• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زبان پر پابندیاں نہیں لگائی جاسکتیں

Updated: November 29, 2026, 4:05 PM IST | Raza Ali Abidi | Mumbai

وقت کے ساتھ زبان کو برتنے والے اس میں ردوبدل کرتے رہتے ہیں اور اگر وہ کسی لفظ یا محاورے کی شکل بدلتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے اور زبان میں اس طرح کی تبدیلیوں کو اکثر سند مانا گیا ہے۔

Given the current circumstances, the least we can do to preserve the language and ensure correct pronunciation is to set aside time to read Urdu books. Image: INN
موجودہ حالات میں زبان کے تحفظ اور درست تلفظ کی ادائیگی کے لئے ہم اتنا تو کر ہی سکتے ہیں کہ اردو کتابوں کے مطالعہ کیلئے بھی وقت نکالیں۔ تصویر: آئی این این

سر جادوناتھ سرکار نے اورنگ زیب عالمگیر کی سوانح میں ایک دلچسپ روایت نقل کی ہے۔ لکھتے ہیں کہ اورنگ زیب نے حکم جاری کیا کہ جن سرکاروں یا صوبوں کے نام چھوٹی ’ہ‘ پر ختم ہوتے ہیں، آج کے بعد ان سب کے نام الف پر ختم کئے جائیں، یعنی آگرہ نہیں آگرا، بنگالہ نہیں بنگالا اور اڑیسہ نہیں اڑیسا۔

پھر کیا ہوا۔ تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں۔ لوگو ںنے ’ہ‘ کی جگہ کہیں بھی الف نہیں لگایا۔ پھر ادھر ہمارے دور میں ایک بار پھر فرمان تو جاری نہیں ہوا البتہ یہ تحریک چلی کہ ہندوستانی لفظوں کو لوگ عربی یا فارسی الفاظ کی طرح چھوٹی ہ پر ختم کرتے ہیں۔ بری بات ہے۔ انہیں الف پر ختم ہونا چاہئے۔ پیسہ نہیں پیسا، روپیہ نہیں روپیا، مہینہ نہیں مہینا۔

نتیجہ کیا نکلا ، سب جانتے ہیں۔ بابائے اردو مولوی عبدالحق نے اپنی کتابوں میں اصرار کیا کہ جانِ عالم نے طوطا نہیں، توتا خریدا تھا۔ لوگوں نے صاف کہہ دیا کہ جو لطف طوطے میں ہے، وہ توتے میں کہاں کہ طوطے میں تو چونچ کی مشابہت غضب کی ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: سیڑھی (انشائیہ)

طالبعلم کی جمع طلبائے علم ہونی چاہئے۔ سرسید کے رفقاء نے ’طالبعلموں‘ لکھا اور ’طالب علموں‘ ہی کہا۔ آج تک یہی لکھا جارہا ہے ، یہی کہا جارہا ہے۔

اس بحث سے نتیجہ تو یہ نکلتا ہے کہ زبان پر پابندیاں نہیں لگائی جاسکتیں اور یہ کہ وقت کے ساتھ زبان کو برتنے والے اس میں ردوبدل کرتے رہتے ہیں اور اگر وہ کسی لفظ یا محاورے کی شکل بدلتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے اور زبان میں اس طرح کی تبدیلیوں کو اکثر سند مانا گیا ہے۔  ہمارے ایک بزرگ کہا کرتے تھے کہ مشہور کہاوت ’نہ نو من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی‘ یوں نہیں تھی بلکہ اصل میں یوں تھی ’نہ من ہوگا نہ رادھا ناچے گی‘۔ بات سمجھ میں آتی ہے۔ اسی طرح وہ کہتے تھے کہ اصل کہاوت تھی ’ یہ منہ اور منصور کی دار‘ جسے لوگوں نے مسور کی دال بنا دیا۔ یہ بات بھی قرین قیاس ہے۔

جوش صاحب کے بارے میں روایت ہے کہ میرانیس کے قلم سے نکلی ہوئی ہر عبارت کو سند مانتے تھے۔ ایک بار کسی محفل میں اصرار کررہے تھے کہ ناؤ کے لئے زبر کے ساتھ کَشتی صحیح ہے، زیر کے ساتھ کِشتی غلط ہے۔ اس پر ماجدعلی مرحوم نے کہا کہ میرانیس نے اپنے کسی شعر میں زیر کے ساتھ کِشتی باندھا ہے۔ جوش صاحب نے ماننے سے انکار کردیا اور للکارا کہ انیس کے کلام میں یہ لفظ نکال کر دکھاؤ۔ جو لوگ ماجد علی مرحوم کو جانتے ہیں وہ اس روایت کو بھی مان لیں گے کہ انہوں نے انیس کا وہ شعر ڈھونڈ نکالا جس میں انہوں نے بہشتی کے وزن پر لفظ کِشتی باندھا تھا۔

روایت ہے کہ جوش صاحب کو یہ شعر دکھایا گیا تو خفا ہوکر بولے کہ میرصاحب نے بھی جھک ماری۔ غنیمت ہے کہ کِشتی کا تلفظ عام نہ ہوا اور ہماری کَشتی ثابت و سالم رہی۔

تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اردو میں اگر بگاڑ ہوتا نظر آئے تو ہم صبر کے علاوہ اور کیا کرسکتے ہیں۔ تحریر میں ، تقریر میں ، کتابوں اور اخباروں میں، ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر اگر کہیں زبان کی خرابی لگتی نظر آئے تو کیا اس کا کوئی اُپائے ہوسکتا ہے؟

کہیں کسی کی ولادت کو سو سال پورے ہوئے تو کہا گیا ان کی ’ہنڈریڈویں‘ سالگرہ منائی گئی۔ اس کے راوی بے حد مستند بزرگ شان الحق حقی ہیں۔ پاکستان میں ٹی وی والوں نے اچھا بھلا لفظ ’ناظرین‘ ترک کرکے ’ویورز‘ کہنا شروع کردیا اور وہ بھی اُس لہجے میں جس میں جولاہے کو ویورز کہا جاتا ہے۔ جب ہم نے جابجا شکایت کی تو انہوں نے ویورز کی جگہ فرینڈز کہنا شروع کردیا اور وہ بھی اس شان سے کہ ’السلام علیکم ناظرین‘ نہیں بلکہ ’ہائے فرینڈز۔‘ حیرت ہوتی ہے کہ اس طرح کی اردو بولنے والوں کو ہماری ہائے نہیں لگی۔

لیکن اردو کی اصلاح کوسنے کاٹنے سے کبھی ہوئی ہے جو اَب ہوگی۔ تو اپنا سوال دہراتا ہوں کہ خاموش بیٹھ کر تماشا دیکھا جائے یا اصلاح کی کوئی تدبیر نکالی جائے۔

کہیں کوئی ایسی تحریک تو چل ہی سکتی ہے کہ ابلاغ  عامہ کے ذریعے ان پر نگاہ رکھی جائے اور جہاں کہیں زبان کے حق میں فروگزاشت ہو وہاں اسی ابلاغ عامہ کے ذریعے اس کی نشاندہی کی جائے۔ اس سے میری یہ مراد ہرگز نہیں کہ خدانخواستہ تضحیک کی جائے بلکہ بات صرف اتنی سی ہے کہ کوئی تو منہ کھولے تاکہ زبان کی اصلاح ہو، کہیں سے کوئی آواز اٹھے جو تلفظ کو درست کرے۔ کچھ نہ کچھ روک تھام کی صورت ہو تاکہ ادارے نہیں تو افراد ہی اپنی اصلاح کرلیں۔ وقتاً فوقتاً  غلطیوں کی فہرستیں شائع کی جائیں۔ اور کچھ نہیں تو ہمارے دوست ادریس صدیقی کی حکمت اختیار کی جائے۔ 

ادریس صدیقی اب تو خداجانے کہاں ہیں۔ جب وہ ریڈیو سے وابستہ تھے تو انہوں نے بڑے کمال کی ایک چھوٹی سی کتاب لکھی جس کا عنوان تھا: یہ مسائل تلفظ۔ اس میں انہوں نے نہ صرف تلفظ کے اصولوں پر بحث کی تھی بلکہ اُن لفظوں کی فہرست بھی ترتیب دے دی تھی جن کا تلفظ اکثر غلط کیا جاتا ہے۔ ستّر اسّی صفحوں کی کتاب تھی جو غالباً دوستوں میں تقسیم ہوکر رہ گئی۔  اس طرح کی ارزاں کتابیں ترتیب دی جائیں۔ اپنے املا اور تلفظ کو درست کرنے کے خواہشمند ذوق و شوق سے مطالعہ کریں گے ۔ اس بیان میں میرا اتنا دعویٰ نہیں، جتنی میری تمنا کارفرما ہے۔

یہ بھی پڑھئے: احسان کا سود

رواج پاتے پاتے کسی لفظ کا بدل جانا اساتذہ کے نزدیک بھی قابل ملامت نہیں۔ غلط العام کے نام پر بہت سے الفاظ کی نت نئی شکلیں قبول کرلی جاتی ہیں اور اس میں کوئی ایسی برائی بھی نہیں۔ مثال کے طور پر جس کو ہم بوتل کہتے ہیں، اہل عرب اسے شیشہ کہتے ہیں۔ اہل دکن بھی، جن کے  ہاں حضرموت کے عربوں نے پڑاؤ ڈالا تھا ، بوتل کو شیشہ ہی کہتے ہیں۔ ہم بھی ضرور کہتے ہوں گے کیونکہ اسی مناسبت سے ہم نے چھوٹی بوتل کے لئے اپنا لفظ شیشی بنالیا۔ اس کے بعد ہم نے شیشہ ترک کردیا اور زبان کو بوتل میں اتار لیا۔ لفظ کا یوں بدل جانا ہر طرح سےقابل قبول ہے۔ لفظ موسِم کے نیچے زیر لگا کرتا تھا ، ہم نے زبر لگا کر موسَم بنا دیا۔ بولی ٹھولی میں اس طرح زیروبم یقیناً قابل قبول ہے۔ لفظ وَرثہ کے اوپر زبر ہوا کرتا تھا ، ہم نے زیر لگا لیا ۔ اور تو اور ، ہندی لفظ ’لوک‘ کو عربی لفظ ’ورثہ‘ سے ملا کر لوک ورثہ بنالیا۔ اچھا کیا۔

جائز صورتوں کو قبول کرلینے میں بھی عافیت ہے لیکن اس طرح کی اخباری سرخی جی کو دکھاتی  ہے کہ فلاں کمپنی کے سربراہ پلین کریش میں ہلاک ، یا فلاں اور فلاں کے درمیان ون ٹو ون مذاکرات، یا فلاں صاحب نے فلاں سوال پر یوٹرن لے لیا۔

  زبان بڑی غریب شے ہے۔ اس بات کی دلیل میں کہا جاسکتا ہے کہ بے چاری کا کوئی بڑا مطالبہ نہیں، بس ایک ذرا سی چیز مانگتی ہے۔ اپنا احترام اور اپنی تقدیس۔ جو کرے اس کا بھی بھلا… نہیں۔ بس اُسی کا بھلا۔

(بحوالہ: اردو کا حال)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK