چین کی مشہور کنزیومر الیکٹرانک کمپنی ’اوپو ‘ نے دنیا کی سب سے تیز چارجنگ ٹیکنالوجی پیش کرکے حیران کردیا ہے ۔
EPAPER
Updated: July 20, 2020, 11:32 AM IST
|
Agency
چین کی مشہور کنزیومر الیکٹرانک کمپنی ’اوپو ‘ نے دنیا کی سب سے تیز چارجنگ ٹیکنالوجی پیش کرکے حیران کردیا ہے ۔ کمپنی نے دو دن قبل اسمارٹ فون چارجنگ کیلئے سب سے طاقتور۱۲۵؍ واٹ چارجر متعارف کرایا ہے۔چین میں ایک تقریب کے دوران کمپنی کی جانب سے کئی اقسام کے چارجر متعارف کرائے گئے جن میں۱۲۵؍ واٹ کے ساتھ ساتھ۵۰؍واٹ منی سپر وی او او سی چارجر،۱۱۰؍ واٹ منی فلیش چارجر اور۶۵؍ واٹ ایئر وی او او سی وائرلیس چارجر شامل تھے۔ کمپنی کے مطابق۱۲۵؍ واٹ فلیش چارجر ٹیکنالوجی۴؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری کو۵؍منٹ۴۱؍ فیصد جبکہ۲۰؍ منٹ میں صد فیصدچارج کردیتی ہے۔ اتنی تیز چارجنگ سے پاور سیل اور اسمارٹ فون کو تحفظ دینے کیلئے ٹیکنالوجی میں۳؍ متوازی چارج پمپس دیئے گئے ہیں جو پاور کو تقسیم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اوپو کی جانب سے اضافی تحفظ کیلئے ۱۰؍ اضافی ٹمپریچر سینسربھی دیئے گئے ہیں۔ایئر وی او او سی وائرلیس چارجر بہتر کولنگ کیلئے سرکیولر ڈیزائن کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ حرارت کے اخراج کیلئے ایک گلاس پینل بھی اس میں موجود ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وائرلیس چارجر میں خودکار طور پر چارج پمپ الگ کرنے والی ٹیکنالوجی دی گئی ہے جو وائرلیس چارجنگ کو بہتر کرتا ہے۔یہ وائرلیس چارجر۴؍ ہزارایم اے ایچ بیٹری کو۳۰؍ منٹ میں مکمل چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ اس وقت یہ چارجر کانسیپٹ مرحلے میں ہے کیونکہ کسی بھی اوپو اسمارٹ فون میں اس کا سپورٹ موجود نہیں۔۵۰؍واٹ منی سپر وی او او سی چارجر کسی پورٹ ایبل۴؍ جی موڈیم کے حجم کا ہے جس کو جیب میں رکھ کر کہیں بھی لے جایا جاسکتا ہے۔ یہ وی او او سی پروٹوکولز(۴ء۰؍ سے۳۰؍ واٹ) سے مطابقت رکھتا ہے، جبکہ۲۷؍ اور۵۰؍ واٹ پی پی ایس پر بھی کام کرسکتا ہے۔مناسب کرنٹ کی فراہم کیلئے اس منی چارجر میں پلس چارجنگ نامی فیچر دیا گیا۔ ۱۱۰؍واٹ منی چارجر بھی اسی خیال کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے بس یہ ذرا بڑا ہے جو تمام مقبول اسٹینڈرڈز سپر وی او او سی۶۵؍ واٹ تک، وی او او سی۳۰؍ واٹ تک کیلئے مطابقت رکھتا ہے۔ آسان الفاظ میں۱۲۵؍ واٹ، ۱۱۰؍ واٹ، ۵۰؍ واٹ اور۶۵؍ واٹ وائرلیس چارجر اوپو کے علاوہ دیگر کمپنیوں کے فونز پر بھی کام کرسکتے ہیں۔تاہم اوپو کا کہنا ہے کہ دیگر کمپنیوں کے فونز چارجنگ رفتار محدود ہوگی۔فی الحال ان چارجرز کی قیمت اور دستیابی کے متعلق کوئی آفیشیل اطلاع نہیں دی گئی ہے۔