Inquilab Logo

رمضان میں یہ عادتیں آپ کی صحت کیلئے نقصاندہ ہیں

Updated: March 29, 2023, 10:16 AM IST | ODhni desk | Mumbai

ماہِ مبارک کے قالب میں خود کو ڈھالنے اور معمول کو بہتر بنانے میں کامیابی ملنے لگتی ہے تو یہ مہینہ ختم ہو جاتا ہے، اسی لئے رمضان کی قبل از وقت منصوبہ بندی ضروری ہے۔ چند مضر صحت عادات سے چھٹکارہ حاصل کرکے اسے مزید فائدہ مند بنایا جا سکتا ہے۔ بس اس کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کرنا ہوگا

Use simple drinks instead of cold drinks at Iftar
افطار میں کولڈرنکس کے بجائے سادہ مشروبات کا استعمال کریں

رمضان المبارک کا مہینہ ہر سال بڑی تیزی سے گزر جاتا ہے اور اس دوران ماہِ مبارک کے قالب میں خود کو ڈھالنے اور معمول کو بہتر بنانے میں کامیابی ملنے لگتی ہے تو یہ مہینہ ختم ہو جاتا ہے، اسی لئے رمضان کی قبل از وقت منصوبہ بندی ضروری ہے۔ چند مضر صحت عادات سے چھٹکارہ حاصل کرکے اسے مزید فائدہ مند بنایا جا سکتا ہے۔ 
 رمضان کے مہینے میں سب سے زیادہ نیند کے اوقات خراب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ساری روٹین پر اثر پڑتا ہے، اکثر افراد رمضان کے مہینے میں ہر وقت نیند میں نڈھال نظر آتے ہیں جبکہ پیشگی منصوبہ بندی سے اس مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔
 رمضان کے مہینے میں چند عادات سے پرہیز کر کے اس مہینے کو بآسانی اور خوش اسلوبی سے گزارا جا سکتا ہے، بس خود کو ذہنی طور پر تیار کرنا ہے کہ مندرجہ ذیل بتائی گئی عادات کو اس مہینے کے دوران دہرانا نہیں ہے:
رات بھر جاگنا، سحری یا افطار کے بعد فوراً سو جانا
 طبی ماہرین کی جانب سے کسی بھی کھانے کے فوراً بعد سونا منع کیا جا تا ہے، یہ انسانی صحت کے لئے مضر صحت عادت قرار دی جاتی ہے، رمضان میں یہ عادت اس لئے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے کیوں کہ ہمارے جسم کو کھانا بہت دیر بعد ملتا ہے جسے ہضم کرنے میں اور انسانی جسم میں جذب ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے، اس عادت سے بد ہضمی، گیس کا ہونا، بوجھل پن اور تھکاوٹ بڑھ جاتی ہے، مزید وزن میں اضافہ اور دل کی بیماریوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
کیفین یعنی چائے کافی کا استعمال بڑھا دینا
 کچھ افراد خود کو تازہ دم رکھنے یا سحری تک جگائے رکھنے کے لئے کافی یا چائے کی مدد لیتے ہیں، رمضان کے دوران کیفین کا زیادہ استعمال باعث نقصان ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ کافی یا چائے پینے سے انسانی جسم میں محفوظ پانی خارج ہو جاتا ہے اور انسان بہت جلد ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو سکتا ہے۔
بہت زیادہ مرغن غذاؤں اور میٹھے مشروبات کا استعمال
 ماہرین کی جانب سے ہر صورت میں چکنائی کی کم سے کم مقدار کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، رمضان کے دوران صرف دو وقت کے کھانے کے دوران جب اچانک مرغن غذاؤں کا استعمال شروع کر دیا جائے تو جسمانی نظام غیر متوازن ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول لیول بڑھنے کے نتیجے میں روزہ دار بہت جلد بیمار پڑ سکتا ہے۔
افطار کے بعد تیزابیت سے بچنے 
کے آزمودہ گھریلو نسخے
 افطار کے دوران سادہ یا لیموں پانی کو ترجیح دینی چاہئے، اس دوران کولا ڈرنکس اور بہت زیادہ میٹھے مشروبات کے استعمال سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
متحرک نہ رہنا
 رمضان کے دوران خود کو متحرک نہ رکھنا یا چہل قدمی نہ کرنا ایک مضر صحت عادت ہے، رمضان کے مہینے میں ورزش کے دوگنے فوائد حاصل ہوتے ہیں جبکہ سب سے بڑھ کر انسان خود کو متحرک اور چاق چوبند محسوس کرتا ہے اور غذا بھی بآسانی ہضم ہو جاتی ہے، معدے کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
سحری کئے بغیر روزہ رکھنا
 سحری کے وقت سب ہی کے لئے اُٹھنا نہایت مشکل ہوتا ہے مگر سحری کئے بغیر روزہ رکھنا اچھی عادت نہیں ہے، سحری کے وقت اُٹھنا اور سحری کرکے روزہ رکھنا ایک صحت مندانہ عمل ہے ، سحری کرنے  سے انسانی جسم کی سائیکل متوازن اور نظام بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔
افطار کے فوراً بعد چہل قدمی کرنا
 ماہرین کے مطابق یہ عادت مناسب نہیں ہے، روزہ دار کئی گھنٹوں بعد کھانا کھاتا ہے جس کے نتیجے میں جسم کو آرام اور معدے کو غذا ہضم کرنے کے لئے وقت اور آرام کی ضرورت ہوتی ہے، افطار کے فوراً بعد چہل قدمی کرنے یا ورزش کرنے کی صورت میں معدہ اپنا کام کرنا چھوڑا دیتا ہے اور اس کے سبب معدے کی کارکردگی متاثر اور غیر متوازن ہو سکتی ہے۔
رمضان میں نمک کا زیادہ استعمال
 رمضان میں کھائے جانے والے پکوان میں نمک کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، پھر چاہے چھولے ہوں، یا نمکین لسی، لیکن اس سے جسم میں پانی کی کمی بھی ہوسکتی ہے اور پانی کی کمی کے باعث جلد خشک ہونے لگتی ہے۔ اس کے لئے کیلے کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں سوڈیم سے زیادہ پوٹاشیم بڑھے۔
افطاری اور سحری کے فوری بعد سونا
 صرف رمضان میں ہی نہیں بلکہ کسی بھی وقت کچھ کھانے کے فوری بعد سونا صحت کیلئے نقصاندہ ہے۔ رمضان میں یہ عادت اس لئے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ ہمارے جسم کو کھانا بہت دیر بعد ملتا ہے۔ اس عادت سے وزن میں اضافہ اور دل کی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK