Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید سے قبل گھر کی سجاوٹ میں چار چاند لگا دیں

Updated: April 26, 2022, 10:40 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

عید، گھر کو نیاپن اور تازگی دینے کا بھی ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔گھر کی تزئین و آرائش کا منصوبہ بناتے وقت آپ کا دل چاہے گا کہ ہر وہ چیز جو آپ کو پسند آئے، اسے لاکر اپنے گھر میں سجا دیں۔ تاہم، چیزیں بھر دینے سے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ نہیں ہوتا ، اس میں سمجھداری سے کام لینا ضروری ہے

Take care of home decoration as well as cleanliness.Picture:INN
گھر کی سجاوٹ کے ساتھ ساتھ صفائی کا بھی خیال رکھیں۔ تصویر: آئی این این

گھر ایک ایسی جگہ ہوتی ہے جو انسان کے سلیقے اور ذوق کا عکاس ہوتا ہے۔ گھر کی سجاوٹ کے حوالے سے کچھ لوگوں کو یہ گمان ہوتا ہے کہ اس کے لئے مہنگے فرنیچر، انٹرنیشنل ڈیکوریشن پیسز، مہنگے قالین وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ یہ تاثر قطعی طور پر غلط ہے گھر کی سجاوٹ اور اس کو متاثر کن رکھنے کے لئے جس چیز کی سب سے پہلے ضرورت ہوتی ہے وہ کچھ اس طرح سے ہیں۔  عنقریب عید کی آمد ہے۔ بیشتر گھروں میں صفائی شروع ہوچکی ہوگی اور چند گھروں میں ہونے والے ہوگی۔ یہاں صفائی اور گھر کی سجاوٹ کے بارے میں چند مشورے پیش کئے جا رہے ہیں۔
 گھر کی سجاوٹ کے لئے لازمی اشیاء
 گھر کی سجاوٹ کے لئے سب سے پہلے اس سوچ کو ختم کر دیں کہ یہ مہنگی اشیاء سے ہی ممکن ہے بلکہ اس کے لئے پہلے سے موجود چیزوں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر کو خوبصورت بنانے کے لئے جو اہم اقدامات ضروری ہیں وہ کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں:
 صفائی
 اگر آپ کسی ہوٹل میں جاتے ہیں اور وہاں مہنگا فرنیچر پڑا ہو اس کے ساتھ ساتھ شاندار ترین بیڈ شیٹ ہو مگر اس کے ساتھ ساتھ فرنیچر پر دھول جمی ہو اور بیڈ شیٹ میلی ہو تو کیا آپ کی طبیعت پر ان سب کو دیکھ کر برا تاثر نہیں پڑے گا۔ یہی حال ایک گھر کا بھی ہے اگر گھر پر سادہ سامان موجود ہو اور اچھی طرح سے صفائی کا اہتمام ہو اور گھر کا کونہ کونہ چمک رہا ہو تو اس صورت میں یقیناً اس گھر کو دیکھ کر آپ کے مزاج پر اچھا تاثر ابھرے گا۔ اس وجہ سے گھر کی سجاوٹ کا سب سے اہم مرحلہ بہترین صفائی ہے جس میں فرش کی صفائی، دیواروں اور چھت سے جالوں کا صاف ہونا، فرنیچر کی ڈسٹنگ اور غلافوں کو دھلا ہوا ہونا ضروری ہے۔ عید سے قبل ان چیزوں کی صفائی ضرور کرلیں۔
روشنی کا بہترین انتظام
 گھر کے مختلف گوشوں کو نکھارنے کے لئے روشنی کا استعمال ذہانت سے کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ کسی بھی گھر کی سجاوٹ میں روشنی کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اس لئے گھر کی سجاوٹ میں مختلف انداز کے لیمپ استعمال کر کے کمرے اور گھر کی سجاوٹ کو ایک نیا رنگ دیا جا سکتا ہے۔ یہاں پر ایک اور بات بھی وضاحت سے بیان کی جا رہی ہے کہ لیمپ کے حصول کے لئے بھی بہت مہنگے لیمپ خریدنے کے بجائے اپنے سلیقے کا استعمال کریں اور مختلف جگہوں کی مناسبت سے روشنی کے لیمپ خود سے بنا کر بھی اپنی انفرادیت کو قائم رکھا جا سکتا ہے۔ روشنی کا صحیح استعمال کرکے آپ عید کے دن آئے مہمانوں کی داد پائیں گی۔
اپنے اندر کے آرٹسٹ کو زندہ کریں
 سب سے پہلے اس بات کو یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ نے کسی بھی انسان کو بغیر صلاحیتوں سے پیدا نہیں کیا ہے مگر ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ اپنے اندر کے آرٹسٹ کو پہچانیں اور اس کا استعمال کریں۔ اگر آپ سلائی کڑھائی کی ماہر ہیں تو نت نئے ڈیزائن بنا سکتی ہیں تو اس کے نمونے بنائيں اور اگر آپ کو آرٹ سے دلچسپی ہے تو اس حوالے سے آپ کے پاس بہت کچھ کرنے کا موقع موجود ہے۔ اس بات کو یاد رکھیں کہ خالی دیوار کسی کی بھی نظروں کو واپس لوٹا دیتی ہے اور نظر کو پکڑنے اور متوجہ کرنے کے لئے اس دیوار پر خوبصورتی سے لگا ہوا آرٹ کا نمونہ کمرے کی سجاوٹ کو بڑھا دیتا ہے۔
پودوں کا استعمال
 سبز رنگ آنکھوں کو بہت اچھا لگتا ہے اس کے لئے گھر کے اندر اور باہر پودوں کا استعمال کر کے گھر کی سجاوٹ کو بہترین بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے ایک جانب تو انڈور پلانٹ کی مدد لی جا سکتی ہے بہت مہنگی خریداری کے بجائے گھر کی اشیا اور بوتلوں کو خوبصورت طریقے سے استعمال کر کے انڈور اور آؤٹ ڈور پلانٹ کو سجایا جا سکتا ہے۔
سامان کی ترتیب
 بکھرا ہوا سامان نہ صرف گھر کی کشادگی کو کم کر دیتا ہے بلکہ اس سے دیکھنے والے پر بھی برا تاثر پڑتا ہے۔ اس وجہ سے گھر کے سامان کی ترتیب کرنے کے لئے ذہانت کی ضرورت ہوتی ہے اس کو اس طرح استعمال کریں کہ وہ دیکھنے والے کے لئے متاثر کن ہو اورخوشگوار تاثر دے۔ بلاضرورت فرنیچر بھر دینے سے کمرہ اور گھر سجنے کے بجائے برا لگنے لگتا ہے اس وجہ سے اس کو مناسب انداز میں رکھیں اور ترتیب سے چیزیں رکھنی کی عادت ڈالیں۔ اس طرح عید کے بعد بھی آپ کا گھر ترتیب دہ رہے گا۔
بچوں کا کمرہ
 بچے عید کا سب سے زیادہ بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، اس لئے جب آپ عید پر گھر کی تزئین و آرائش کا سوچیں، تو بچوں کے کمرے پر خاص توجہ دیں۔  ان کچھ نکات کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج ہی اپنے گھر کی سیٹنگ تبدیل کریں اور صرف ایک پورا دن لگا کر آپ اپنے گھر کو عید کے لئے اس انداز میں سجا سکتی ہیں جو دیکھنے والوں کو متاثر کر سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK