نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کےلئے کنگارو ٹیم میںجیک کلیٹن اور کوری روچیسولی کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 3:21 PM IST | Melbourne
نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کےلئے کنگارو ٹیم میںجیک کلیٹن اور کوری روچیسولی کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
گزشتہ ۱۳؍ برسوں سے آسٹریلیا کے اولین پسندیدہ اسپن گیندباز رہنے والے ناتھن لیون کا غلبہ سنیچر کے روز اس وقت ختم ہو گیا جب اس ۳۹؍ سالہ کھلاڑی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریزکیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ سلیکٹرز نے ۱۳؍ رکنی ٹیم کا اعلان کیا، جن میں اسپنر کوری روچیسولی اور کوئینز لینڈ کے بلے باز جیک کلیٹن اورکوری کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔کوپر کونولی اور مارنس لبوشین کو بھی اس آسٹریلوی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے، جو ایک ماہ قبل کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ سے سیریز کا فیصلہ کن میچ ہار گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: افریقی فٹبال ایوارڈز ۲۰۲۶ء کے حتمی نامزد کھلاڑیوں کا اعلان
ناتھن لیون کو اس سے قبل ۲۰۱۳ء میں ایشیز سیریز کے دوران مختصر وقت کیلئے ٹیم سے باہر کیا گیا تھا۔ ان کی جگہ ایشٹن ایگر کو منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم اس کے بعد انہوں نے جلد ہی ٹیم میں واپسی کی اور پھر آسٹریلیا کی ٹیم کے اہم رکن بنے رہے۔ لیون ۲۰۱۱ء میں سری لنکا کے اپنے پہلے ٹیسٹ دورے کے بعد سے آسٹریلیا کی ہر ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔لیون نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال ہندوستان اور انگلینڈ کے دوروں میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں آسٹریلیا کی۳؍ میچوں کی سیریز میں دوایک سے شکست کے دوران انہوں نے ۴۳ء۶۷؍کے اوسط سے ۶؍ وکٹیں لی تھیں۔ انہیں گقیبرہا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا تھا۔اب تک ۱۴۵؍ ٹیسٹ میچ کھیل چکے لیون نے شیفیلڈ شیلڈ میں واپسی کی ہے اور نیو ساؤتھ ویلز کے لئے ۲؍ گھریلو میچوں میں ۷؍ وکٹیں لی ہیں۔ انہوں نے ۵۷۷؍ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی اور وہ آسٹریلوی گیند بازوں میں شین ورن (۷۰۸ ؍وکٹیں) کے بعد دوسرے اور مجموعی طور پر چھٹے نمبر پر ہیں۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا’’حالیہ میچوں میں گیند بازی میں ناتھن کی کارکردگی اتنی متاثر کن نہیں رہی جتنی ہم چاہتے تھے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کا ریکارڈ غیر معمولی ہے اور ان کا تجربہ، علم اور مہارت مستقبل میں ہمارے منصوبے کیلئے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ہماری طرف سے اہم پیغام یہ تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ کچھ وقت لیں اور جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ ہندوستان کے دورے پر وہ ٹیم کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینس کے کپتان مقرر
مغربی آسٹریلیا کی طرف سے کھیلنے والے ۲۹؍سالہ روچیسولی نے اس سیزن میں ۳۳ء۸۸؍کےاوسط سے ۱۸؍ وکٹیں لی ہیں اور گزشتہ ہفتے تسمانیہ اسٹیٹ کے خلاف سنچری بنا کر انہوں نے اپنی آل راؤنڈ صلاحیت کا بھی ثبوت دیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ۹؍ دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا، جس کے بعد ایڈیلیڈ، میلبورن اور سڈنی میں ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ دورے کیلئے آسٹریلیائی ٹیم
پیٹ کمنز (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، جیک کلیٹن، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مائیکل نیسر، میتھیو رینشا، کوری روچیسولی، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک۔