Inquilab Logo

؍۲؍روزہ انقلاب تعلیم ایکسپوکامیابی سے ہمکنار،ممبئی کیساتھ دوردرازکے طلبہ کی شرکت

Updated: June 14, 2022, 4:27 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

شرکاء نے ہر ۶؍ ماہ میں ایسے ایکسپو منعقد کرنے کی درخواست کی۔ ایسے طلبہ بھی پیشگی معلومات حاصل کرنے پہنچے جو بورڈ کا امتحان آئندہ برس دیں گے ،قوم میں تعلیم کے تئیں رغبت پرتعلیمی اداروں کا اظہار مسرت

Students and their parents as well as prominent and respected personalities of the city participated in the Revolution Education Expo..Picture: Inquilab, Sameer Abidi
انقلاب کے تعلیم ایکسپو میں طلبہ اور ان کے والدین کے ساتھ ساتھ شہر کی معروف ومعتبر شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ تصویر: سمیرعابدی ، انقلاب

 اتوار کو انقلاب تعلیم ایکسپو میں بڑی تعداد میں طلبہ اور والدین نے شرکت کی اور انقلاب کی تعلیم کے میدان میں قوم کی رہنمائی کے ذریعہ خدمت کی کوشش کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس ایکسپو سے چند شرکاء اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ہر ۶؍ ماہ میں یا کم از کم ہر سال اس طرح کے کریئر گائیڈنس کے انعقاد کی درخواست بھی کی۔ چونکہ اتوار اس ۲؍ روزہ ایکسپو کا آخری دن ہونے کے ساتھ چھٹی کا بھی دن تھا اس لئے ناگپور، بھیونڈی اور ممبرا جیسے دور دراز علاقوں سے بھی شرکاء صبح ایکسپو شروع ہونے سے قبل ہی انجمن سی ایس ٹی پہنچ گئے تھے جہاں ایکسپو کا انعقاد کیا گیا تھا۔  اتوار کے روز ایسے طلبہ اور ان کےوالدین نے بھی انقلاب ایکسپو میں شرکت کی جن کے بچے اب ایس ایس سی یا بارہویں جماعت میں پہنچے ہیں اور ایک سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد بورڈ کا امتحان دیں گے۔ البتہ ان والدین کا کہنا ہے کہ پیشگی معلومات حاصل کرنے سے بچوں اور والدین دونوں کو یہ سوچنے اور سمجھنے کا وقت ملتا ہے کہ بچہ مستقبل میں کیا تعلیم حاصل کرے اور کس تعلیمی ادارے میں داخلہ لے۔ پیشگی معلومات سے تعلیمی اخراجات کا بھی ایک اندازہ ہوجاتا ہے جس سے والدین یا سرپرست کو اس تعلق سے بھی غوروخوض کرنے کے لئے مہلت مل جاتی ہے۔ پیشے سے انجینئر امتیاز احمد کرلا سے اپنی دختر کے ساتھ انقلاب ایکسپو میں پہنچے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی ان کی بیٹی نے گیارہویں کا امتحان پاس کیا ہے اور بارہویں سائنس سے آئندہ سال بورڈ کا امتحان دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود انجینئر ہیں اور کافی کچھ معلومات رکھتے ہیں اس کے باوجود وہ یہ پتہ کرنے آئے تھے کہ سائنس سے بارہویں پاس کرنے کے بعد آگے تعلیم کے لئے ان کی معلومات کے علاوہ کیا راستے دستیاب ہیں۔ امتیاز احمد کے مطابق ان کا ایکسپو میں شرکت کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور انہیں متعدد ایسی معلومات حاصل ہوئیں جن کے متعلق وہ نہیں جانتے تھے اور اب چونکہ ان کے پاس ایک سال کا وقت ہے وہ مزید معلومات حاصل کرکے ان کی بیٹی سے تبادلۂ خیال کرسکتے ہیں کہ اسے کیا کورس کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی معاملے میں آپ کے پاس معلومات ہو تو فیصلہ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔  ممبرا سے آنے والے حبیب اللہ نظام الدین خان (۵۳) نے بتایا کہ وہ ۱۱؍بجکر ۱۵؍ منٹ پر ایکسپو پر پہنچ گئے تھے تاکہ اپنی بیٹی کیلئے معلومات حاصل کرسکیں کہ ’نیٹ‘ کا امتحان دینے کے لئے کیا تیاریاں کرنی پڑتی ہیں۔پیشے سے اسپرے پینٹنگ کرنے والے حبیب اللہ خان نے انقلاب کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ایکسپو میں آنے سے انہیں اچھی رہنمائی ملی اور وہ مطمئن ہوکر واپس گھر لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے والد کے انقلاب پڑھنے کی عادت کی وجہ سے انہیں بھی انقلاب کے مطالعہ کی عادت پڑی اور گزشتہ کئی برسوں کے دوران انقلاب نے تعلیم کی طرف توجہ دیتے ہوئے جو معلومات فراہم کرنا شروع کی ہے وہ قابل تعریف ہے اور انہی باتوں سے متاثر ہوکر جب انہوں نے انقلاب میں ایکسپو کے متعلق پڑھا تو اس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ ۱۹؍ سالہ اویس اشفاق شیخ اپنی والدہ کے ہمراہ بھیونڈی سے ایکسپو میں پہنچے تھے اور انہیں نہ صرف یہ معلومات حاصل کرنی تھی کہ ان کے چھوٹے بھائی کی بی ایس سی۔آئی ٹی کی پڑھائی مکمل کرنے کے لئے مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن یا دیگر اداروں سے لون یا اسکالر شپ کس طرح مل سکتی ہے بلکہ انہیں یہ بھی معلوم کرنا تھا کہ مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن سے ان کے والد کے لئے لون کس طرح حاصل کرسکتے ہیں۔ گزشتہ ۲۰؍ برسوں سے کرایے کے مکان میں رہائش پذیر اویس کی والدہ نے بتایا کہ ان کے شوہر میڈیکل اسٹور میں ملازمت کرتے ہیں لیکن خود کا کاروبار شروع کرنے کے لئے انہیں قرض کی ضرورت ہے اس لئے وہ اس سلسلے میں مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے نمائندوں سے بھی معلومات حاصل کرنے آئی تھیں۔ فارمیسی کے پیشے سے منسلک شکیل چودھری اپنے بیٹے، بھانجے اور ایک دیگر رشتہ دار کے ساتھ ایکسپو میں آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ آنے والے تینوں نوجوان ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں۔ چونکہ وہ خود فارمیسی سے جڑے ہیں اس لئے انہیں کافی کچھ معلومات تو ہے لیکن مارکس کی بنیاد پر ان تینوں کے میڈیکل میں داخلے میں پریشانی ہورہی تھی جس کی وجہ سے وہ رہنمائی حاصل کرنے یہاں پہنچے تھے اور یہاں انہیں ایسی باتیں معلوم ہوئی ہیں جن سے وہ پہلے واقف نہیں تھے اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تینوں کو دوبارہ امتحان دلایا جائے گا تاکہ بہتر مارکس کے ساتھ میڈیکل کی فیلڈ میں ان کے لئے نئی راہیں کھل سکیں۔انجمن اسلام سی ایس ٹی سے ہی دسویں کا امتحان دینے والے شیخ عُوان غازی میکانیکل انجینئرنگ اور روبوٹکس میں مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔ عوان کے والد امراوتی میں کھیتی باڑی کرتے ہیں اور وہ اپنی پھوپھی کے ساتھ ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔ ان کی پھوپھی نے بتایا کہ ایکسپو میں آنے سے انہیں یہ معلوم ہوا کہ کون کون سے تعلیمی اداروں میں یہ کورس دستیاب ہیں اور کن کالج میں کیا فیس لی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں تعلیمی لون اور اسکالرشپ کے متعلق بھی معلومات حاصل ہوئی۔ بھیونڈی کے عرفان اللہ خان اپنے ۲؍ بیٹوں کے ساتھ ایکسپو میں پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے بڑے فرزند کے لئے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے اور چھوٹے بیٹے کے لئے یو پی ایس سی امتحان کے متعلق رہنمائی حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK