ملازمت پیشہ خواتین اکثر ناکامی کے خوف سے اہم فیصلے کرنے سے گھبراتی ہیں۔ اگر وہ ترقی کی راہ میں آگے بڑھنا چاہتی ہیں تو انہیں منفی خیالات اور ناکامی کے ڈر پر قابو پانا ہوگا۔ ساتھ ہی کامیابی کے نت نئے طریقے، مثبت سوچ اور جذبے کے ساتھ کامیابی کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے کوشاں رہنا ہوگا۔
عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے ناموافق حالات کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔ تصویر: آئی این این
ملازمت پیشہ خواتین اپنے شعبے میں کامیاب ہونے کیلئے مسلسل جدوجہد کرتی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آگے بڑھنے اور ترقی کے حصول کی سچی لگن ہو تو کامیابی قدم چوم لیتی ہے۔ اس کے لئے مستقل مزاجی کے ساتھ ساتھ چند دوسری باتیں مدنظر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین کی رہنمائی کے لئے چند باتیں بتائی جا رہی ہیں:
ناکامی کے خوف قابو پائیں
ملازمت پیشہ خواتین کی کثیر تعداد ناکامی کے انجانے، ان دیکھے خوف کے زیر اثر صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کرپاتی۔ منفی خیالات کا بوجھ خوف کے احساس کو مضبوط کرتا ہے جو کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔ اس سوچ اور منفی خیالات پر قابو نہ پایا جائے تو آگے بڑھنا مشکل ہوجاتا ہے اور ناکامی کے ان دیکھے خوف حقیقت کا روپ دھارتے نظر آتے ہیں۔ لہٰذا ترقی کی راہ پر سفر کرنا ہو تو منفی خیالات اور خوف پر قابو پانا ازحد ضروری ہے مگر اس کے لئے اپنی صلاحیتوں اور توانائی کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں نظرانداز کر دیں۔ کامیابی کے نت نئے طریقے، مثبت سوچ اور جذبے کے ساتھ کامیابی کے حصول کو ممکن بنائیں۔
اپنی بات کا اظہار کریں
دفتری میٹنگز میں یا کولیگز کے درمیان کسی بھی معاملے میں ہونے والی گفتگو یا بحث میں اپنا موقف بیان کرنے سے نہ جھجکیں۔ کچھ خواتین لوگوں کے سامنے اظہار رائے یا اپنا موقف بیان کرنے سے ہچکچاتی ہیں۔ یہ ہچکچاہٹ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوسکتی ہے۔ اکثر و بیشتر کمپنی کی بہتری یا کسی بھی دفتری معاملے میں ملازمین سے آراء طلب کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر اپنا موقف دلائل کے ساتھ بیان کرنا پراعتماد شخصیت کی نشانی ہے۔ خیال رہے، کم وقت میں اپنی بات کہیں۔
تنقید کا سامنا کریں
بیشتر خواتین تنقید سے گھبراتی ہیں۔ بعض اوقات تو وہ ملازمت چھوڑنے کا بھی ارادہ کرلیتی ہیں۔ تنقید ہونے پر وہ مایوسی کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اگر تنقید مثبت ہو تو اصلاح کی کوشش کرنی چاہئے۔ تنقید کو مثبت لیتے ہوئے کامیابی کی منزل کی جانب بڑھتے رہنا چاہئے۔ البتہ اگر تنقید برائے تنقید ہو تو بہتر یہی ہے کہ اپنے مثبت اور پراعتماد رویے سے تنقید کرنے والے کو مثبت جواب دیا جائے اور بہترین ردعمل یہ ہے کہ تنقید کا اثر نہ لیا جائے۔ اپنے ذہن و دل اور سوچوں کو اپنے تابع رکھنے اور خوش رہنے کا ہنر سیکھ لیں۔
بہت زیادہ توقع نہ کریں
پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے والی خواتین ایسی ملازمت کی توقع رکھتی ہیں جہاں تنخواہ شاندار ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات مہیا ہوں اور دوران کار کسی طرح کی پریشانی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔ تاہم اکثر و بیشتر یہ توقعات پوری نہیں ہوتیں۔ مسائل اور زندگی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ اسی لئے عملی زندگی میں اکثر سب کچھ توقعات کے مطابق نہیں ہوتا۔ زندگی میں کامیابی کی راہ ناہموار ہے۔ ترقی کی راہ نشیب و فرازکا آنا ناگزیر ہے۔ کامیاب وہی ہوتے ہیں جو توقعات کے پورا نہ ہونے پر گھبرانے کے بجائے ناموافق حالات کا ہمت سے مقابلہ کرتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے ناموافق حالات کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔
غلطیوں سے سیکھیں
کام کے دوران سبھی سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ اکثر بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلئے جلد بازی میں بھی کئی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ اپنی ہر غلطی سے سبق سیکھنے اور اس کو دوبارہ نہ دہرانے کی عادت زندگی میں بہتری کی جانب گامزن کرتی ہے۔ اس کے برعکس غلطیوں کی نشاندہی پر احساس ِکمتری کا شکار ہوجانا یا غصے کا اظہار کرنا راہ کی رکاوٹ ثابت ہوتا ہے۔
شخصیت پر توجہ دیں
خواتین کسی بھی عہدے پر فائز ہوں اور ان پر کتنی ہی بڑی ذمہ داریوں کا بوجھ کیوں نہ ہو، اپنی شخصیت کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں رہیں اور یہی کامیاب خواتین کی نشانی ہے۔ موزوں لباس، ہلکے پھلکا میک اپ اور موقع کی مناسبت سے جیولری کا اہتمام ان کی شخصیت میں چار چاند لگا دیتا ہے، لیکن اعتماد کے بغیر شخصیت کا نکھار نامکمل رہتا ہے۔ خود اعتمادی، سادگی میں بھی نکھار پیدا کردیتی ہے۔
ہمت نہ ہاریں
اپنے کام کو بہتر سے بہتر انداز سے انجام دیں۔ چاہے اس کیلئے مطالعہ درکار ہو یا تحقیق کرنی پڑے، بھرپور محنت سے اپنے کامیابی سے ہمنکار ہوسکتی ہیں۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار کیلئے اس سے متعلقہ کورسیز وغیرہ کرسکتی ہیں۔ اس سب کے باوجود بعض اوقات سخت مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑجاتا ہے۔ ایسے میں ہمت ٹوٹتی محسوس ہوتی ہے۔ یاد رکھیں کہ مشکلات اور مسائل کامیابی کی کنجی ہوتے ہیں۔ ان سے شکست کھانے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنا سیکھیں۔ سب سے اہم، ہمیشہ مسکراتے رہیں، آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔