ماہرین کے مطابق کامیاب زندگی گزارنے والوں کی اکثریت روزانہ صبح مستقل مزاجی کے ساتھ ۵؍ درج ذیل کام انجام دیتی ہے۔
EPAPER
Updated: February 21, 2024, 12:27 PM IST | MA Ahmed | Mumbai
ماہرین کے مطابق کامیاب زندگی گزارنے والوں کی اکثریت روزانہ صبح مستقل مزاجی کے ساتھ ۵؍ درج ذیل کام انجام دیتی ہے۔
مشہور افراد کی کامیابی کی کہانیاں تو سنتے پڑھتے ہیں لیکن کیا ہم کبھی ان پر غور کرتے ہیں کہ ان کی کامیابی کا راز کیا ہے۔ آخر ان افراد کا معمول کیا رہا ہے،وہ اپنے دن کی شروعات کس طرح کرتے ہیں۔ تو جان لیجئے کہ روزانہ دن کے ابتدائی گھنٹوں کو گزارنے کا طریقہ ہی آپ کی کامیابی یا ناکامی کا تعین کرتا ہے ؟
ایسا دعویٰ کرنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ کامیاب افراد اپنی روزمرہ کی زندگی کو انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ گزارتے ہیں۔ نیز کچھ ایسے کام وہ روزانہ کرتے ہیں جو عام افراد کے شیڈول سے مختلف ہوتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں وہ اپنے دن کی شروعات کی کچھ اس طرح کرتے ہیں کہ باقی وقت کے لئے ان کے جسم میں ایسی توانائی بھرجاتی ہے کہ پورا دن وہ مستعدی کے ساتھ سرگرم رہتے ہیں اور منظم طریقے سے اپنے کام کو نمٹاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کامیاب زندگی گزارنے والوں کی اکثریت روزانہ صبح مستقل مزاجی کے ساتھ ۵؍ کام انجام دیتی ہے تاکہ منفعت سے بھرپور ایک کامیاب دن گزار سکیں۔
(۱) کام سے پہلے ورزش: یہ امر بہت ضروری ہے کہ انسان اپنے دن کا آغاز اپنی پسند کی ورزش سے کرے خواہ پیدل چلے، دوڑ ے، کچھ وقت سائیکل کی سواری کرے یا پھر ’جمنازیم‘کا رخ کرے۔ اس سے ذہن اور روح کو تازگی حاصل ہوتی ہے اور یہ انسان کو اس دن کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے معاون ثابت ہوتا ہے۔
(۲) صحت بخش ناشتہ: یاد رکھیں مطلوبہ ایندھن فراہم کیے بغیر آپ کا جسم دن بھر کی مشقت برداشت نہیں کرسکتا۔ لہٰذا آپ کو چاہیے کہ صحت بخش ناشتہ کریں۔ ناشتے کے سلسلے میں آپ کی توجہ وٹامن اور ریشے سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں پر بھی ہونا چاہیے۔
(۳) ای میلزاور میسیج پڑھنا: کام کا آغاز یقیناً ای میل اور میسیج کے پڑھنے سے کیا جانا چاہیے جس کے بعد اہم پیغامات کا جواب دیا جائے۔ ای میلوں کے جمع ہوجانے سے بہت سا وقت برباد ہوجاتا ہے اور بعض مرتبہ اہم ای میل ان باکس بھرا رہنے وقت پر مل نہیں پاتا۔
(۴)روزانہ اہداف کا تعین: ان اہداف کا تعین کیجیے جن کو اس دن پورا کرنا ہے۔ اس طرح آپ کامیابی کی سمت صحیح راہ پر ہوں گے اور وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔ ٹوڈُو لسٹ بنائیں اور اس کے مطابق کام کرنے کی عادت ڈالیں۔
(۵) ترجیحات کی فہرست: اہداف کے تعین کے بعد آپ کو دن بھر کی ترجیحات کی فہرست بنانا چاہیے تاکہ یہ معلوم رہے کہ اہمیت کے لحاظ سے کون سا کام جلد کرنا ہے اور کس کام کو ملتوی کیا جاسکتا ہے۔ یہ فہرست ثمر آوری اور ارتکاز کی بلند سطح کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔