Inquilab Logo

 دوبچوں کی والدہ نغمہ تبسم بی پی ایس سی امتحان میں کامیاب،ایس ڈی ایم بنیں گی

Updated: November 02, 2023, 10:31 AM IST | Mumbai

مشرقی چمپارن کے کول پور گاؤں کی رہنے والی نغمہ تبسم نے تیسرے اٹیمپٹ میں ریاستی سروس امتحان میں    ۵۲؍ویں رینک حاصل کی ہے

Senior civil servant Naghama Tabasim can be seen with her family
اعلیٰ سرکاری افسر بننے والی نغمہ تبسم اپنے اہل خانہ کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں

مشرقی چمپارن ضلع کے کول پور گاؤں کی  رہنے والی نغمہ تبسم نے بہارپبلک سروس کمیشن کے۶۷؍ویں بی پی ایس سی کمبائنڈ سروس امتحان میں ۵۲؍ویں رینک سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس  کارنامہ کی بنیاد پر وہ  ایس ڈی ایم کے عہدہ کی حقدار قرار پائی ہیں۔  اہم بات یہ ہے کہ وہ خاتون خانہ ہیں اور دو بچوں کی والدہ ہیں۔  نغمہ نے بی پی ایس سی امتحان میں یہ شاندار کامیابی تیسری کوشش میں حاصل کی ہے۔ انہوں  نے بتایا کہ ’’میرے شوہر اور خسر نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ، انہوں نے ترغیب دی کہ میں  اعلیٰ  سرکاری افسر بنوں ۔  جس کے بعد میں نے ریاستی سروس امتحان کی تیاری شروع کی۔ اس سے قبل  مجھے دو اٹیمپٹ میں ناکامی ہاتھ آئی تھی۔‘‘
  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’چیلنج تو بہت بڑا تھا اور سفر بھی مشکل تھا۔ لیکن سسرال اور مائیکے کی طرف سے مجھے کافی سپورٹ ملا۔ گھر میں پڑھائی کا ماحول تھا، اسی سبب یہ نتیجہ ممکن ہوپایا۔ ‘‘ نغمہ نے بتایا کہ ’’میرے شوہر اشراف احمد مشرقی چمپارن  کے سگولی نگر پنچایت میں جے ای کے عہدہ پر ہیں۔‘‘
 نغمہ نے ایک دیگر سوال کے جواب میں بتایا کہ ’’ امتحان کی تیاری میں اہل خانہ کا کافی تعاون ملا ہے۔ امتحان کا اسٹرکچر کافی مشکل ہےاور ہر سال یہ مشکل ہوتا جارہا ہے۔ اسی لئے اس کی تیاری کے لئے مکمل طور پر توجہ چاہئے۔ گھنٹوں پڑھائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ‘‘
 نغمہ نے ہائی اسکول تک کی تعلیم تُرکولیا میں حاصل کی، جبکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے پلس ٹو مکمل کیا۔ بعد ازیں انہوں نے انٹیگرل یونیورسٹی سے بی ٹیک اور علی گڑھ یونیورسٹی سے کمپیوٹرسائنس میں ایم ٹیک کیا ہے ۔  امتحان کی تیاری اور کامیابی کے راز کے متعلق نغمہ نے کہا کہ’’یہ امتحان مشکل تو ہے ، اس کے لئے مکمل خودسپردگی چاہئے ، مطلب یہ کہ آپ اس کی بھرپور تیاری کے لئے خود کو مکمل طور پر وقف کردیں۔ صبر اور استقامت بھی بہت ضروری ہے ۔ آپ ذہین ہیں اچھی بات ہے لیکن  یہ امتحان ذہانت کے ساتھ ساتھ سخت محنت اور وقت کی پابندی کا بھی چاہتا  ہے ۔‘‘

BPSC Exam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK