Inquilab Logo

ایپل آئی فون ۱۲؍ لانچ ، فائیوجی تکنیک سے لیس۴؍ نئے آئی فونز پیش کئے گئے

Updated: October 15, 2020, 1:42 PM IST | Agency

ایپل نے بالآخر اپنے ۴؍نئے آئی فون ایک آن لائن تقریب میں لانچ کردئیے ہیں۔ہندوستانی وقت کے مطابق یہ منگل کی رات دیر گئے لانچ کئے گئے ہیں۔ آئی فون ۱۲؍ سیریز کے۴؍ فون پیش کئے ہیں اور پہلی بار کمپنی کی جانب سے اتنے ڈیوائسز ایک ساتھ متعارف کرائے گئے ہیں۔اس بار ہر آئی فون مختلف ڈسپلے سائز اور میموری گنجائش کے ساتھ پیش کیا گیا اور قیمت کے لحاظ سے بھی متعدد متبادل فراہم کئے جارہے ہیں۔

Iphone12 - PIC : INN
آئی فون ۱۲ ۔ تصویر : آئی این این

ایپل نے بالآخر اپنے ۴؍نئے آئی فون ایک آن لائن تقریب میں لانچ کردئیے ہیں۔ہندوستانی وقت کے مطابق یہ منگل کی رات دیر گئے لانچ کئے گئے ہیں۔ آئی فون ۱۲؍ سیریز کے۴؍ فون پیش کئے ہیں اور پہلی بار کمپنی کی جانب سے اتنے ڈیوائسز ایک ساتھ متعارف کرائے گئے ہیں۔اس بار ہر آئی فون مختلف ڈسپلے سائز اور میموری گنجائش کے ساتھ پیش کیا گیا اور قیمت کے لحاظ سے بھی متعدد متبادل فراہم کئے جارہے ہیں۔جن میں آئی فون ۱۲؍منی کی سائز ۵ء۴؍ انچ  ، ، آئی فون ۱۲؍میں۶ء۱؍ انچ، آئی فون۱۲؍ پرو میں۶ء۱؍  انچ اور آئی فون۱۲؍ پرو میکس میں۶ء۷؍ انچ ڈسپلے دیا گیا ہے اور یہ ایپل کا اب تک کا سب سے بڑا ڈسپلے والا فون ہے۔ چاروں آئی فون فائیو جی تکنیک اور او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہیں۔  چاروں نئے آئی فونز میں اے ۱۴؍ بائیونک پروسیسر دیا گیاہے جو اس کمپنی کی پہلی۵؍ این ایم چپ ہے، جو پہلے کے مقابلے میں بلکہ کمپنی کے مطابق اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے پروسیسر سے ۵۰؍ فیصد تیز ہے جبکہ آئی او ایس۱۴ء۲؍ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جس میں کئی نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس بار ایپل  صارفین کو ایک بڑا دھچکایہ لگا ہے کہ اس بار کسی بھی آئی فون کے ساتھ چارجر یا ایئرپوڈ نہیں ملے گا اور صرف چارجنگ کیبل ہی فون کے ساتھ دستیاب ہوگی۔
آئی فون منی:۵ء۴؍ انچ ڈسپلے سے لیس یہ نیا آئی فون درحقیقت پہلا فون ہے جس کیلئے ایپل نے منی کا نام استعمال کیا ہے۔ ایپل نے دعویٰ کیا کہ   یہ دنیا کا سب سے چھوٹا، پتلا اور ہلکا ترین فائیو جی  فون ہے جس میں ٹچ آئی ڈی کی جگہ فیس آئی ڈی کو دی گئی ہے جبکہ بیزل کو نمایاں حد تک کم کیا گیا ہے۔اس فون کا مین کیمرا۱۲؍ میگا پکسل اوردوسرا کیمرا۱۲؍ میگا پکسل الٹرا وائیڈ  ہے۔
آئی فون ۱۲:اس  میں ۶ء۱؍ انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔ یہ فون بلیک، سفید، نیلے، سرخ اور سبز رنگوں میں دستیاب ہوگا جبکہ اس کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا۔ آئی فون ۱۲؍ کا مین کیمرا۱۲؍ میگا پکسل کا ہے جس میں ایف۱ء۶؍ آپرچر موجود ہے۔دوسرا ۱۲؍میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہے
 آئی فون۱۲؍ اور۱۲؍ منی میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی ہے جسے کمپنی نے میگ سیف کا نام دیا گیا ہے، جس کیلئے  ڈیوائس کے بیک پر میگنیٹ دیا گیا ہے۔ ان  دونوں فونز  میں واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس دی گئی ہے ۔
آئی فون ۱۲؍منی اور آئی فون ۱۲کی قیمت: آئی فون ۱۲؍ منی کے ۶۴؍جی بی اسٹوریج  ماڈل کی قیمت ۶۹؍ہزار ۹۰۰؍روپے  جبکہ آئی فون۱۲؍کے ۶۴؍ جی بی اسٹوریج  ماڈل کی قیمت۷۹؍ہزار ۹۰۰؍روپے ہے۔ یہ دونوں فونز۱۲۸؍ جی بی اور۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج کے ورژن میں بھی دستیاب ہوں گے مگر قیمت مختلف ہوگی۔ آئی فون۱۲؍ منی اور آئی فون۱۲؍ پری آرڈر میں۱۶؍ اکتوبر جبکہ صارفین کو۲۳؍ اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔
آئی فون ۱۲؍ پرو اور پرو میکس: آئی فون۱۲؍ پرو میں۶ء۱؍ انچ جبکہ۱۲؍ پرو میکس میں۶ء۷؍ انچ ڈسپلے دیا گیا ہے۔ دونوں میں اسٹین لیس اسٹیل ڈیزائن دیا گیا ہےاور دونوں فون  گرے، اسٹین لیس اسٹیل، گولڈ ایک اورر نیلے بلیو رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ ان پرو ماڈلز میں خصوصی طور پر لیڈار سنسر دیا گیا ہے جو کم روشنی میں کیمروں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے ۔  ان فلیگ شپ آئی فونز میں سرامکس شیلڈ نامی اایک نئی ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے جو کمپنی کے مطابق فون کے گلاس کو کسی بھی اسمارٹ فون ڈسپلے کے مقابلے میں سخت جان بنائے گی۔ حادثاتی طور پر ہاتھ سے گرنے پر بھی فون میں خراشوں کا خطرہ نہیں ہوگا۔ آئی فون ۱۲؍ پرو  میں۱۲؍ میگا پکسل وائیڈ،۱۲؍ میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور۱۲؍ میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیئے گئے ہیں۔ آئی فون ۱۲؍ پرو میکس میں  ایک نیا۱۲؍ میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا۶۵؍ ایم ایم فوکل لینتھ کے ساتھ دیا گیا ہے جو ڈھائی گنا زیادہ آپٹیکلی زوم کرسکتا ہے۔ اس کے وائیڈ کیمرے میں ایف۱ء۶؍ آپرچر کے ساتھ ایک نیا او آئی ایس سسٹم بھی دیا گیا ہے ۔ پرو ماڈلز  میں بھی میگ سیف وائرلیس چارجنگ موجود ہے۔
آئی فون ۱۲؍پرو اور آئی فون ۱۲؍پرو میکس کی قیمتیں: آئی فون۱۲؍ پرو کی قیمت ایک لاکھ ۱۹؍ہزار ۹۰۰؍ روپےسے شروع ہوگی جو کہ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔ اس فون کے پری آرڈر۱۶؍ اکتوبر سے شروع ہوں گے اور ایک ہفتے بعد۲۳؍ اکتوبر کو صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ آئی فون۱۲؍ پرو میکس کی قیمت ایک لاکھ ۲۹؍ہزار ۹۰۰؍روپے سے شروع ہوگی جو کہ۱۲۸؍ جی بی والا ماڈل ہوگا۔یہ دونوں فون ۲۵۶؍ اور۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج کے آپشنز میں بھی دستیاب ہوں گے اور ان کی قیمتیں الگ ہوں گی۔آئی فون۱۲؍ پرو میکس کے پری آرڈر۶؍ نومبر سے شروع ہوں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK