Inquilab Logo

آئیے اس بار عید کو ذرا منفرد انداز سے مناتے ہیں

Updated: April 08, 2024, 1:35 PM IST | Sahar Asad

عید کا دن روٹھے ہوؤں کو منانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ لہٰذا دیر نہ کیجئے، عید کے دن سوئیوں کا ڈونگا اٹھا کر روٹھے ہوئے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھر پہنچ جائیے۔ نرمی سے سمجھانے اور پیار سے منانے کی کوشش کیجئے، سوئیوں کی مٹھاس اور آپ کی باتوں کی شیرینی سے بھلا کون روٹھ سکتا ہے۔

True happiness on the occasion of Eid comes from meeting each other. Photo: INN
عید کے موقع پر حقیقی خوشی ایک دوسرے سے ملنے ملانے ہی سے حاصل ہوتی ہے۔ تصویر: آئی این این

خوشیوں اور مسرتوں بھرے عید کے دن آنے میں بس کچھ ہی دن رہتے ہیں۔ جلد ہی وہ دلفریب منظر پھر سے نگاہوں کے سامنے ہوگا جب بندگان خدا کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملا کر وسیع و عریض میدان میں خدائے تعالیٰ کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جنہوں نے رمضان کے اس مقدس مہینے کی عظمت کوسمجھتے ہوئے پورا مہینہ اللہ کی اطاعت و عبادت میں گزارا، دن کو روزے رکھے، راتوں کو تراویح اور قیام اللیل کی نمازیں پڑھیں، قرآن کی تلاوت سے اپنے دلوں کو منور کیا، پورا مہینہ اپنے نفس پر قابو رکھا، غریبوں و مسکینوں کی دلداری کی۔ اللہ انہیں اچھا بدلہ دے اور اجر جزیل سے نوازے (آمین)۔ آئیے اس بار عید کو ذرا منفرد انداز سے مناتے ہیں :
گلے شکوے دور کرلیں 
بلاشبہ عید کے دن لوگوں کے دل خوشیوں اور فرحت وانبساط سے بھرے ہوتے ہیں۔ لیکن غور کرنے کی بات ہے کہ خوشیوں کے اس ہجوم میں ہمارے دلوں میں کسی کے خلاف رنجش بھی ہوتی ہے، کسی کی طرف سے بدگمانی ہوتی ہے جسے عید کے دن بھی ہم دور کرنے کو نہیں سوچتے۔ یہ کتنے افسوس کی بات ہے، کیا ہی بہتر ہوتا کہ عید کے دن ہم اپنے دلوں میں ایک دوسرے کے خلاف پنپنے والی بدگمانیوں کو دور کرلیتے۔ بہت سے لوگوں سے کئی دنوں سے بات چیت بند ہوتی ہے، ترک تعلق کئے مہینے گزر جاتے ہیں۔ عید کا دن روٹھے ہوؤں کو منانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ لہٰذا دیر نہ کیجئے، عید کے دن سوئیوں کا ڈونگا اٹھا کر روٹھے ہوئے رشتہ داروں اور دوستوں کے گھر پہنچ جائیے۔ نرمی سے سمجھانے اور پیار سے منانے کی کوشش کیجئے، سوئیوں کی مٹھاس اور آپ کی باتوں کی شیرینی سے بھلاکون روٹھ سکتا ہے۔ اس کے بعد بھی کوئی کمی باقی رہ گئی تو اسے گلے لگا لیجئے، ساری شکایتیں دور ہوجائیں گی۔ 
دعوت کا اہتمام
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ عید کی شام ایک پارٹی کا اہتمام کرلیں۔ جس میں ان عزیزوں کو دعوت دیں جن سے تعلق رکھے مدتیں گزر گئی ہیں۔ یہ پارٹی میل ملاپ رکھنے اور تعلقات بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ اس پارٹی میں اپنے غریب رشتے داروں کو بھی مدعو کریں۔ ایک ہی دسترخوان پر سبھی مل بانٹ کر کھائیں۔ دیکھئے گا یہ عید آپ کو سالہا سال یاد رہ جائے گی۔ 
عید کارڈ
ذرا تصور کیجئے کہ عید کے دن آپ کے گھر کی گھنٹی بجتی ہے اور کوریئر والا ڈھیروں رنگین کارڈ دے جاتا ہے جو آپ کے پیارے رشتہ داروں اور دوستوں کی جانب سے ہوتا ہے، تو یقیناً آپ اس سے محظوظ ہوں گے۔ تو پھر کیوں نہ اس عید پر اپنے احباب کو کارڈ دینے کا اہتمام کیا جائے، عمدہ اور عید کی مناسبت سے اشعار، سنہری باتیں اور رنگین صفحات سے سجے کارڈ عید کے دن اپنے عزیزوں تک ضرور پہنچائیں۔ اگر یہ کارڈ آپ اپنے ہاتھوں سے تیار کرتے ہیں تو وصول کرنے والی کی خوشی دگنی ہوگی۔ کارڈ کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ یہ قدم سامنے والے کے لئے یادگار ثابت ہوگا۔ 
عید کے تحائف
اس عید پر آپ اپنے ملنے جلنے والوں، پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو عید کے تحائف بھی دے سکتے ہیں۔ بچوں کو چاکلیٹ، کھلونے، بڑوں کو کوئی عمدہ کتاب، یا اپنے ہاتھوں سے بنائی لذیذ ڈش بھی دی جاسکتی ہے۔ نو عمر لڑکیوں کو تحفے میں چاند بالیاں یا کنگن بھی دیا جاسکتا ہے۔ یہ ان کے لئے بہترین تحفہ ثابت ہوگا۔ اس سے عید کی خوشیاں بھی دو بالا ہوجائیں گی اور عزیز رشتہ دار بھی مسرور ہوں گے۔ 
نادار رشتہ داروں کی خبرگیری
عید ہو اور خواتین سج دھج کر تیار نہ ہوں تو یہ ہو ہی نہیں سکتا۔ خواتین کی عید کی تیاریاں بھی دیدنی ہوتی ہیں۔ عید کے لئے ہر صنف نازک کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سب سے منفرد نظر آئے۔ ان ساری تیاریوں اور مصروفیتوں میں اپنے غریب رشتہ دار اور پڑوسیوں کو نہ بھولیں۔ ان کو عید کے تحائف کی شکل میں نفیس کپڑے، عمدہ کٹلری، زیور، اور عیدی کی شکل میں رقم دے کر اپنا فرض ادا کریں۔ اس سے ان کی انا کو ٹھیس بھی نہ پہنچے گی اور ان کی مدد بھی ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ آپ کا قیمتی وقت بھی ان کے لئے بہترین تحفہ ثابت ہوسکتا ہے۔ عید کے دن ان کے گھر چلے جائیں اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزار آئیں، انہیں بے حد خوشی ہوگی۔ 
عزیزوں سے ملاقات
عید کے موقع پر حقیقی خوشی ایک دوسرے سے ملنے ملانے اور پاس بیٹھنے ہی سے حاصل ہوتی ہے۔ لہٰذا وقت نکال کر اپنے عزیز واقارب کے گھر ضرور جائیں اور اپنے بچوں کو بھی ساتھ لے جائیں اس سے صلہ رحمی اور باہمی محبت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ساتھ ہی رشتے مستحکم ہوتے ہیں۔ 
ہے روز عید بھلاؤ تمام شکوے گلے
گلے ملو تو کچھ ایسے کہ دل سے دل بھی ملے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK