آج بنایئے عید کا خاص پکوان ’’مٹن کی خاص بریانی۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: May 26, 2026, 10:08 AM IST | Mumbai
آج بنایئے عید کا خاص پکوان ’’مٹن کی خاص بریانی۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول ۳؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ۲؍ بڑے چمچے، پیاز ۳؍ عدد (درمیانی)، پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ بڑے چمچے، ثابت گرم مسالہ ایک بڑا چمچہ، بادام ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، پستے ۸؍ سے ۱۰؍ عدد، پسا ہوا ناریل ۲؍ بڑے چمچے، دہی ایک پیالی، دودھ آدھی پیالی، زعفران ایک چوتھائی چھوٹا چمچہ، گھی حسب ِ منشاء۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے بادام، پستے اور ناریل کو ملا کر پیس لیں۔ گوشت کو صاف دھو کر چھلنی میں رکھ کر خشک کر لیں۔ پیاز کو باریک کاٹ کر سنہری فرائی کر لیں۔ چاولوں کو دھو کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بھگو کر رکھیں پھر اُبلتے ہوئے پانی میں نمک اور چھوٹی الائچی ڈال کر ایک کنی اُبال لیں اور چھلنی میں چھان کر ڈھانک کر رکھ دیں۔ فرائنگ پین میں ۲؍ بڑے چمچے گھی ڈال کر ثابت گرم مسالہ ڈال دیں، جب کڑکڑانے لگے تو ایک چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ایک سے ۲؍ منٹ فرائی کرلیں۔ پھر اس میں پیاز، آدھی پیالی دہی، نمک اور لال مرچ ڈال کر ملائیں۔ پھر گوشت ڈال کر ملائیں اور ہلکی آنچ پر ڈھانک کر اتنی دیر پکائیں کہ گوشت مکمل طور پر گل جائے۔ علاحدہ فرائنگ پین میں ۲؍ بڑے چمچے گھی کو گرم کرکے اس میں ایک چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ فرائی کریں، پھر اس میں بادام، پستے اور ناریل کا پیسٹ ڈال دیں۔ آدھی پیالی دہی ڈال کر ملائیں اور اس آمیزہ کو گوشت میں شامل کر دیں۔ اب اسے ڈھانک کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ ۵؍ سے ۷؍ منٹ بعد گوشت کو پھیلے ہوئے بڑے فرائنگ پین میں ڈالیں اور اوپر سے اُبلے ہوئے چاول پھیلا کر ڈال دیں۔ زعفران کو ۵؍ سے ۷؍ سیکنڈ کے لئے ہلکا سا گرم کریں اور نیم گرم دودھ میں ملا کر چاولوں پر ڈال دیں۔ پھر ڈھانک کر ہلکی آنچ پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں نکالتے ہوئے اچھی طرح ملائیں اور گرم گرم مزیدار بریانی کا سلاد اور رائتے کے ساتھ لطف اٹھائیے۔