مغلئی چکن پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2026, 9:44 AM IST | Mumbai
مغلئی چکن پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن ایک کلو، چاول ۳؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، پیاز ۳؍ عدد، بادام ایک پیالی، تل ایک بڑا چمچہ، خشخاش ایک بڑا چمچہ، پسا ہوا ناریل ۲؍ بڑے چمچے، لال مرچ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، ہری مرچ ۴؍ سے ۶؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، فریش کریم آدھی پیالی، گھی آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے چکن کو صاف دھو کر رکھ ایک طرف رکھ دیں۔ اب ۲؍ بڑے چمچے گھی کو گرم کریں، اس میں ایک باریک کٹی ہوئی پیاز کو سنہری فرائی کریں۔ پھر اس میں پسا ہوا ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چکن کی بوٹیوں کو اچھی طرح بھونیں اور اس میں تین پیالی پانی ڈال دیں۔ دھیمی آنچ پر پکاتے ہوئے جب چکن گلنے پر آجائے تو بوٹیوں کو یخنی سے نکال کر یخنی کو محفوظ کر لیں۔ ۶؍ سے ۸؍ بادام کو خشخاش، تل اور ناریل کے ساتھ باریک پیس لیں۔ ایک بڑا چمچہ گھی میں پسے ہوئے مسالے میں نمک اور لال مرچ پاؤڈر شامل کرکے پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے بھون لیں، پھر اس میں چکن اور کریم ملا کر دھیمی آنچ پر دَم پر رکھ دیں۔ فرائنگ پین میں گھی میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکی سنہری فرائی کریں اور اس میں زیرہ اور چاول (۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ پہلے دھو کر بھگوئے ہوئے) ڈال کر بھونیں اور یخنی اور نمک ڈال کر ملا لیں۔ درمیانی آنچ پر پکاتے ہوئے جب چاول کا پانی خشک ہونے پر آجائے تو اچھی طرح ملا کر دَم پر رکھ دیں۔ چاولوں کو پھیلی ہوئی ڈش میں کناروں پر نکالیں اور چکن کے آمیز کو درمیان میں پھیلا کر ڈال دیں۔ اوپر سے فرائی کئے ہوئے بادام سے سجا کر پیش کریں۔