ان دنوں حکومت نے اچانک رسوئی گیس کے دام میں تقریباً ۱۵۰؍ روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ایسے میں اس کا غیر ضروری استعمال آپ کے مہینے کا بجٹ بگاڑ سکتا اور آپ کے جیب پر بھی بوجھ بڑھ سکتا ہے۔ اس سے بچنے کیلئے گیس کا استعمال کرنے سے قبل ذیل میں دیئے گئے چند طریقے اپنائیں
رسوئی گیس کی بچت کیلئے آزمائیں یہ آسان طریقے ۔ تصویر : آئی این این
اگر آپ یہ محسوس کر رہی ہے کہ آپ کے گھر میں رسوئی گیس زیادہ خرچ ہو رہی ہے تو آپ کو اس کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہئے۔ ویسے بھی ان دنوں حکومت نے اچانک رسوئی گیس کے دام میں تقریباً ۱۵۰؍ روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ایسے میں اس کا غیر ضروری استعمال آپ کے مہینے کا بجٹ بگاڑ سکتا اور آپ کے جیب پر بھی بوجھ بڑھ سکتا ہے۔ اس سے بچنے کیلئے آپ کو رسوئی گیس کا استعمال کرنے سے قبل چند طریقے اپنانے ہوں گے جس سے کھانا بنانے میں گیس کی کھپت کم ہوگی اور آپ کے پیسوں کی بچت بھی ہوگی۔ آج ہم آپ کو چند طریقے بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ رسوئی گیس کی بچت کرسکتی ہیں۔ تو آیئے جانیں ان طریقوں کے بارے میں:
پکوان کی تیاری
رسوئی گیس کی بچت کرنے کے لئے کھانا بنانے سے پہلے جو بھی پکوان تیار کر رہی ہیں اس سے متعلق ضرورت کے سارے سامان سامنے رکھ لیں۔ اس سے وقت اور گیس دونوں کی بچت ہوگی۔
پریشر کوکر کا استعمال
اگر ممکن ہو تو سبزی کڑاہی یا فرائنگ پین میں بنانے کے بجائے پریشر کوکر میں بنائیں۔ پریشر کوکر میں کھانا جلدی بنتا ہے جس سے رسوئی گیس کی کھپت کم ہوتی ہے۔
ڈھانک کر پکائیں
کیا آپ کو معلوم ہے کہ بغیر ڈھانک کر کھانا بنانے پر رسوئی گیس کی زیادہ کھپت ہوتی ہے، اس طریقے میں کھانا بنانے سے تین گنا زیادہ گیس خرچ ہوتی ہے، اسلئے ہمیشہ کھانا ڈھانک کر ہی پکائیں۔
بڑے برتن کا استعمال
کھانا بناتے وقت صحیح سائز کے فرائنگ پین یا کڑاہی کا ہی استعمال کریں۔ بڑے پین یا کڑاہی کا استعمال کرنے پر انہیں گرم ہونے اور ان میں کھانا پکانے میں رسوئی گیس کی کھپت کم ہوتی ہے وہیں چھوٹے سائز کے پین یا کڑاہی میں کھانا بنانے پر آنچ باہر نکلتی ہے اور گیس کی کھپت زیادہ ہوتی ہے۔
فروزن فوڈ فریج سے نکال کر رکھ لیں
فروزن فوڈ یا فریج میں رکھے ہوئے دودھ اور سبزیوں کو پکانے سے کم سے کم ایک سے ۲؍ گھنٹے پہلے باہر نکال لیں، اس سے گیس کی کھپت کم ہوگی۔ جب وہ کمرے کے درجہ حرارت پر آجائے تب انہیں پکائیں۔
زیادہ پانی نہ ڈالیں
کھانا بناتے وقت سبزی میں پانی ضرورت کے حساب ہی سے ڈالیں۔ سبزی میں زیادہ پانی ڈال کر اسے پکنے میں وقت زیادہ درکار ہوگا جس سے رسوئی گیس بھی زیادہ استعمال ہوگی، ساتھ ہی سبزی کو بہت دیر تک اُبالنے سے سبزی کی غذائیت بھی ضائع ہو جاتی ہے۔
اُبالنے کیلئے کوکر کا استعمال
گوشت، چکن، دالیں اور کچھ سبزیوں کو ابالنے میں رسوئی گیس زیادہ صرف ہوتی ہے، اس لئے ایسی سبزیوں یا گوشت کو پکانے کے لئے ہمیشہ پریشر کوکر کا استعمال کریں۔ یا ہو سکے تو اسے پہلے مائیکروویو میں ڈال کر ’سیمی کوک‘ (ادھورا پکا ہوا) کرلیں۔ آپ کو بتا دیں کہ رسوئی گیس کی بہ نسبت مائیکروویو میں گوشت یا چکن جلدی پکتا ہے۔
چائے کافی کیلئے پانی گرم کرکے رکھ لیں
بار بار چائے، کافی بنانے یا پانی اُبالنے سے بھی رسوئی گیس زیادہ خرچ ہوتی ہے۔ لہٰذا گرم پانی کو ایک بار گرم کرکے بوتل میں محفوظ کرلیں، اس سے رسوئی گیس کی بچت ہوگی۔
دھیمی آنچ پر پکائیں
اگر آپ کھانا گیس پر بنا رہی ہیں تو کوشش کریں کہ اسے ہمیشہ دھیمی آنچ پر ہی پکائیں کیونکہ بہت تیز آنچ پر کھانا بنانے سے کھانا جل بھی سکتا ہے اور بہت کم آنچ پر بنانے سے گیس زیادہ خرچ ہوتی ہے۔ لہٰذا دھیمی آنچ یعنی درمیانی آنچ پر کھانا پکائیں۔
کبھی کبھی دوسرا آپشن
سردیوں میں بار بار گرم پانی کرنے کے لئے گیس کی جگہ الیکٹرک واٹر ہیٹر یا سولار واٹر ہیٹر کا استعمال کریں۔
چولہے کی دیکھ بھال
وقتاً فوقتاً گیس کے ریگولیٹر، پائپ اور برنر کو چیک کرتے رہیں، کہیں گیس لیک تو نہیں ہو رہی ہے، اگر گیس لیک ہو رہی ہے تو فوراً اس کی مرمت کروائیں، کیونکہ اس سے زیادہ گیس خرچ ہوتی ہے اور ساتھ ہی حادثہ ہونے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔ چولہے کے برنر کی بھی پابندی سے صفائی کرتے رہے، اگر برنر سے پیلے رنگ کی لو نکل رہی ہے تو اسے صاف ضرور کریں۔ ساتھ ہی باقاعدگی سے رسوئی گیس اور چولہے کی سرویسنگ کرواتے رہیں۔
گیلے برتن کو خشک کرکے استعمال کریں
کھانا بنانے سے پہلے دھوئے ہوئے برتن کو خشک کرلیں اور اس کے بعد چولہے پر رکھیں۔ گیلے برتن میں کھانا بنانے سے گیس زیادہ خرچ ہوتی ہے۔
دیر سے گھلنے والی چیزوں کو بھیگا کر رکھیں
دال، چنا اور راجما جیسی چیزوں کو بنانے سے ۳؍ سے ۴؍ گھنٹہ پہلے بھیگو دیں۔ اس سے انہیں بننے میں کم وقت لگے گا اور گیس کی بچت بھی ہو جائے گی۔
کب تیز اور کب دھیمی آنچ رکھیں؟
دھیان رکھیں، برتن یا توے کو گرم کرتے وقت آنچ تیز رکھیں۔ جیسے ہی برتن یا توا گرم ہو جائے تو آنچ کو دھیمی کر دیں۔ غور طلب ہے کہ برتن کو گرم کرنے میں جتنی آنچ کی ضرورت ہوتی ہے اتنی کھانا پکانے میں نہیں ہوتی ہے۔