Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: چیری رَس گلا چیز کیک

Updated: March 28, 2026, 9:12 AM IST | Mumbai

چیری رَس گلا چیز کیک بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Cherry Rasgulla Cheese Cake. Photo: INN
چیری رَس گلا چیز کیک۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: ۱۵۰؍ گرام کریم چیز (بغیر نمک)، ۱۷۵؍ گرام وھیپڈ کریم، ایک پیکٹ بسکٹ، ۴۰-۵۰؍ گرام بٹر، ۲۰۰؍ گرام باریک شکر، ایک چھوٹا چمچہ دارچینی پاؤڈر، ۴-۵؍ چھوٹے چمچے دہی، ۱۰؍ عدد رس گلے، سجانے کیلئے چیری۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے اپنی بیس تیار کریں۔ اس کے لئے بلینڈر میں بسکٹ ڈالیں اور اسے دردرا پیس لیں۔ اسے ایک پیالے میں نکال لیں۔ پھر اس میں تھوڑا سا پگھلا ہوا بٹر، تھوڑی سی شکر اور دارچینی پاؤڈر شامل کرلیں۔ اب ایک کیک رنگ لیں اور بسکٹ کے آمیزے کی ۲؍ سے ۳؍ سینٹی میٹر کی پرت تیار کرلیں۔ اس کے بعد اسے ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ تک ٹھنڈا ہونے تک کے لئے فریزر میں رکھ دیں۔ اب دوسرے پیالے میں تھوڑی کریم چیز ڈالیں، البتہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کریم چیز کا درجہ حرارت کمرے کے مطابق ہو۔ اس کے بعد اس میں دہی شامل کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب اس میں تھوڑی شکر اور تھوڑا وھیپڈ کریم ڈالیں۔ اسے اچھی طرح ملا لیں۔ اس فلنگ کو فریزر سے نکالے ہوئے بسکٹ والے بیس کے اوپر بچھا دیں۔ اب رس گلے لیں۔ پہلے ان کا رَس پوری طرح نچوڑ دیں اور پھر ان رس گلوں کو کریم چیز کی پرت پر کم کم فاصلے پر رکھ دیں۔ ہر رس گلے کے اوپر چیری کامپوٹ (یہ ایک طرح کا چیری کا مربہ ہوتا ہے جو بازار میں بآسانی دستیاب ہوتا ہے) ڈالیں اور پھر اس کے اوپر باقی ماندہ کریم چیز کی فلنگ کو بھر دیں۔ اوپر سے دھیرے سے سپاٹ کر دیں۔ اب اس چیز کیک کو کم سے کم ۶؍ گھنٹے کے لئے فریج میں ٹھنڈا ہونے دیں۔ زیادہ بہتر یہ ہے کہ اسے رات بھر فریج میں رکھیں۔ ۶؍ گھنٹے یا رات بھر فریج میں رکھنے کے بعد کیک کو سانچے سے نکال لیں۔ کیک کا چھوٹا حصہ کاٹیں اور اس کے اوپر تھوڑا چیری کامپوٹ ڈالیں۔ سجاوٹ کے لئے آپ چاہیں تو اس کے اوپر ایک چیری رکھ سکتی ہیں۔ لیجئے چیری رس گلا چیز کیک تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK