Inquilab Logo

فوکس ویگن ٹِگوان آل اسپیس، کشادگی اور طاقت کا بہترین امتزاج

Updated: February 06, 2021, 2:53 PM IST | Bhavna Choudhry

اس نئی کار کو جہاں پہلے کےماڈل کے مقابلے زیادہ کشادہ بنایا گیا ہے وہیں اس میں مسافروں کی آرام دہ نشست کیلئے بھی خاصا خیال رکھا گیا ہے

Volkswagen Tiguan Allspace.Picture :INN
فوکس ویگن ٹِگوان آل اسپیس۔ تصویر :آئی این این

 ملک میں پریمیم ایس یو وی کاروں کے سیگمنٹ کی جب بھی بات ہوتی ہے تو مارکیٹ میں موجود چنندہ متبادل ہی یاد آتے ہیں۔ ان میں فوکس ویگن کی کار ’ٹگوان آ ل اسپیس‘ نے اپنی ایک اہم جگہ بنائی ہے۔ گزشتہ سال فوکس ویگن  نے اپنی اس کار کو اَپ ڈیٹ کرتے ہوئے زیادہ کشادہ بنایا اور اسے ’ٹِگوان آل اسپیس‘ کے نام سے لانچ کیا تھا ۔ ظاہر ہے نام سے ہی پتہ چلتا ہے کہ اس نئی کار کی سب سے اہم خوبی اس کی کشادگی ہے۔ اس نئی کار کو ہم نے گزشتہ ہفتے تقریباً ۸۰۰؍کلومیٹر تک آزمائشی طور پر چلایا۔ اس پریمیم ایس یو وی کے روڈ ٹیسٹ   کے تجربہ اور مشاہدہ کو ہم اپنے الفاظ میں یہاں پیش کررہے ہیں۔
 ڈیزائن اور لُک 
 ٹِگوان آل اسپیس کو جب آپ روڈ پر لے کر نکلتے ہیں تو یہ لوگوں کی توجہ اپنی جانب بخوبی کھینچتی ہے۔ اس کار کی لمبائی ۴۸۲۱؍ ایم ایم، اونچائی ۱۸۳۹؍ایم ایم اور چوڑائی ۱۶۷۴؍ ایم ایم ہے۔ جو اپنے پرانے ماڈل کے موازنہ میں ۲۱۵؍ ایم ایم زیادہ لمبی ہے۔ اس تبدیلی کے باعث اس کی تیسری لائن میں کشادگی نظر آتی ہے۔ کار کو سامنے سے دیکھنے پر کئی ساری چیزیں قابل توجہ لگتی ہیں۔ سامنے کی جانب ایک وائیڈ گِرِل ، ایل ای ڈی ہیڈلیمپ اور ڈے ٹائم رننگ لائٹ کے ساتھ ۱۸؍ انچ کے الائے وہیل اس کے لُک کو پرکشش بناتے ہیں۔ ٹِگوان آل اسپیس کے پچھلی جانب ٹیل گیٹ کے ساتھ ایک ہاف لوور پر کروم کی فنشنگ دی گئی ہے ۔  وہیں سائیڈ پروفائل میں ریئر اوور ہیڈ پہلے سے زیادہ بڑا ہے۔ مجموعی طور پر ڈیزائن ایک پریمیم فٹ اینڈ فنشنگ سے لیس ہے ۔
انٹیریئر ایسا ہے
 فوکس ویگن کی اس نئی کار کے انٹیریئر کی بات کریں تواس میں مکمل سیاہ رنگ کا ڈیش بورڈ دیا گیا ہے۔ جس میں انسٹرومنٹ کلسٹر کو اب ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔ آپ جتنا بھی لمبا سفر طے کریں، نشستوں  پر آرام دہ احساس ملے گا۔ وہیں سامنے کی طرف ایک بڑا گلاس اسکرین وزیبلٹی کو بڑھاتا ہے۔ کیبن کی دیگر سہولتوں میں ایک ڈیجیٹل ڈرائیور کا ڈسپلے، کنیکٹیڈ کار ٹیکنالوجی، پینورامک سن ُروف،تھری زون کلائیمیٹ کنٹرول، آٹو ایڈجسٹیبل فرنٹ سیٹیں، اے بی ایس، ریئر ویوو کیمرا، کروز کنٹرول، رِکالنگ سیکنڈ رو بیک سیٹ، فرنٹ ہِٹ سیٹس، ۸؍ انچ کا ٹچ اسکرین سسٹم ، پاورڈ ٹیل گیٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بطور سیکوریٹی فیچر فوکس ویگن نے   ٹِگوان آل اسپیس میں  ۷؍ ایئر بیگز، الیکٹرانک اسٹیبلٹی کنٹرول (ای ایس سی)، ہِل ڈسینٹ کنٹرول وغیرہ   فراہم کیا ہے۔
دوسری اور تیسری لائن کی نشتوں پر بیٹھ کر سفر کا تجربہ ایسا رہا
 ہمارا تجربہ ہے کہ ٹگوان آل اسپیس کی پچھلی سیٹوں پر بیٹھنے والے افراد آسانی سے لمبا سفر کرسکتے ہیں۔ دوسری لائن میں آپ کو چارجنگ پوائنٹس اور اے سی وینٹ مل جاتے ہیں۔پچھلی سیٹوں کو آپ اپنے پیروں کو جگہ دینے کے حساب سے ایڈجسٹ کرسکتے ہیں۔ جس میں پیچھے والے مسافر کیلئے ٹرے فولڈر اور ایک بڑی ونڈو دی گئی ہے۔ ساتھ ہی پینورامک سن رُوف درمیانی لائن تک آسانی سے پہنچتی ہے۔ یعنی پیچھے بیٹھے لوگ اس فیچر کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ میرا قد ۵ء۷؍سے زیادہ ہے اس کے باوجود میں نے لمبے وقت تک اس کار کی پچھلی سیٹوں پر بیٹھ کر سفر کیا جس میں مجھے کوئی پریشانی محسوس نہیں ہوئی۔ تیسری لائن کی بات کریں تو یہ ایک ۷؍ سیٹوں والی کار ہے ، جیسا کہ ہم نے آپ کو بتایا کہ کمپنی نے اس کی لمبائی کو پرانے ماڈل کے مقابلے میں بڑھادیا ہے تو اس کا اثر تیسری لائن میں واضح طور پر نظر آتا ہے۔ تیسری لائن میں گلاس ایریا کافی اچھا ہے۔ حالانکہ تیسری لائن میں لمبے قد کے افراد کو طویل سفر کے دوران  تھوڑی پریشانی ہوسکتی ہے۔ 
بُوٹ اسپیس بڑھایا جاسکتا ہے
 کار کے بُوٹ اسپیس کو ۲۳۰ ؍لیٹر سے لے کر پیچھے کی سیٹوں کو فولڈ کرکے ۱۲۷۴؍ لیٹر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ لمبے سفرکیلئے اگر ۳؍ سے ۴؍ لوگ نکلتے ہیں تو اس میں اچھا خاصا سامان رکھا جاسکتاہے۔ وہیں اگر فیملی تھوڑی بڑی ہے تو بُوٹ اسپیس کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑسکتا ہے۔ اس کے موڈ کے ذریعے آپ اپنے مُوڈ اور روڈ کے حساب انہیں بدل سکتے ہیں۔ اس میں نارمل، کمفرٹ اور اسپورٹس موڈ شامل ہیں جو بخوبی اسٹیئرنگ اور ہیڈلنگ کو کنٹرول کرتے ہیں۔ اس کار کو لمبی دوری تک چلاتے ہوئے ہمیں ۹۰؍ سے ۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پر ۱۱؍ سے ۱۳؍ کلومیٹر فی لیٹر کے درمیان مائیلیج ملا ۔ یعنی اگر آپ اسے ۵۰؍ سے۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پر چلاتے ہیں تو آپ کو مائیلیج بھی مایوس نہیں کرے گا۔
انجن کی تکنیکی استعداد
 ۷؍ سیٹوں والی ٹِگوان آل اسپیس کو صرف پیٹرول انجن کے ساتھ دستیاب کرایا جارہا ہے۔ اس میں ۲ء۰؍ لیٹر ٹربو پیٹرول انجن دیا گیا ہے جو ۴۲۰۰؍ آرپی ایم پر ۱۹۰؍پی ایس کی پاور اور ۱۵۰۰؍ سے۱۴۰۰؍ آرپی ایم پر ۳۲۰ ؍این ایم کا ٹورک جنریٹ کرتا ہے۔ یہ یونٹ ۷؍ اسپیڈ ڈی ایس جی ٹرانسمیشن متبادل کے ساتھ جوڑی گئی ہے۔ کار میں ملنے والا آل وہیل ڈرائیو (اے ڈبلیو ڈی) سسٹم اور موڈ اسکے ڈرائیونگ تجربہ کو بڑھاتے ہیں۔ کار کی ہینڈلنگ بالکل بھی پریشان نہیں کرتی ہے۔  وہیں اندر بیٹھے افراد باہر اوبڑ کھابڑ راستوں کو محسوس نہیں کرتے ہیں۔ ساتھ ہی گاڑی میں پیڈل شفٹرس بھی دئیے گئے ہیں جن کی مدد سے آپ گیئر کو مینوئلی آپریٹ کرسکتے ہیں۔
قیمت اور ہمارا فیصلہ 
 فوکن ویگن ٹِگوان آل اسپیس کی قیمت ۳۳ء۲۴؍ لاکھ روپے(ایکس شوروم) ہے۔ ہندوستانی کار بازار میں اس کا مقابلہ ٹویوٹا فورچیونر اور فورڈ اِنڈے وَر جیسی گاڑیوں سے ہوتا ہے۔ حالانکہ ان دنوں ہی گاڑیوں کو ہم چلاچکے ہیں تو ہم اپنے اس نتیجہ پر پہنچے کہ اگر آپ کو لگژری احساس بھی چاہئے اور طاقتور ایس یو وی بھی تو اس کار کا انتخاب آپ کے لئے ایک اچھا فیصلہ ثابت ہوسکتا ہے۔

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK