Inquilab Logo

سوشل میڈیا کے میدان سے منسلک ۳؍ اہم کریئر متبادل

Updated: December 28, 2022, 10:58 AM IST | Mumbai

گرافک ڈیزائننگ/کنٹینٹ رائٹنگ/ ایڈورٹائزنگ/مارکٹنگ جیسے کاموں کا علم اور دلچسپی رکھنے والے نوجوان اس جانب پیشقدمی کرسکتے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

نئے شعبوں میں کریئر کے اچھے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ ’سوشل میڈیا‘بھی ایسا شعبہ ہے جو تیزی سے وسیع ہورہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس  کے بڑھتے استعمال  کے سبب اس شعبہ میں بھی روزگار کے نئے مواقع موجود ہیں۔ اس مضمون میں ہم اسی حوالے سے کچھ اہم باتوں کا احاطہ کریں گے۔ ۲۰۱۰ء سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کا استعمال تیزی سے بڑھا ہے۔
  فیس بک ، ٹویٹر، انسٹاگرام، لِنکڈاِن، وہاٹس ایپ ، ٹیلی گرام ، یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمس پرلوگ اپنے جذبات و احساسات  الفاظ، تصاویر، ویڈیو اور آڈیو کے ذریعے شیئر کرتے ہیں۔ اب تو نت نئے پلیٹ فارمس کا بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ لہٰذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس میدان کیلئے درکار صلاحیتوں و مہارتوں کے حامل افراد کے لئے  روزگار کے مواقع بھی بھرپور ہیں۔ 
بنیادی شرط
 اگر آپ گھنٹوں بیٹھ کر کمپیوٹر پر کام کرسکتے ہیں۔ کمپیوٹر پر اختراعی کام جیسے گرافک ڈیزائننگ، بلاگ رائٹنگ(کسی بھی زبان میں ) وغیرہ دلچسپی و دلجمعی سے کرنا پسند کرتے ہیں۔ پروگرامنگ اور کوڈنگ کی زبان بھی جانتے ہیں یاپھر کچھ ہٹ کر کریئر بنانا چاہتے ہیں تو اس میدان میں کریئر کے کئی متبادل آپ کے لئے موجود ہیں۔ آنیوالے دنوں میں سوشل میڈیا کا استعمال مزید بڑھے گا۔ حالانکہ تبدیلی توفطری اصول ہے۔  سماج میں سوشل میڈیا کے بدلتے پیٹرن کو مدنظر رکھتے ہوئے کارپوریٹ ورلڈ بھی اس پر متحرک رہنا چاہتا ہے۔ ڈیجیٹل پرموشن اوران  پلیٹ فارمس پر اپنی  موجودگی کے لئے  سیاسی پارٹیاں، کارپوریٹ اورتنظیمیں  بھی سرگرم رہتی ہیں اور اس مد میں خرچ کرنے کیلئے تردد نہیں  کرتے۔
بنیادی حقائق
 اس سیکٹر میں کریئر بنانے کے لئے آپ کو کسی خاص ڈگری کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ نے چاہے کسی بھی بیک گراؤنڈ سے تعلیم حاصل کی ہو، مثلاً کامرس، سائنس، انجینئرنگ وغیرہ، آپ اس سیکٹر میں کریئر بناسکتے ہیں۔ لیکن آپ میں کچھ خاص صلاحیتیں اور مہارتیں ہونا ضروری ہیں۔ مثلا: ان میں سے کوئی ایک صلاحیت ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر سرگرم رہنا پسند ہے توایسے نوجوان ضرور اس سمت میں پیشقدمی کریں۔
 کریٹیویٹی(اختراعی صلاحیت)
 گرافکس ڈیزائننگ 
کم الفاظ میں بات کہنے کاہنر
 سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی معلومات
 مارکیٹنگ اور برانڈ کمیونی کیشن کا علم
 ویڈیو ایڈیٹنگ اسکل
 آپ کو سوشل میڈیا منیجر کے طور پر مارکٹنگ کمپنی ، ایڈورٹائزنگ کمپنی، ڈیجیٹل مارکٹنگ کمپنی ، میڈیا ہاؤس ، اسٹارٹ اپ، ایجوکیشن شعبہ ، آئی ٹی کمپنی میں آسانی سے ملازمت مل سکتی ہے۔ آپ فری لانسر بن کر بھی کام کرسکتے ہیں۔  
 خیال رہے کہ ایک سوشل میڈیا صارف ہونے میں اور پروفیشنل ہونے میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔یہ ضروری نہیں کہ آپ سوشل میڈیا پر وقت گزارنا پسند کرتے ہوں تو اس پر کام کرنا بھی آسان ہے۔ اس کے لئے دلچسپی، صلاحیت، قابلیت اور محنت بھی ضروری ہے۔
تین اہم کریئر متبادل
 سوشل میڈیا منیجر
 ایک سوشل میڈیا منیجر کمپنی ، برانڈ یا کسی اہم ادارے کے سبھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرسوشل اکاؤنٹ اور چینل کو صحیح طریقے سے سنبھالتا ہے ۔ وہ ہمیشہ سوشل میڈیا پر اپنی کمپنی کو آگے لے جانے کے لئے نئے نئے طریقے اپناتے رہتے ہیں، تاکہ کمپنی کی اچھی شبیہ کو برقرار رکھا جاسکے اور اسے مزید بہتر بنایا جاسکے۔ پبلک ریلیشن(پی آر)، ایڈورٹائزمنٹ (اشتہار)، مارکٹنگ اور سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ کے ذریعے کمپنی کی جو معلومات باہر جاتی ہیں ان میں یکسانیت ہو اور وہ بہتر انداز میں عوام تک جائے۔  سوشل میڈیا پر دوطرفہ کمیونی کیشن ہوتا ہے۔ کمپنیاں اپنی برانڈنگ کرتی ہیں تو صارف مصنوعات کے متعلق اپنی رائےدیتے ہیں اور تبصرہ کرتے ہیں۔ ایسے میں  برانڈس اور کمپنیوں کے درمیان رابطہ بنانا اور برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ یہی کام سوشل میڈیا منیجر کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے۔ 
 سوشل میڈ یا انالسٹ/اسٹریٹجسٹ
 سوشل میڈیا مارکٹنگ مہم سے حاصل کردہ ڈیٹا کے تجزیہ اور اس پر کمپنی کی پالیسی مرتب کرنا ان کا کام ہے۔ یہ کمپنیوں کو ان کی ضرورت کے مطابق سوشل میڈیا چینلس کا انتخاب کرنے میں مدد کرتے ہیں اور برانڈ کو متعلقہ گاہکوں تک لے جانے کا ہدف بناکر دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا اسٹریٹجسٹ اس طرح کے پروفیشنل میڈیا کے اس پروگرام کا استعمال کرتے ہیں جس کے ذریعہ سے مارکٹنگ کیمپین کو زیادہ اثر دار بنایا جاسکے۔ اس کا کام ویب سائٹ ٹریفک کو بھی مانیٹر کرنا ہوتا ہے تاکہ وہ سوشل میڈیا کیمپین کی کامیابی کو دیکھ سکیں۔ 
کنٹینٹ منیجر /کریئٹر
 یہاں کنٹینٹ کا معنی صرف تحریری کنٹینٹ سے نہ ہوکر ان سبھی چیزوں جیسے گرافکس، ویڈیو ، آڈیو وغیرہ سے ہے جسے سوشل میڈیا پر شائع کیا جاتا ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک بڑا میدان ہے۔ جہاں سوشل میڈیامنیجر سوشل میڈیا سافٹ ویئر /پلیٹ فارم کے تکنیکی پہلوؤں پر زیادہ دھیان دیتا ہے ۔ وہیں کنٹیٹ کریئٹر کا کام کنٹینٹ کی زبان، معیار اور دیگر تکنیکی باتوں پر ہوتا ہے۔ ان کے مختلف امور میں کاپی رائٹنگ، اسکرپٹ رائٹنگ، ایڈیٹنگ، ایڈیٹنگ وغیرہ شامل ہوتا ہے۔
کورسیز کون سےکرنے چاہئے
 اس سیکٹر میں تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے لئے پوسٹ گریجویٹ پروگرام ، ماسٹرز ان بزنس اینالٹکس، سرٹیفکیٹ پروگرام ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما پروگرام ، ڈیجیٹل مارکٹنگ ڈپلوما، ڈپلوما اِن ٹیکنیکل رائٹنگ  وغیرہ کئی کورسیز موجود ہیں۔
 کئی ادارے اس طرح کے کورسیزکی تعلیم دے رہے ہیں، کیونکہ یہ ابھی ایک نئی فیلڈ ہے اس لئے اس کورسیز کے لئے کسی بھی ادارے کو جوائن کرنے سے پہلے اپنے لیول پر اس کے معیار کی جانچ ضرور کرلیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK