• Sun, 09 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تحفظ ِاُردو کیلئے انفرادی سطح پر کیا کِیا جانا چاہئے؟

Updated: November 09, 2025, 3:47 PM IST | Mumbai

دفتر انقلاب میں ہمارا برسوں کا تجربہ ہے کہ اُردو کے تحفظ کے سلسلے میں جو مضامین روزنامہ انقلاب میں شائع ہوتے ہیں اُن کے مطالعہ کے بعد سیکڑوں نہیں تو درجنوں قارئین ضرور ایسے ہوتے ہیں جو فون کر کے یا کبھی عملے کے افراد سے ملاقات ہوجائے تب دریافت کرتے ہیں کہ وہ ذاتی طور پر اُردو کے فروغ کیلئے کیا کرسکتے ہیں۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

دفتر انقلاب میں ہمارا برسوں کا تجربہ ہے کہ اُردو کے تحفظ کے سلسلے میں جو مضامین روزنامہ انقلاب میں شائع ہوتے ہیں اُن کے مطالعہ کے بعد سیکڑوں نہیں تو درجنوں قارئین ضرور ایسے ہوتے ہیں جو فون کر کے یا کبھی عملے کے افراد سے ملاقات ہوجائے تب دریافت کرتے ہیں کہ وہ ذاتی طور پر اُردو کے فروغ کیلئے کیا کرسکتے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ’’ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جہاں میں ‘‘۔ یہ تجاویز ایسے ہی دردمندانِ اُردو کیلئے ہے: 
(۱) فروغ اُردو کی کوشش اپنی ذات سے شروع کیجئے۔ لغت کے ذریعہ روزانہ دو الفاظ اُن کے معنی کے ساتھ سیکھئے۔ اس کے بعد موقع محل کی مناسبت سے اُن الفاظ کا استعمال اپنے اہل خانہ کے سامنے کیجئے۔ وہ چونکیں تو یہ چونکنا فال نیک ہوگا۔ اب اُنہیں ان کا معنی بتائیے۔ 
(۲) اگر افرادِ خانہ میں کوئی ایسا ہے جو اُردو لکھنا پڑھنا نہ جانتا ہو تو اُس کے سامنے اُردو کی خوبیوں کا تذکرہ کیجئے۔ براہ راست یہ حکم صادر کرنا کہ اُردو پڑھو ٹھیک نہیں، اس کیلئے پہلے ماحول سازی کیجئے اس کے بعد اُردو زبان سیکھنے کی طرف راغب کیجئے۔ 
(۳) گھر کے باہر خواہ آپ کسی رشتے دار یا دوست کے گھر پر تشریف فرما ہوں یا کسی تقریب میں ہوں، جان بوجھ کر اُردو کے الفاظ کا استعمال کیجئے تاکہ وہ الفاظ آس پاس کے لوگوں تک پہنچیں، متعلقہ الفاظ سے اُن کی شناسائی ہو اور یہ شناسائی اُردو کی رغبت پیدا کرے۔ 
(۴) گھر میں اُردو اخبار اور کتاب ضرور منگوائیے۔ اخبار یا کتاب اہلِ خانہ کے سامنے ایسے وقت میں پڑھئے جب وہ فارغ ہوں، کسی کام میں مصروف نہ ہوں۔ اِس وقت آپ کا اخبار یا کتاب پڑھنا اپنے لئے نہیں اہل خانہ کیلئے ہوگا۔ اس دوران موقع مل جائے تو اُنہیں کوئی خبر پڑھ کر سنائیے یا جو کتاب آپ کے ہاتھوں میں ہو اُس کا خلاصہ اُن کے سامنے پیش کیجئے یا چند اچھے جملے اُن کے سامنے یا تو بآواز ِ بلند دُہرائیے یا اُنہیں مخاطب کرکے سنائیے۔ اگر آپ خبر سنانا چاہتے ہیں تو ایسی خبر کا انتخاب کیجئے جو اُن کی دلچسپی کی ہو۔ اسی طرح کتاب کا کوئی ایسا جملہ منتخب کیجئے جو مستقبل میں اُن کے اسکول، کالج، دفتر یا کاروبار کی جگہ پر یا کسی کو سنانے کے کام آسکتا ہو۔ 
(۵) اُردو کے تعلق سے احساس کمتری ہو تو جتنی جلد ہوسکے، اسے دل سے نکال دیجئے۔ ہماری زبان بہت بڑی، ثروت مند اور مقبول ہے۔ جو لوگ بالکل غیر متعلق ہیں وہ بھی اس کی شیرینی اور شگفتگی کا اعتراف کرتے ہیں۔ اس میں اتنی طاقت ہے کہ مخالفین سے بھی داد تحسین وصول کرلیتی ہے۔ گلی کوچوں سے لے کر ایوانِ پارلیمان تک ا س کا جلوہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے، اسلئے اپنی زبان پر کمتری کے بجائے فخر کا احساس پیدا کیجئے اور اس کا اظہار بھی کیجئے۔ 
(۶) خاندان میں کسی کی سالگرہ ہو تو اہل خانہ جو تحفہ خریدنا چاہیں، اُنہیں خریدنے دیجئے مگر آپ کسی اُردو کتاب کا تحفہ دیجئے۔ جس کی سالگرہ ہے وہ اُردو جانتا ہو یا نہ جانتا ہو اُسے اُردو کتاب ہی کا تحفہ پیش کیجئے۔ تحفہ بہت کارآمد نہ ہو تب بھی دلچسپی کا سبب بنتا ہے۔ یہ، اُردو کی رغبت دِلانے کی عمدہ ترکیب ہوسکتی ہے۔ کتاب کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیجئے، ایسی کتاب دیجئے جو’’صاحب سالگرہ‘‘ کی دلچسپی کا باعث بن سکتی ہو۔ کوئی بھی کتاب دینے سے مقصد فوت ہوسکتا ہے۔ 
(۷) متعلقین کو سوشل میڈیا کے ایسے مسیج اور ویڈیو فارورڈ کریں جن میں اُردو کی چاشنی گھلی ہوئی ہو یا کچھ ایسی باتیں ہوں جن سے اُردو کے تئیں رغبت پیدا ہوسکتی ہے۔ 
(۸) اگر آپ اُردو کی کسی تقریب میں شرکت کرنے جارہے ہوں تو اُن لوگوں کو بھی مدعو کیجئے جو اُردو سے دور ہیں۔ اُن کا ساتھ جانا اُردو کے حق میں خیر کا باعث بن سکتا ہے۔ 
آئندہ اتوار کو ملاحظہ فرمائیں : تحفظ ِاُردو کیلئے اجتماعی سطح پر کیا کِیا جانا چاہئے؟

urdu books Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK