اس تیز رفتار دور میں خواتین کو ملازمت کیلئے بے شمار مواقع دستیاب ہیں لیکن انہیں کچھ مسائل آج بھی درپیش ہیں۔ جس میں سب سے اہم گھر اور گھر سے متعلق ذمہ داریاں ہیں۔ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ دونوں ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھائیں۔ اس کے باوجود انہیں چند مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ وہ خود اُن مسائل کو حل کرسکتی ہیں۔
زندگی میں منظم طریقے سے کام کریں، سارے کام خوش اسلوبی سے انجام پاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔
خواتین پر بے شمار ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ وہ خوش اسلوبی سے اپنی تمام ذمہ داریوں کو نبھائیں تو گھر گہوارہ مسرت بن جاتا ہے اور ذمہ داریوں سے منہ موڑ لیں تو گھر کا شیرازہ بکھر جاتا ہے اور جب خواتین ملازمت کرنے لگ جائیں تو یہ ذمہ داریاں دہری ہو جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کو ملازمت اختیار کرنے میں بہت سی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ البتہ وہ اِن مشکلات سے خود باہر آسکتی ہیں۔
ملازمت پیشہ خواتین کو درپیش مسائل
صنفی امتیاز: بعض اوقات خواتین کو ملازمت کی جگہوں پر صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مختلف اداروں میں تنخواہ کا برابر نہ ہونا، پیشہ ورانہ ترقی کے زیادہ مواقع دستیاب نہ ہونا، خواتین کی صلاحیتوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جانا، مرد ساتھی کا تضحیک آمیز رویہ جیسے صنفی امتیازات خواتین سامنا کرتی آرہی ہیں۔
سماجی اور ثقافتی رکاوٹیں : ملازمت پیشہ خواتین کو متعدد سماجی اور ثقافتی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عورت کی آزادی اور خود مختاری کو آج بھی کئی مقامات پر ناپسندیدگی کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین کو لے کر معاشرے میں یہ عمومی تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ با اختیار ہونے کی وجہ سے گھریلو ذمہ داریوں سے خود کو بری سمجھتی ہیں جبکہ سچ تو یہ ہے کہ ایسی خواتین کے حصے میں سخت جدوجہد اور دہری ذمہ داریاں آتی ہیں۔
ملازمت اور نجی زندگی میں عدم توازن: کچھ خواتین ملازمت اور ذاتی زندگی میں توازن برقرار نہیں رکھ پاتیں۔ گھر یا ملازمت دونوں میں سے کسی ایک جگہ بھی اگر انہیں ذہنی تکالیف اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ جائے تو ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
بچوں کی نگہداشت اور پرورش کا مسئلہ: نیوکلیئر خاندان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی دونوں ملازمت پیشہ ہوں تو بچوں کی تربیت بہت بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔ بچے نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ ان کی تعلیمی اور سماجی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور ان کی شخصیت کی نشوونما ٹھیک سے نہیں ہوپاتی۔
مخلوط خاندانی نظام کے تقاضے اور توقعات: آج ہم کسی بھی ملازمت کو اختیار کریں ہماری صد فیصد کارکردگی ہوگی تبھی آگے بڑھنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ پیشہ ورانہ ترقی ممکن ہوگی۔ ملازمت پیشہ خواتین عمدہ کارکردگی انجام دینے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔ ملازمت اور نجی زندگی کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ہلکان ہوجاتی ہیں۔ دونوں جگہ توازن برقرار رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتیں۔ اس کے باوجود انہیں گھر میں قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔ کبھی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ان کی اپنی شخصیت بھی نظر انداز ہو جاتی ہے۔ جوائنٹ فیملی کے اپنے تقاضے اور توقعات ہوتے ہیں۔ وہ خواتین جو صبح سے شام تک مصروف ہوں ان سے غلطی یا کوتاہی ہو جانا عام سی بات ہے۔ گھر کے افراد سمجھدار ہوں تو خیر ہے ورنہ ناچاقیاں جنم لیتی ہیں اور رشتے خراب ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات تھکاوٹ کی وجہ سے گھر کے کام وقت پر مکمل نہیں ہو پاتے اور یہ چھوٹی سی غلطی بھی انہیں اوروں کی نظر میں مجرم بنا دیتی ہے۔
مسائل کا حل
وقت کی مناسب منصوبہ بندی: اپنے افعال کی انجام دہی کیلئے وقت کی تقسیم اور مناسب منصوبہ بندی بے حد ضروری ہے۔ ہم منظم طریقے سے اپنے کاموں کو انجام دیں تو ہر کام وقت پر پورا ہوگا۔ آرام کے لئے بھی وقت میسر ہوگا۔
ترجیحات: کسی بھی کام کو ترجیح اور ضرورت کے مطابق انجام دیا جائے۔ جو کام بہت ضروری ہیں وہ پہلے کر لئے جائیں جو کم ضروری ہیں انہیں فرصت کے اوقات میں کیا جائے۔ ساتھ ہی اپنے لئے بھی کچھ وقت ضرور نکالیں۔
موبائل فون کے بے جا استعمال سے پرہیز: موبائل فون کا استعمال کرتے وقت محتاط رہیں۔ موبائل فون ہمارا وقت برباد کر رہا ہے۔ اس سے بے سکونی ہوتی ہے اور کاموں کی ترتیب بگڑ جاتی ہے۔ لہٰذا موبائل فون کے بے جا استعمال سے بچیں۔ ساتھ ہی فون میں غیر ضروری اپیس نہ رکھیں۔
افراد خانہ سے مدد لینا: اپنے کاموں کو انجام دینے کے لئے آپ اپنے بچوں شوہر اور دیگر افراد خانہ سے مدد لے سکتی ہیں۔ ان سے نرمی سے پیش آئیں اور مدد لیں۔ آپ کا طریقہ صحیح ہوگا تو سب آپ کی مدد ضرور کریں گے۔
واضح حدود مقرر کریں : کچھ خواتین شوقیہ، کچھ متحرک رہنے کے لئے تو کچھ مجبوریوں اور ضرورتوں کے تحت ملازمت کرتی ہیں۔ آپ چاہے کسی بھی مقصد سے ملازمت کررہی ہیں آپ کو واضح حدود رکھنی چاہئے۔
دوران کام وقفہ لیں : چھوٹے چھوٹے وقفے لے کر کام کریں۔ اس سے کام بھی مناسب طریقے سے ہوگا اور آپ کو بوجھ بھی محسوس نہیں ہوگا۔ بچوں کے ساتھ باتیں کریں، ہنسی مذاق کریں۔ اس سے آپ کی ذہنی و جسمانی تھکاوٹ دور ہوگی۔ رشتوں میں خوشگواریت برقرار رہے گی۔