مُرغ پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 5:06 PM IST | Mumbai
مُرغ پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء:
چکن پونا کلو، چاول ایک کلو (پکانے سے ایک گھنٹہ قبل دھو کر بھگو دیں)، گھی ایک پاؤ (۲۵۰؍ گرام )، لہسن دو گٹھی، پیاز ۲؍ عدد، گرم مسالہ، تیز پات اور سفید زیرہ حسب ِضرورت، نمک حسب ِذائقہ، سونف اور دھنیا حسب ِمنشاء۔
بنانے کا طریقہ:
پہلے چکن دھو کر اس میں اتنا پانی ڈال دیں کہ چکن گل جائے۔ اب ایک باریک کپڑے میں سونف اور دھنیا ایک پوٹلی میں باندھ کر اُسی پانی میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی ایک عدد پیاز، ایک گٹھی لہسن بھی دھو کے ڈال دیں۔ جب چکن گل جائے تو اُتار لیں۔ پلاؤ کی یخنی تیار ہے، سونف، دھنیے کی پوٹلی نکال کے ضائع کر دیں۔ اب ایک دیگچی میں گھی ڈالیں اور ایک پیاز کاٹ کر سرخ کرلیں۔ اس کے بعد سفید زیرہ اور ساتھ میں یخنی سے نکال کر چکن بھی ڈال دیں اور یخنی ایک طرف رکھ دیں۔ بھونتے ہوئے گرم مسالہ، تیز پات، ابلی ہوئی لہسن کی گٹھی کا آمیزہ بھی شامل کردیں اور پھر کچھ دیر میں بھیگے ہوئے چاول بھی ڈال دیں۔ یخنی کی مقدار اگر کم ہو تو چاولوں کی مناسبت سے تھوڑا پانی بڑھا بھی سکتے ہیں۔ چاول جب ایک کنی رہ جائیں، تو دَم دے دیں اور ساتھ چند قطرے کیوڑے کے بھی شامل کر دیں۔ ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ بعد چولہا بند کردیں اور تقریباً ۱۰؍ منٹ بعد اسے ڈش میں نکالیں۔ لیجئے لذید مرغ پلاؤ تیار ہے۔