Inquilab Logo

لمبے سفر کے دوران کار کو ’اوور ہیٹنگ‘سے بچانے کےنسخے

Updated: July 04, 2020, 10:36 AM IST | Sajan Chouhan | Mumbai

عموماًموسم گرما میں کاروں میں اوورہیٹ کا مسئلہ ہوتا ہے لیکن سفر طویل ہو تو یہ مسئلہ عام دنوں میں بھی پیش آسکتا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

چار پہیہ گاڑیاں  موسم گرمامیں  ’اوورہیٹنگ‘ کے مسئلے سے دوچار ہوتی ہیں ۔ گرمی ہی کیا، عام دنوں  میں  بھی یہ مسئلہ سر اُبھارسکتا ہے اگر طویل سفر کیا جائے تو۔ اسی لئے آج ہم کار کے اوور ہیٹنگ کے مسئلے سے بچنے کے لئے کچھ نسخے پیش کررہے ہیں ۔ اس مضمونن میں  ہم ایسے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں  گے جن کے ذریعے لمبے سفر کے دوران کسی بھی مشکل سے بچا جا سکتا ہے۔ سفر شروع کرنے سے پہلے کار کے سبھی حصوں کو لازماً چیک کرلینا چاہئے۔ گاڑی کو چیک کرتے ہوئے کبھی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ اس سے بعد میں آپ کا کافی وقت بچے گا۔ ان کاموں کی فہرست تیار کر لیں جو گرم دنوں میں آپ کی زندگی کو آسان بنائیں گے۔
 فلوڈ لیول چیک کریں : جس طرح انسان کو پانی خوب پینا چاہیے، اسی طرح کار کو رواں انداز میں چلنے کیلئے فلوڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ لمبے سفر پر نکلنے سے پہلے تمام فلوڈ لیولز اچھی طرح چیک کریں ۔ سب سے پہلے اپنے ریڈی ایٹر میں ’کولنٹ‘ کا لیول چیک کریں ۔ ریڈی ایٹر میں کولینٹ کا کم ہونا کار کے ہیٹ اَپ ہونے کا سبب بنے گا۔ اگر ضرورت ہو تو کولینٹ بھریں اور ڈھکن کو اچھی طرح بند کریں ۔ بریک فلوڈ کی بوتل چیک کریں کہ اس میں بریک آئل کی ضروری مقدار موجود ہے۔ ڈِپ اسٹک کا استعمال کرکے انجن آئل کا لیول چیک کریں ۔ بہتر تو یہی ہے یہ مکمل بھرا ہونا چاہیے لیکن پھر بھی یہ ڈِپ اسٹک پر بالکل درمیان میں بھی ہو تو چلے گا۔ ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور پاور اسٹیئرنگ فلوڈ کو بھی ضرور چیک کریں تاکہ آپ کو سفر کے دوران کسی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
گاڑی کی بیٹری کی جانچ:اگر آپ کی کار میں بیٹری پرانی ہے تو بیٹری لوڈ ٹیسٹر یا ہائیڈرومیٹر کی مدد سے اسے چیک کریں ۔ بیٹری کے ٹرمینل کو اچھی طرح صاف کریں تاکہ اس پر کوئی کوروژن نہ رہ جائے۔ اس کام کیلئے ہمیشہ سیفٹی گلوز کا استعمال کریں ۔ یقینی بنائیں کہ ٹرمینل اچھی طرح ٹائٹ کیے گئے ہیں تاکہ کوئی اسپارکنگ نہ ہو۔ بیٹری کے تمام ڈھکن ایک، ایک کرکے کھولیں اور الیکٹرو لائٹ (بیٹری کا پانی) اچھی طرح چیک کریں ۔ لیڈ پلیٹیں اچھی طرح الیکٹرولائٹ کے اندر ڈوبی ہوئی ہونی چاہئیں ۔ اگر ضرورت ہو تو ڈِسٹلڈ واٹر استعمال کریں اور ڈھکن کو اچھی طرح بند کریں ۔
بیلٹس: ٹائمنگ بیلٹ ایک ربڑ بیلٹ ہے جو کرینک شافٹ کو کیم شافٹ گھمانے میں مدد دیتی ہے۔ اگر ٹائمنگ بیلٹ ٹوٹ جائے تو انجن چلنا بند ہو جائے گا۔ اس سے انجن کو کافی نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔ ایسی کسی بھی صورت حال سے بچنے کے لیے اسے بروقت تبدیل کریں ۔ زیادہ تر کاروں میں ٹائمنگ بیلٹ بدلنے کا وقت۸۰؍ہزار کلومیٹرز ہے (مزید تفصیلات کیلئے آپ اپنی کار کا مینوئل ضرور دیکھیں )۔ سفر سے پہلے اسے دیکھیں ۔ ایک اور بیلٹ ہوتا ہے جسے ایکسیسری ڈرائیو بیلٹ (سرپنٹائن بیلٹ، آلٹرنیٹر بیلٹ یا فین بیلٹ) بھی کہتے ہیں ، جو ایئر کنڈیشننگ کمپریسر، میکانیکل پاور اسٹیئرنگ پمپ اور آلٹرنیٹر چلاتا ہے۔ ٹوٹنے کی صورت میں اس کے ذریعے ملنے والی پاور فوراً ختم ہو جائے گی۔ اس سے کئی مسئلے پیدا ہوسکتے ہیں ۔ اے سی بند ہو جانے سے بیٹری چارج نہ ہونے تک۔ اس کی اچھی طرح جانچ کریں یا اطمینان کیلئے کسی ماہر سے رابطہ کریں ۔
ٹائروں کی ہوا دیکھیں : گرم موسم میں ٹائر پھیلتے ہیں ۔ گرمیوں کے دوران روڈ کا درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے کچھ ڈگری زیادہ ہی رہتا ہے۔ اس لیے ایسی صورت حال میں ٹائر کو کافی ٹوٹ پھوٹ کا شکارہوتا ہے۔ایئر پریشر جانچنے کے لیے کسی بھی قریبی ایئر فلنگ اسٹیشن پر جائیں اور اسے ضروری حد تک لائیں ۔ اس کے علاوہ گرمیوں کے لیے بنائے گئے ٹائروں کا استعمال کریں جو عام ٹائروں کے مقابلے میں ذرا سخت ہوتے ہیں تاکہ شدید گرمی میں کام کر سکیں ۔ بہترین طریقہ یہ ہے کہ اچھے معیار کا ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم حاصل کریں ۔
ایئر کنڈیشنر چیک کریں : کار چلانے سے پہلے ایئر کنڈیشنر چلا کر دیکھیں کہ وہ صحیح سے کام کر رہا ہے یا نہیں ۔ ٹھنڈا کار کیبن آپ کے سفر کی تھکاوٹ کو کم کر دیتا ہے۔ سفر شروع کرنے سے پہلے ایئر فلو کو دو مرتبہ چیک کریں ۔ یقینی بنائیں کہ کیبن فلٹر صاف ہے۔ ضرورت پڑے تو اسے تبدیل کر دیں ۔ اگر اے سی بہترین طریقے سے کام کرتا نظر نہ آئے تو اس کا ریفریجرنٹ لیول کسی ماہر سے چیک کروائیں ۔ 

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK