Inquilab Logo

بہار انٹرامتحان کے ۲؍ٹاپرجن کی کامیابی مشعل راہ ہے

Updated: March 31, 2021, 5:21 PM IST | Agency | Bihar

خوانچہ فروش کی بیٹی سونالی کماری امسال انٹر امتحان میں سائنس اسٹریم کی ریاستی ٹاپر بنی ہیں، جبکہ گھریلو ملازمہ کے بیٹے شبھم کمار پٹنہ شہر کے سیکنڈ ٹاپر بنے ہیں۔ سونالی نے ۵۰۰؍ میں سے ۴۷۱؍ مارکس جبکہ شبھم نے ۴۶۴؍نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے

State topper Sonali Kumari with her father Chanulal. Picture:INN
ریاستی ٹاپر سونالی کماری اپنے والد چنولال کے ساتھ ۔تصویر :آئی این این

 گزشتہ دنوں بہار انٹر امتحان کے نتائج کا اعلان  ہوا۔ ان میں معاشی طور سے کمزور طبقہ سے تعلق رکھنے والے دو ہونہار طلبہ نے امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرکے طلبہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ ذہانت، محنت اور لگن ہو تو  ٹاپر بنا جاسکتا ہے اور غربت اور حالات اس معاملے میں راہ کی رکاوٹ نہیں بنتے۔   تفصیلات کے مطابق پٹنہ شہر کی طالبہ سونالی کماری نے انٹرامتحان میں ۵۰۰؍ میں  سے ۴۷۱؍ مارکس حاصل کرکے سائنس اسٹریم کی ریاستی ٹاپر کا اعزاز اپنے نام کیا ہے جبکہ پٹنہ شہر کے ہی رہنے والے شبھم کمار  ۴۶۴؍ مارکس کے ساتھ سائنس اسٹریم میں ریاست کے سیکنڈ نمبر ٹاپر بنے ہیں ۔یہ دونوں ہی طلبہ اپنی اس حصولیابی کے ذریعہ تمام طلبہ کے لئے مشعل راہ بنے ہیں۔
ٹاپر سونالی کے والد خوانچہ فروش ہیں
 انٹرمیڈیٹ(بارہویں بورڈ) امتحان میں  سائنس اسٹریم کی ٹاپر ہونے کا اعزاز حاصل کرکے سونالی کمار ان لڑکیوں کے لئے رول ماڈل بن گئی ہیں جو نامساعد حالات کو مات دے کر کچھ کر گزرنے کی تمنا رکھتی ہیں۔  سونالی نے کل ۵۰۰؍  مارکس میں سے ۴۷۱؍ مارکس  حاصل کئے ہیں۔  ’نیوانڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق سونالی کماری کے والد چنّو لال خوانچہ فروش ہیں۔ وہ بسکٹ، چوڑا اور دیگر اشیاء فروخت کرتے ہیں۔ 
 سونالی کمار کہتی ہیں کہ’’میں نے امتحان کی تیاری سال بھر کی ہے، حتیٰ کے لاک ڈاؤن کے درمیان بھی میں نے پڑھائی کا سلسلہ جاری رکھا۔ یہ کامیابی اسی محنت کا نتیجہ ہے ‘‘ وہ کہتی ہیں کہ ’’میں آئی اے ایس افسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔‘‘سونالی کے ٹاپر بننے کی خبر جب ان کے گھر والوں کو ہوئی تو پہلے انہیں یقین ہی نہیں ہوا۔ سونالی کے محلے میں بھی خوشی کا ماحول ہے۔  ریاستی محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری سنجے کمار نے ٹویٹر پر سونالی کماری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
شبھم کمار کی والدہ گھریلو ملازمہ ہیں
 انٹرمیڈیٹ امتحان میں سائنس اسٹریم میں  پٹنہ کے سیکنڈ ٹاپر بننے والے شبھم کمار کی ریاستی سطح پر چھٹی پوزیشن آئی ہے۔ شبھم بھی معاشی طور پر کمزور خاندا ن سے تعلق رکھتے ہیں۔ شبھم کی والدہ رینو دیوی لوگوں کے گھر برتن مانجھنے اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرتی ہیں۔ شبھم کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور اس کی والدہ ہی گھر کی کفالت کی ذمہ داری سنبھالتی ہیں۔ 
 ’لائیو ہندوستان ڈاٹ کوم‘ کی رپورٹ کے مطابق پٹنہ کالجیٹ ہائی اسکول میں زیر تعلیم شبھم کمار نے ۵۰۰؍نمبرات میں سے ۴۶۴؍ مارکس حاصل کئے ہیں۔ شبھم کی والدہ رینو دیوی نے بتایا کہ ’’شبھم کے پتا ۲۰۰۹ء میں گزرگئے۔ تب سے میں برتن ، کپڑے دھونے کا کام کررہی ہوں۔ میرے بیٹے نے یہ کامیابی حاصل کرکے ہمیں بڑی ہی خوشی دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شبھم کو ریاضی میں ۹۸؍ مارکس اور کیمسٹری میں  ۹۵؍  مارکس ملے ہیں۔  شبھم نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے سائنسی تجربات کرنا اچھا لگتا ہےا ور میں آئی آئی ٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے سائنس کے شعبہ میں کریئر بنانا چاہتا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK