Inquilab Logo

’’وِگن ڈائٹ‘‘: کتنا فائدہ مند، کتنا نقصاندہ؟

Updated: April 24, 2024, 1:16 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

بدلتے زمانے کے ساتھ طرزِ زندگی میں بھی تبدیلی آگئی ہے۔ اب صحت بخش غذا کو ترجیح دی جاتی ہے۔ خواتین مختلف ڈائٹ پلان آزما رہی ہیں۔ انہیں میں سے ایک ’’وِگن ڈائٹ‘‘ ہے۔ اس کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ یہ رجحان صحت کے اعتبار سے کتنا درست ہے اس بارے میں جاننا ضروری ہے۔

Before following any kind of diet plan, it is important to know about it. Photo: INN
کسی بھی قسم کے ڈائٹ پلان پر عمل کرنے سے قبل اس کے بارے میں جان لینا ضروری ہے۔ تصویر : آئی این این

کووڈ کے بعد سے لوگ اپنی صحت کی جانب خصوصی توجہ دینے لگے ہیں۔ اس معاملے میں خواتین زیادہ حساس ہوگئی ہیں۔ اب صحت بخش غذا کو ترجیح دی جاتی ہے۔ خواتین مختلف ڈائٹ پلان آزما رہی ہیں۔ انہیں میں سے ایک ’’وِگن ڈائٹ‘‘ ہے۔ اس کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ ’’وِگن ڈائٹ‘‘ ان غذائوں پر مشتمل ہیں جن میں گوشت اور دودھ کی مصنوعات شامل نہ ہوں۔ دنیا بھر میں لوگ اس ڈائٹ کو اپنا رہے ہیں، جس کی بڑی وجہ مشہور شخصیات کی جانب سے اس ڈائٹ پلان پر عمل کرنا ہے۔ اس ڈائٹ کو فروغ دینے والوں کا کہنا ہے کہ اس پر عمل کرکے نہ صرف سلم (دبلے پتلے) اور اسمارٹ ہونے کا موقع ملتاہے بلکہ بلڈ شوگر کو معمول پر رکھنے میں بھی بہتری آتی ہے۔ اس ڈائٹ کا سب سے کمزور پہلو یہ ہے کہ گوشت نہ کھانے کی وجہ سے کچھ کیسز میں لوگوں میں غذائی کمی کی شکایت سامنے آسکتی ہیں کیونکہ گوشت سے پروٹین حاصل ہوتا ہے۔
وِگن ڈائٹ کیا ہے؟
 اس ڈائٹ میں ہر قسم کے گوشت، انڈوں اور ڈیری مصنوعات سے پرہیز کرنا ہوتاہے اور ان کے متبادل اجناس، سبزیوں اور پھلوں کے ذریعے صحت کو بہتر بنایا جاتاہے۔ اس ضمن میں وِگن ڈائٹ کی بھی چند اقسام ہیں، جو ذیل میں بتائی جارہی ہیں:
بنا پکے کھانے
 اس ڈائٹ میں آپ جو بھی کھائیں گی، اسے اُبال کر، مرچ مسالہ لگا کر یا پھر کچا ہی کھائیں گی جیسے پھل، سبزیاں، دالیں، چنے، گری، خشک میوہ جات اور بیج۔

یہ بھی پڑھئے:زندگی کی راہ آسان نہیں پھر گرنے سے کیوں گھبرانا!

اس ڈائٹ کا اصول
اس ڈائٹ میں۸۰؍ فیصد کیلوریز کاربوہائیڈریٹس (پھلوں) جبکہ ۱۰، ۱۰؍ فیصد پودوں سے حاصل ہونے والے پروٹین اور فیٹ پر مشتمل ہوتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ ڈائٹ زیادہ تر ان پھلوں پر مشتمل ہے، جن میں کم فیٹ ہوتاہے۔
نشاستے کے ساتھ
 ایک کم فیٹ والی اور نشاستے پر مشتمل ڈائٹ بھی ۸۰/ ۱۰/ ۱۰؍ ڈائٹ جیسی ہی ہے، بس اس میں نشاستہ والی غذائیں شامل ہو جاتی ہیں اور پھلوں کے بجائے اُبلے ہوئے آلو، چاول اور مکئی کا استعمال کیا جاتاہے۔
کچی غذا پر انحصار
 اس ڈائٹ میں آپ جو بھی کھا رہی ہیں وہ ۴۸؍ ڈگری سینٹی گریڈ کے اند ر پکی ہوئی ہوں یعنی کم آنچ پر۔ باقی پھل اور بہت سی سبزیاں آپ کو کچی کھانی ہوں گی۔
۴؍ بجے تک
 ایک کم فیٹ والی ڈائٹ بھی ۸۰؍ ۱۰؍ ۱۰؍ ڈائٹ کی طرح ہو تی ہے لیکن یہ ڈائٹ شام ۴؍ بجے تک ہوتی ہے۔ اس کے بعد آپ رات میں سبزی والی ڈش تناول فرما سکتی ہیں۔
جنک فوڈ وِگن ڈائٹ
 جنک فوڈز میں گوشت کاا ستعمال کیا جاتاہے لیکن آپ جنک فوڈز سے گوشت اور پنیر ہٹا کر ان کے متبادل وِگن اشیاء ڈال کر جنک فوڈز سے دل بہلا سکتی ہیں۔
وِگن ڈائٹ کے فوائد
 وِگن ڈائٹ کےکئی فوائد ہیں لیکن اس کا سب سے بڑا فائدہ وزن میں کمی آنا ہے۔ وِگن ڈائٹ کرنے والی خواتین کا وزن یہ ڈائٹ نہ کرنے والی خواتین کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرتی ہیں، اپنے لائف اسٹائل سے لطف اٹھاتی ہیں اور صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق وگن ڈائٹ اپنانے والی خواتین کا بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتا ہے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ ۷۸؍ فیصدتک کم ہوجاتا ہے۔ مشاہداتی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ وِگن ڈائٹ دل کے امراض کا خطرہ بھی ۷۵؍ فیصد تک کم کرسکتی ہے۔ بلند فشار خون کی وجہ سے امراضِ قلب کے باعث اموات ہونے کا خطرہ بھی ۴۲؍ تک کم ہوجاتاہے۔
وِگن ڈائٹ کے نقصانات
 پروٹین کی کمی کی وجہ سے ہارمونس کی سطح غیر متوازن ہوجاتی ہے۔
 اس کے علاوہ ہیموگلوبن کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس ڈائٹ میں گوشت نہیں کھایا جاتا ہے اس لئے مچھلی نہ کھانے کی صورت میں جسم اومیگا ۳؍ فیٹی ایسڈ کی کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وِگن ڈائٹ کے حامل افراد تھائیرائیڈ کا شکار ہوسکتے ہیں۔ دراصل آیوڈین کی کمی کی وجہ سے تھائیرائیڈ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ساتھ ہی آیوڈین کی کمی کی وجہ سے ہڈیاں بھی کمزور ہو جاتی ہیں۔
 ان وجوہات کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ کسی بھی رجحان پر آنکھ بند کرکے عمل کرنے سے قبل اس کے سبھی پہلوؤں کو جان لینا چاہئے۔ اپنی غذا میں تمام اشیاء کو شامل کریں کیونکہ صحت مند رہنے کے لئے سبھی وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK