Inquilab Logo

انوکھی گھڑی جو بلڈ شوگر کی جانچ بغیرسوئی چبھوئے کرتی ہے

Updated: January 18, 2021, 12:22 PM IST | Agency

ایک جاپانی کمپنی نے ایک ایسی انوکھی اسمارٹ واچ بنائی ہے جو کسی بھی شخص کے خون میں موجود شکر کی پیمائش بغیر سوئی چبھوئےکرسکتی ہے۔

Watch - Pic : INN
واچ ۔ تصویر : آئی این این

ایک جاپانی کمپنی نے ایک ایسی انوکھی اسمارٹ واچ بنائی ہے جو کسی بھی شخص کے خون میں موجود شکر کی پیمائش  بغیر سوئی چبھوئےکرسکتی ہے۔ یہ جدید انوکھی گھڑی ذیابیطس کے ان مریضوں کیلئے بہت ہی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جنہیں مسلسل اپنے بلڈ شوگر کی سطح پر نظر رکھنی ہوتی ہے۔ ایسے افراد کو یہ گھڑی بغیر سوئی چبھوئے ان کا بلڈشوگر لیول کسی بھی وقت بتاسکتی ہے۔ امریکہ کے  لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش ’ سی ای ایس‘ میں جاپان کی کمپنی’ کوانٹم آپریشن انکارپوریشن ‘نے ایک پروٹوٹائپ اسمارٹ گھڑی  نما آلہ متعارف کرایا ۔ اس ڈیوائس کو کلائی پر باندھا جاتا ہے، جس کے بعد وہ مسلسل بلڈ شوگر کی درست سطح کی مانیٹرنگ کرتی ہے۔ یہ ایپل واچ کی طرح دکھائی دیتی ہے، جس میں ایک چھوٹا اسپیکٹرومیٹر موجود ہے جو خون میں گلوکوز کو اسکین کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ  دل کی دھڑکن اور ای سی جی پر بھی نظر رکھتی ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ اس میں اصل جز اس کا پیٹنٹ اسپیکٹرواسکوپی میٹریل ہے۔ ڈیواس کو پہننے والے کو بس گھڑی کو سلائیڈ کرکے مینیو سے مانیٹرنگ کو متحرک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے۲۰؍ سیکنڈ بعد ڈیٹا ڈسپلے ہونے لگتا ہے۔ اس وقت ذیابیطس کے مریضوں کو مسلسل بلڈ گلوکوز کی سطح پر نظر رکھنی ہے تاکہ انسولین کے ڈوز کا تعین کیا جاسکے۔ مگر اس عمل کیلئے  سرنج کا استعمال عام ہوتا ہے اور یہ نئی ڈیوائس اگر واقعی کارآمد ہوئی تو اس شعبے میں انقلابی پیش رفت ثابت ہوگی۔ دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جن میں دیگر جان لیوا بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

tech news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK