• Fri, 26 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان خدا ہیں: ہالی ووڈ اسٹار کومیل نانجیانی

Updated: December 26, 2025, 7:02 PM IST | Mumbai

ہالی ووڈ اداکار کومیل نانجیانی نے شاہ رخ خان کی عالمی مقبولیت، عاجزی اور منفرد اسٹارڈم کی کھل کر تعریف کی اور انہیں محض فلم اسٹار نہیں بلکہ ایک غیر معمولی طاقت قرار دیا۔ اسی کے ساتھ رجنی کانت کی فلم ’’جیلر ۲‘‘ میں شاہ رخ خان کے کیمیو کی تصدیق بھی سامنے آ گئی، جو ۱۲؍ جون ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔

Hollywood actor Kumail Nanjiani. Photo: X
ہالی ووڈ اداکار کومیل نانجیانی۔ تصویر: ایکس

یہ بات بارہا ثابت ہو چکی ہے کہ شاہ رخ خان کی اسٹار پاور غیر معمولی ہے۔ ہندوستان ہو یا بین الاقوامی سطح، وہ دنیا کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اور اثر انگیز فلمی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ہالی ووڈ اداکار اور کامیڈین کومیل نانجیانی بھی اس حقیقت سے اتفاق رکھتے ہیں۔ کومیل نانجیانی، جو مارول فلم ’’ایٹرنلز‘‘ میں کنگو کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں، حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر کامیڈین حسن منہاج کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ اس دوران باتوں باتوں میں شاہ رخ خان کا ذکر چھڑ گیا، جب حسن منہاج نے یہ سوال اٹھایا کہ شاہ رخ خان اور ٹام کروز میں سے بہتر فلم اسٹار کون ہے۔ اس سوال پر کومیل نانجیانی کا جواب خاصا توجہ حاصل کر گیا۔

انہوں نے کہا،’’شاہ رخ خان خدا ہیں، وہ محض ایک فلم اسٹار نہیں ہیں۔ یہ طاقت بالکل مختلف سطح کی ہے۔ ہم یہاں سیب کا موازنہ سنترے سے کر رہے ہیں۔ ایک طرف اردو جیسی زبان پر عبور رکھنے والا شخص ہے، جو بیک وقت دنیا کا سب سے بڑا فلمی ستارہ بھی ہے، جبکہ دوسری طرف ایک بہت ہی امریکی، انفرادی اسٹارڈم ہے۔ لیکن شاہ رخ خان میں عاجزی کا عنصر سب سے منفرد ہے۔‘‘
نانجیانی نے مزید کہا،’’میں نے شاہ رخ خان کے بے شمار انٹرویوز دیکھے ہیں۔ ٹام کروز اپنے اسٹارڈم کے پورے وقار کے ساتھ سامنے آتے ہیں جبکہ شاہ رخ خان آ کر کہتے ہیں، ’’اوہ، میں تو کچھ بھی نہیں ہوں۔‘‘ ظاہر ہے وہ جانتے ہیں کہ یہ سچ نہیں، لیکن وہ اپنے اسٹارڈم پر اتنا پراعتماد ہیں کہ اسے خود کم کر کے پیش کرتے ہیں۔ یہی چیز انہیں سب سے مختلف بناتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: رجنی کانت کی ’’جیلر ۲‘‘ میں شاہ رخ خان کی ممکنہ انٹری؟

’’جیلر ۲‘‘ میں شاہ رخ خان بطور مہمان اداکار 
دریں اثنا، رجنی کانت کی آنے والی فلم ’’جیلر ۲‘‘ میں شاہ رخ خان کے خصوصی مہمان کردار سے متعلق افواہیں گردش کر رہی تھیں، جنہیں اب تقویت مل گئی ہے۔ سینئر اداکار متھن چکرورتی نے سٹی سنیما کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بالواسطہ طور پر اس کی تصدیق کی۔متھن چکرورتی نے کہا کہ ’’میری اگلی فلم ’’جیلر ۲‘‘ ہے، جہاں ہر کوئی میرے خلاف ہے،رجنی کانت، موہن لال، شاہ رخ خان، رمیا کرشنن، شیوا راجکمار، ان سب کے کردار میرے مخالف ہوں گے۔‘‘یہ فلم جنوبی ہند کے لیجنڈری اداکار کے ساتھ شاہ رخ خان کی پہلی اسکرین شراکت داری ہوگی۔ متھن چکرورتی، جو فلم میں ولن کا کردار ادا کریں گے، نے یہ بھی واضح کیا کہ ’’جیلر ۲‘‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ بھی کئی بڑے اسٹارز کے کیمیوز شامل ہوں گے۔ یہ فلم ۱۲؍ جون ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK