مجموعہ ٔ  نثر اردو)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK