Inquilab Logo

بہو بنتے ہی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، ایسے سنبھالیں

Updated: January 14, 2021, 12:29 PM IST | Ankita Mathur

مشترکہ خاندان میں آہنگی پیدا کرنا بہت مشکل کام ہے، خاص طور پر جب بات ہو نئی دلہن کی تو یہ کام اور مشکل ہو جاتا ہے، کیونکہ ان کے کندھے پر نئی نئی ذمہ داریاں ڈال دی جاتی ہیں۔ شروع شروع میں ذمہ داریاں نبھانے میں دشواریاں بھی پیش آتی ہیں۔ لیکن محبت اور صبر کے ساتھ سب کا دل جیتا جاسکتا ہے

Family - Pic : INN
فیملی ۔ تصویر : آئی این این

دس سے ۱۵؍ لوگوں کا ایک ہی چھت کے نیچے مزے سے رہنا، دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے لئے کھڑے ہوجانا اور مل کر ذمہ داریوں کو نبھانے والے مشترکہ خاندان کی یہ ساری باتیں ماضی ہوگئی ہیں۔ لیکن جو لوگ ایسے خاندان میں پرورش پائے ہیں وہ ان دنوں کو بھلا نہیں سکتے۔ ساتھ ہی ان کے پاس اپنے تجربے بتانے کے لئے الفاظ ہی نہیں۔ اتنا ہی نہیں ایسے لوگ ہر صورتحال میں آسانی سے ڈھل جاتے ہیں۔
 لیکن سچ میں ایسے مشترکہ خاندان میں آہنگی پیدا کرنا بہت مشکل کام ہے، خاص طور پر جب بات ہو نئی دلہن کی ہو تو یہ کام اور مشکل ہو جاتا ہے، کیونکہ ان کے کندھے پر نئی نئی ذمہ داریاں ڈال دی جاتی ہیں۔ پھر چاہے بہو کا تعلق ایک چھوٹے گھرانے یا مشترکہ خاندان ہی سے کیوں نہ ہو۔ اسے چنندہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ وہ ایسے گھر کی فرد بننے جا رہی ہے جہاں پہلے ہی بہت سارے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں۔ ایسے میں ہر نئی بہو کو مشترکہ خاندان میں سبھی کو پہلے سمجھنا ہوتا ہے اور پھر کام کرکے ہم آہنگی برقرار رکھنی ہوتی ہے۔
رشتہ داروں کا احترام کریں
 مشترکہ خاندان میں سب سے پہلے اور سب سے ضروری بات ہے کہ آپ سبھی رشتوں اور رشتہ داروں کی عزت کریں اور ان کا احترام کریں۔ ساتھ ہی ہو سکتا ہے کہ آپ نے سبھی کے بارے میں کچھ نہ کچھ سن رکھا ہو لیکن کہی سنی باتوں کی بنیاد پر رائے بنا لینا غلط ہوگا۔ آپ کو اپنی سمجھ کے مطابق ہی لوگوں کے تئیں رائے قائم کرنی چاہئے۔ ساتھ ہی ہمیشہ بڑوں کی عزت اور بچوں کو پیار دینے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
گپ شپ سے دور رہیں
 چونکہ مشترکہ خاندان ہے تو فطری طور پر چٹ پٹی گپ شپ بھی بہت ساری ہوگی۔ ایسے میں بحیثیت گھر کے نئے فرد کوشش کریں کہ آپ ان سب سے دور ہی رہیں۔ ساتھ ہی اگر کوئی آپ سے کچھ کہتا بھی ہے تو آپ اسے اپنے تک ہی رکھیں۔
الفاظ میں ہو دم
 مشترکہ خاندان میں ڈھلنے کے لئے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ آپ کے کرنے اور بولنے میں تھوڑا دم ہونا چاہئے۔ یاد رکھیں کہ گھر میں سبھی لوگ الگ الگ مزاج کے ہوتے ہیں، ایسے میں آپ کو علم نہیں ہوتا کہ کون آپ کے لفظوں کو کیسے قبول کریں۔ اس لئے کوشش کیجئے کہ ایک درمیانہ راستہ اپناتے ہوئے سبھی کے ساتھ نرمی کے ساتھ بات کریں۔
شکوے نہ کریں
 جب چار برتن گھر میں ہوتے ہیں تو آپس میں ٹکراتے تو ہے ہی، یہ کہاوت مشترکہ خاندان کے لئے بالکل درست ہے۔ مشترکہ خاندان میں چار الگ الگ طرح کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں اور ان کے درمیان کسی بھی بات سے متعلق رسہ کشی ہونا ممکن ہے۔ لیکن بحیثیت نئی بہو آپ کی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ آپ کوئی شکایت یا شکوہ نہ کریں کیونکہ یاد رہے کہ ہر چھوٹی چھوٹی بات کو لے کر شکایت کرنا آپ کے لئے ہی خطرہ بن سکتا ہے۔ ایسے میں سامنے والے کو سمجھنے کے بعد ہی کوئی ردّعمل اظہار کریں۔
ذمہ داریاں سمجھیں
 ایک بڑے کنبے کا مطلب ذمہ داریوں اور ان کو مکمل طور پر نبھانے کا عزم ہے۔ کنبے کا حصہ ہونے کے ناطے ضروری ہے کہ آپ خاندان اور خاندان کے ہر فرد کو سمجھیں۔ اسی کے ساتھ مشترکہ خاندان میں سبھی کے حصے میں تھوڑی تھوڑی ذمہ داری بھی ہوتی ہے، جنہیں ہر ممکن کوشش کرکے پورا کرنا سبھی کی ذمہ داری ہے۔ اب جب آپ خاندان کا حصہ ہیں تو آپ جو بھی کرتی ہیں وہ خاندان کی بہتری کے لئے ہی ہوتا ہے۔
سب کی مدد کریں
 جب آپ کسی کی مدد کرتی ہیں تو ضرورت پڑنے پر آپ کو بھی مدد مل ہی جاتی ہےاور آپ کا رکا ہوا کام بن جاتا ہے۔ ساتھ ہی ہمیشہ دھیان رکھیں کہ آپ اکیلے نہیں جی رہے ہیں، آپ کے ساتھ بہت سے رشتے جڑے ہیں۔ اس لئے ہمیشہ ساتھ مل کر رہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے رہیں۔
صحتمند رشتے بنائیں
 کسی بھی گھر میں لڑائی جھگڑے ہونا عام ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس وجہ سے گھر کے ماحول پر اثر پڑے، یا پھر آپ کی بول چال ہی بند ہو جائے۔ کیونکہ اگر ایسا ہوتا ہے تو رشتے اور گھر دونوں ٹوٹنے کا خطرہ بنا رہتا ہے۔ ساتھ ہی آپ قبول کرے یا نہیں ایک بہو ہی خاندان کو جوڑ سکتی ہے اس لئے دل سے ہر رشتے کو نبھایئے۔
 رشتے ٹوٹنے کی ایک وجہ آپس میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہوتی ہے۔ اس لئے آپس میں غلط فہمیاں پیدا نہ کریں۔ اگر نند نے بڑی بھاوج کے خلاف اسے بڑھا چڑھا کر بھاوج نہ بتائیں بلکہ اس بات کو ہی بھلا دیں۔ ہوسکے تو نند کو ہی سمجھائیں کہ اس قسم کی باتیں نہ کہا کریں۔ محبت کے ذریعے ہی سب کا دل جیتا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK