Inquilab Logo Happiest Places to Work

میری ڈائری میری سہیلی.... آج ہی سے لکھنا شروع کریں

Updated: December 02, 2020, 1:22 PM IST | Shaikh Saeeda Unsari

سہیلی اپنی شخصیت کی پرچھائیں، سکھ دکھ کی ساتھی اور ایک غمگسار تھی جو زندگی کے نشیب و فراز میں کہیں دور ہوگئی ہے، اب اس کی قربت کا بہترین متبادل۔ ڈائری لکھنے میں مضمر ہے۔ اب یہ ڈائری ہی آپ کی سہیلی ہے کیونکہ اس کے ذریعے آپ اپنے دل کے احوال قلمبند کرسکتی ہیں اورتناؤ کو مٹا سکتی ہیں۔سہیلی کے ذکر ہی سے خوشگوار لمحات کی یاد آتی ہے۔ یاد کی یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ ذہن کو متحرک کرکے ماضی کو زندہ کر دیتی ہے اور وہ چہرہ نظروں میں گھوم جاتا ہے جو بھیڑ میں ایک منفرد حیثیت رکھتا تھا۔

Diary Writing -  Pic : INN
ڈائری رائیٹنگ ۔ تصویر : آئی این این

سہیلی کے ذکر ہی سے خوشگوار لمحات کی یاد آتی ہے۔ یاد کی یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ ذہن کو متحرک کرکے ماضی کو زندہ کر دیتی ہے اور وہ چہرہ نظروں میں گھوم جاتا ہے جو بھیڑ میں ایک منفرد حیثیت رکھتا تھا۔ سہیلی اپنی شخصیت کی پرچھائیں، سکھ دکھ کی ساتھی اور ایک غمگسار تھی جو زندگی کے نشیب و فراز میں کہیں دور ہوگئی ہے، اب اس کی قربت کا بہترین متبادل ڈائری لکھنے میں مضمر ہے۔ اب یہ ڈائری ہی آپ کی سہیلی ہے کیونکہ  اس کے ذریعے آپ اپنے دل کے احوال قلمبند کرسکتی ہیں اورتناؤ کو مٹا سکتی ہیں۔
لکھنے کی عادت کو فروغ دے گی
 اس تکنالوجی کے دور میں ہاتھ سے لکھنا عنقریب ختم ہونے کے دہانے پر ہے کیونکہ اب بغیر لکھے ہی لیپ ٹاپ اور وہاٹس ایپ پر سارا کام ہو رہا ہے تو ہاتھ سے لکھے گا کون؟ لیکن آپ کی دماغی صحت کے لئے لکھنا ضروری ہے کیونکہ سائنسی نقطہ نظر سے ہاتھ سے لکھنا بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ جب لکھتے ہیں تو دائیں دماغ اور بائیں دماغ میں تال میل بنتا ہے جس سے دماغ کو توجہ دینے میں مدد ملتی ہے اور سکون ملتا ہے۔ جلد یاد ہوجاتا ہے اور دماغ پر دیر تک اثرات رہتے ہیں۔ دماغی صلاحیتیں تیز ہوتی ہیں اور بڑھتی عمر کے افراد کے لئے ہاتھ سے لکھنا ایک نعمت ہے جو انہیں ڈیمنشیا (بھولنے کی بیماری) سے محفوظ رکھتی ہے۔
واقعات سے سبق لینے میں مدد دے گی
 روزانہ کے واقعات لکھنے میں سرسری جائزے کے بجائے حالات کو گہرائی سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے تو یہ ایک فلیش بیک کا کام کرتا ہے  اور خود کی خامیاں اور خوبیاں نظر آتی ہیں۔ کیا اچھا ہوا؟ کیا نہیں؟ یہاں پر ایک اہم بات یہ ہوتی ہے کہ کیا اچھا ہوا کے ساتھ خوشی کا احساس ہوتا ہے اور کیا نہیں ہوا؟ کے ساتھ اپنی خامیوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ اس طرح اپنی غلطی سدھارنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈائری لکھنے کا بہترین حاصل یہی ہے کہ خود کی اصلاح ہوتی ہے اور شخصیت میں نکھار آتا ہے۔ اس طرح یہ سہیلی بہتر انسان بننے میں مدد دے گی۔
ذہنی تناؤ کم کرنے 
کا ذریعہ بنے گی
 آج کے دور میں زندگی، ذہنی تناؤ اور الجھنوں سے دو چار رہتی ہے۔ دوسروں سے ان کا حل تلاش کرنے پر مزید پریشانی بڑھ جاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ دوسروں کو بتانے کے بجائے اس مسئلے کو تحریر کرنے سے آپ کو فکر، غصہ اور بے چینی سے نجات مل جاتی ہے۔ یہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ ٹھنڈے دماغ سے حالات کا جائزہ لینے سے مسائل کا حل نکالنے میں مدد ملتی ہے۔ ہے نا یہ سہیلی کام کی چیز اور تناؤ کم کرنے کا ذریعہ۔
تنہائی کی بہترین ساتھی
 جب آپ ڈائری کے صفحات پر جھانکتے ہیں تو وہ تمام یادیں تازہ ہو جاتی ہیں یہ تنہائی کی بہترین ساتھی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی سرگرمی ہے جو ماضی اور حال کو جوڑنے والی ایک کڑی ثابت ہوتی ہے۔ اکثر ہم اپنے دل کی بات کسی سے کہنا چاہتے ہیں مگر کہنے سے جھجک محسوس کرتے ہیں تو ڈائری آپ کی بہترین ساتھی ہے۔ آپ اپنے دل کی ہر بات اس میں لکھ سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کو بہت سکون محسوس ہوگا۔
ہر عمل کا ایک ردعمل ہوتا ہے
 اس عمل کے ردعمل میں آپ اپنے خیالات کا اظہار اور خود کی سنتے ہیں تو خود سے قریب ہونے کا ایک ذریعہ ہوگا۔ تاریک گوشوں میں بھی روشن پہلو تلاش کرنے کا ہنر آئے گا۔ خود اعتمادی کو فروغ ملے گا۔ وقت گزارنے کا ایک بہترین ذریعہ ہوگا۔ غور و فکر اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔ سب سے اہم اپنے خیالات اور افکار کو جامع الفاظ میں ڈھال کر لکھنے کا فروغ پاتا ہے۔
ڈائری لکھنا ترک نہ کریں
 ڈائری روزانہ لکھنا چاہئے۔ عادت بھی روز لکھنے ہی سے پڑتی ہے، لیکن اگر کسی دن اتفاق سے ڈائری نہ لکھ سکے یا لکھنے کے قابل کوئی بات ہی نہ ہوئی اس دن چھوڑ بھی سکتے ہو۔ میرا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی دن ڈائری لکھنے سے رہ جائے تو اس سے بد دل ہوکر بالکل ہی چھوڑ نہ دینا چاہئے۔ ناغہ ہوجانے میں اتنا ہرج نہیں ہے جتنا کسی اچھے کام کو ہمیشہ کے لے چھوڑ دینے میں ہے۔
ابھی بھی اُمید باقی ہے
 اس سائنسی زمانے میں ہاتھ سے لکھنا پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے کچھ باقی ہے۔ اس ’کچھ باقی‘ کو مندرجہ بالا فوائد کی روشنی میں لکھنے کی عادت کو فروغ دیں یقیناً یہ صحت کے اعتبار سے سود مند ہوگا۔
 اور ہاں، یاد رہے کہ ماہرین کے مطابق ڈائری لکھنے کا مطلب لمبے چوڑے صفحات بھرنا نہیں، ایک مخصوص وقت میں چند سطروں میں اپنے دن بھر کا احوال لکھ دینے سے بھی آپ مندرجہ بالا فوائد حاصل کرسکتے ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK