Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: مچھلی کی چٹ پٹی بریانی

Updated: July 04, 2026, 9:56 AM IST | Mumbai

مچھلی کی چٹ پٹی بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Machli Ki Chatpati Biryani. Photo: INN
مچھلی کی چٹ پٹی بریانی۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: مچھلی ایک کلو، چاول ۳؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ۲؍ بڑے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، دھنیا پسا ہوا ایک بڑا چمچہ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی آدھا چھوٹا چمچہ، ٹماٹر ۴؍ عدد (درمیانہ)، بریستا آدھی پیالی، دہی ایک پیالی، ہری مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، پودینہ چند پتّے، کیوڑا چند قطرے، زردے کا رنگ آدھا چھوٹا چمچہ، تیل آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: مچھلی کے قتلے کرکے اسے صاف دھو کر رکھ لیں۔ چاولوں کو دھو کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بھگوئیں پھر نمک اور پودینے کے پتے ڈال کر اُبال کر رکھ لیں۔ اس کے بعد پھیلے ہوئے فرائنگ پین میں تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں اور کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر ڈھانک دیں۔ جب ٹماٹر گلنے پر آجائے تو اس میں بریستا، نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا اور گرم مسالہ ڈال کر پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے خوب اچھی طرح بھونیں۔ جب تیل علاحدہ ہونے لگے تو دہی پھینٹ کر ڈال دیں اور مچھلی کے قتلے پھیلا کر رکھ دیں۔ اسے ڈھانک کر ۵؍ سے ۷؍ منٹ پکائیں اور احتیاط سے مچھلی کو نکال کر علاحدہ رکھ لیں، مسالے کو اچھی طرح بھون کر پین سے نکال لیں۔ اسی پین میں ایک سے ۲؍ بڑے چمچے تیل ڈال کر اُبلے ہوئے آدھے چاول پھیلا کر ڈال دیں اور اس پر تیار کیا ہوا مسالہ ڈالیں اور اس پر باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔ دوبارہ چاولوں کی تہہ لگا کر اوپر سے زردے کا رنگ اور کیوڑا ڈالیں اور آخر میں مچھلی کے قتلے رکھ کر ڈھانک دیں۔ ہلکی آنچ پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ کیلئے دَم پر رکھ دیں۔ اس مزیدار چٹ پٹی بریانی کو سلاد اور رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK