Inquilab Logo

کوکنگ تھیراپی : صحت مند رہنے کا بہترین طریقہ

Updated: February 10, 2020, 4:13 PM IST | Geeta Sharma

ڈپریشن، گھبراہٹ، تناؤ وغیرہ کے علاج میں اب بہت سے سائیکولوجسٹ اور تھیراپسٹ کوکنگ کورسیز کو ’تھیراپی‘ کی طرح استعمال کرنے لگے ہیں، کیونکہ جو وقت آپ کوکنگ میں صرف کرتی ہیں، اس سے دھیان منفی صورتحال اور باتوں سے ہٹ جاتا ہے اور آپ پُرسکون محسوس کرتی ہیں

کوکنگ تھیراپی؛ صحت مند رہنے کا بہترین طریقہ ۔ تصویر : آئی این این
کوکنگ تھیراپی؛ صحت مند رہنے کا بہترین طریقہ ۔ تصویر : آئی این این

کھانا بنانا اور اسے دوسروں کو کھلانا کئی خواتین کا مشغلہ ہوتا ہے، لیکن بہت کم خواتین جانتی ہیں کہ کھانا پکانے کا یہ شوق آپ کو صحتمند بھی رکھتا ہے، اس لئے اسے ’کوکنگ تھیراپی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سائنسدان اب اس بات کا دعویٰ کر رہے ہیں کہ کھانا پکانا دراصل ایک ’تھیراپی‘ ہے جو آپ کو صحتمند رکھتا ہے اور آپ کے تعلقات کو بھی بہتر بنا تا ہے۔
میڈیٹیشن
 کیا کبھی آپ نے اس جانب دھیان دیا ہے کہ تناؤ سے بھرا دن اور آپ کی تھکان گھر پر آنے کے بعد کچھ اچھا پکانے کی سوچ ہی سے کم ہو جاتی ہے۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کچھ ذائقہ دار یا پسندیدہ کھانا بنانے کی تیاری کرتی ہیں اور اسے بنانے کے بعد جو تسلی کا احساس ہوتا ہے، اس سے آپ کے دن بھر کی تھکان اور تناؤ دور ہوجاتا ہے۔ آپ بھلے ہی روزانہ کھانا بناتی ہوں، مگر آپ ایسا کرتی ہیں تو محسوس کریں گی کہ ’کوکنگ سیشن‘ ایک طرح سے آپ کے لئے میڈیٹیشن کا کام کرتا ہے۔
بطور علاج
 ڈپریشن، گھبراہٹ، تناؤ وغیرہ کے علاج میں اب بہت سے سائیکولوجسٹ اور تھیراپسٹ کوکنگ کورسیز کو ’تھیراپی‘ کی طرح استعمال کرنے لگے ہیں، کیونکہ جو وقت آپ کوکنگ میں صرف کرتی ہیں، اس سے دھیان منفی صورتحال اور باتوں سے ہٹ جاتا ہے اور آپ پُرسکون محسوس کرتی ہیں۔
تخلیقی سوچ
 ماہرین نے اپنی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ کوکنگ آپ کو ’کریٹیو‘ بناتا ہے، کیونکہ روزانہ آپ ایک ہی انداز میں کھانا نہیں بناتی ہیں بلکہ اس میں کچھ نہ کچھ تبدیلی کرتی رہتی ہیں تاکہ پکوان کا ذائقہ ہمیشہ ایک جیسے محسوس نہ ہو، جس سے آپ کی تخلیقی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ دوسرا یہ کہ کھانا پکانے کے دوران آپ بیک وقت کئی چیزوں کو کنٹرول کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ آپ پکوان کے ذائقہ کو اپنے مطابق لانے کی کوشش کرتی ہیں اور اس کے جب گھر والے نوش فرماکر آپ کی تعریف کرتے ہیں تو آپ اچھا محسوس کرتی ہے۔
ذہنی صحت
 جب آپ کھانا پکاتی ہیں تو آپ اپنی اور اپنے گھر والوں کی صحت کو ملحوظ رکھتی ہیں۔ آپ کے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ کتنا تیل ڈالنا ہے، کتنا نمک، کتنے مسالے اور آپ کا ذہن یہی سوچنے لگتا ہے کہ کس طرح سے پکوان کو صحت بخش بنایا جائے۔ اس سے آپ کو سکون ملتا ہے کہ آپ کا کھانا صحت کے اعتبار بہتر ہے کیونکہ آپ سب کی صحت کے اعتبار سے کھانا تیار کرتی ہے۔
خوشی کا ذریعہ
 ماہرین کہتے ہیں کہ بھلے ہی آپ کوکنگ کا شوق نہ رکھتی ہوں لیکن جب آپ کوکنگ کرتی ہیں تو یہ فرق ضرور محسوس کرتی ہوں گی کہ کھانا بنانے سے جو خوشی اور سکون ملتا ہے وہ بستر ٹھیک کرنے، کپڑے دھونے یا دیگر کاموں سے نہیں ہوتا۔ اس کے پیچھے کی وجہ یہ ہے کہ کوکنگ اپنے آپ میں ’ریواڈنگ ایکسپیرینس‘ ہوتا ہے، کیونکہ کہیں نہ کہیں ذہن میں یہ بات ہوتی ہے کہ کھانا بنانے کے بعد آپ کو اس کا ذائقہ ملے گا۔ کھانا بنانے کے دوران جو خوشبو آتی ہے، اسے بنتے دیکھنا کا جو تجربہ ہوتا ہے اور یہاں تک کہ پھل اور سبزیوں کو کاٹنے یا چھیلنے کے دوران ان کے رنگ ہمیں متوجہ کرتے ہیں وہ ذہن میں مثبت تاثر دیتے ہیں۔
بہتر تعلقات
 جب گھر کی خواتین مل جل کر کھانا بناتی ہیں تو  وہ منفی باتوں کو ایک طرف رکھ کر کھانا بہتر بنانے اور اسے پروسنے کی جانب دھیان دیتی ہیں۔ ایسے میں اگر آپ اپنے شریک حیات کے ساتھ کچن میں کام کریں تو آپ کے رشتے بھی مستحکم ہوں گے۔ آپ ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ وقت گزار پائیں گی۔ اگر کھانے میں آپ دونوں کی پسند ناپسند ایک نہیں ہے، تب بھی آپ کے اختلاف کو کم کرنے میں ’کوکنگ‘ ایک تھیراپی کی طرح کام کرے گا کیونکہ اس معاملے میں آپ ایک دوسرے کی پسند ناپسند کو ترجیح دیں گے کہ ’’چلئے.... آپ کی پسند کا کھانا بناتے ہیں‘‘ یا ’’پھر آج آپ کی پسند کی ڈش تیار کرتے ہیں، مگر کل آپ میری پسند کا کھانا بنانے میں میری مدد کیجئے گا....‘‘ وغیرہ۔
جذبات کا اظہار
 آپ جس جذبات سے کھانا پکاتی ہیں، اس کا اثر آپ کے کھانے میں جھلکتا ہے لیکن کھانا پکاتے وقت ہر کوئی یہی چاہتی ہیں کہ اس کے کھانے کی تعریف ضرور ہو، اس لئے جب آپ بچوں کے لئے کچھ خاص بناتی ہیں تو ان کے ذائقہ اور صحت کا خیال رکھتی ہیں۔ اور جب آپ بزرگ کے لئے کچھ بناتی ہیں تو ذائقہ کے علاوہ ان کی عمر اور صحت کا بھی خیال رکھتی ہیں۔ انہیں کیا نہیں کھانا چاہئے، اس جانب بھی آپ کی پوری توجہ ہوتی ہے۔ کوکنگ کے ذریعہ آپ کے اپنوں کے تئیں جذبات ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ ایک طرح سے آپ کی محبت و فکر کا اظہار ہوتا ہے۔
پیسے کی بچت
 ہوٹل یا باہر کا کھانا منگوا کر کھانا آپ وہ سکون نہیں دے گا جو آپ کے ہاتھوں سے تیار صحت بخش کھانا دیتا ہے اور اس کے ساتھ ہی آپ اپنے پیسے کو بھی بچاتی ہیں۔ ہیلتھ اور ویلتھ، ایک ساتھ محفوظ ہونے سے آپ کو خوشنما احساس دلاتا ہے اور آپ کی صحت بھی اچھی رہتی ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK