Inquilab Logo

ایم پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ڈپٹی کلکٹر بننے والی ناندیڑ کی وسیمہ شیخ

Updated: June 22, 2020, 2:23 PM IST | Shaikh Akhlaque Ahmed | Mumbai

’کامیابی کیلئے امیری ،غریبی معنی نہیں رکھتی، مقصد اور کوشش اہم‘

Waseema Shaikh - Pic : INN
وسیمہ کے شوہر حیدر اہلیہ کے ڈپٹی کلکٹر بننے کی خوشی میں ان کا منہ میٹھاکراتے ہوئے۔

تدبیر کے دست رنگیں سے تقدیر درخشاں ہوتی ہے 
قدرت بھی مدد فرماتی ہے جب کوشش انساں ہوتی ہے 
 حفیظ بنارسی کے اس شعر کا مفہوم وسیمہ شیخ کی انتھک کوششوں سےکامیابی تک کے سفر کی غمازی کرتا ہے۔ وسیمہ ، مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن امتحان  میں کامیابی حاصل کرکے ڈپٹی کلکٹر کے باوقار عہدہ کی حقدار بنی ہیں۔  وسیمہ کی یہ حصولیابی کاسفر جدوجہداور انتھک محنت سے بھرا ہے۔  ناندیڑ سے قریب۴۵؍ کلومیٹر جوشی ساکھ وی نامی دیہات سے وسیمہ شیخ نے اپنا تعلیمی سفر شروع کیا۔ مراٹھی میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے دسویں جماعت میں۸۲؍ فیصد اور بارہویں آ رٹس میں۸۳؍ فی صد مارکس حاصل کئے۔چونکہ گاؤں میں کالج نہیں تھا اس لئے  عثمان نگر پیدل سفر کر کالج جاتی۔ پھر بعد ازیں اپنے نانا نانی کے گاؤں جا کر رہنے کا فیصلہ کیا۔ وہاں سے کندھار مقام تک تقریباً۵؍ کلومیٹر دوری کا سفر پیدل اور بقیہ سفر بس سے طے کرتے ہوئے کالج پہنچتی۔گھر میں رہنمائی کرنے والا کوئی نہیں تھا۔والد صاحب ذہنی طور سے معذور تھے اور والدہ کھیتوں میں  مزدوری کرتی تھیں۔
 وسیمہ نے بات چیت کے آغاز میں بتایا کہ ’’چار بہنوں اور دو بھائیوں میں میرا نمبر چوتھا ہے۔اس  وقت  آگے کا تعلیمی سفر مجھے دشوار کن نظر آ رہا تھا چونکہ معاشی حالت ٹھیک نہیں تھے پھر میں نے یشونت راؤ چوہان اوپن یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کا فیصلہ کیا اور بارہویں کے بعد گھر بیٹھ کر فاصلاتی تعلیم کے ذریعے پولیٹیکل سائنس اور انگریزی مضامین میں ۵۰؍ فیصد مارکس سے گریجویشن پاس کیا۔ ‘‘ وہ کہتی ہیں کہ ’’اگرچہ حالات بدلے ہیں مگر گاؤں میں آج بھی کہیں کہیں لڑکیوں کی تعلیم پر مخالفت کی جاتی ہے ان حالت میں میرے بھائی اور والدہ نے سب کی مخالفت کے بعد بھی تعلیم کے حصول میں میری مدد کی اور میری پیچھے کھڑے رہے، ۲۰۱۵ءمیں گریجویشن مکمل ہوا اور ۲۰۱۶ء  سے میں نے اسٹیٹ سروس کی تیاری شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔‘‘ 
 وسیمہ نے مزید بتایا کہ ’’ ۲۰۱۶ءسے۲۰۱۸ء تک گھر میں رہ کر میں نے خوب محنت کی اور کئی مقابلہ جاتی امتحانات دیئے کلاس ۲،اور کلاس۳کے مختلف امتحانات میں مجھے کامیابی بھی  حاصل ہوئی، لیکن میں نے کچھ اور طے کر رکھا تھا۔ ۲۰۱۹ء میں مجھے بطور سیلز ٹیکس انسپکٹر کامیابی حاصل ہوئی۔ ناگپور میں تقرر ہوا اور پھر وہیں سے اپنی پروفیشنل لائف کی ابتدا کی۔ مستقل گورنمنٹ ملازمت کے باوجود  یہاں اپنے پڑھائی کے سلسلے کوختم نہ کرتے ہوئے میں نے اپنی تیاری جاری رکھی۔میں نے ایم پی پی ایس سی کی مکمل تیاری ذاتی محنت سے گھر بیٹھ کر ہی کی میں نے کوئی کلاس جوائن نہیں کی تھی۔ہاں اس مرتبہ میں نے انٹرویو کی تیاری کیلئے مختلف کلاسیز میں ماک انٹرویوز دیئے۔‘‘ وسیمہ نے نہایت جذباتی انداز میں بتایا کہ’’ ہمارے گھریلو حالات بہت خراب تھے معاشی تنگی تھی ایک بھائی آٹورکشا چلاتے اور دوسرے کا چھوٹا سا امیٹیشن جیولری کا کاروبار تھا۔ گزر اوقات بڑی مشکل سے ہوتی۔ والدہ کھیتوں میں کام کیا کرتی تھی۔ ایک بہن کی شادی ہو چکی تھی اور چھوٹی بہنیں تعلیم حاصل کر رہی تھی۔  لیکن ایک بات کہنا چاہوں گی کہ تعلیم کسی کی میراث نہیں،  آپ امیر ہے یا غریب یہ معنی نہیں رکھتا، آپ نے اپنی زندگی کامقصد کیا طے کیا ہے؟ یہ بہت اہم ہے۔ آپ کا مستقبل کا منصوبہ، آپ کی محنت، مستقل مزاجی، بر وقت صحیح فیصلہ، ہمت، قوتِ ارادی، صحیح سمت میں محنت یہ تمام چیزیں آپ کی کامیابی کا سفر طے کرتی ہیں۔‘‘ 
 سول سروسیز اور اسٹیٹ سروس میں کریئر بنانے کے متمنی نوجوانوں کو وسیمہ نےیہ پیغام دیا کہ ’’ جو طلبہ سول سروسیز کا امتحان دینا چاہتے ہیں انہیں جلد فیصلہ کرنا چاہیے، یہ ایک صبر آزما امتحان بھی ہی والدین کو بھی بچوں کے حوصلے افزائی کرنی چاہیے کبھی کبھی اس امتحان کو کامیاب کرنے میں۵؍ سے۷؍سال کا عرصہ بھی لگ جاتا ہے۔  مطالعہ اور مستقل مزاجی کی عادت شروع سے اپنے اندر رکھیں انشاء اللہ ضرور کامیابی ملےگی۔‘‘
 قابل ذکر ہے کہ ۸؍ جون۲۰۲۰ء کو  وسیمہ کی شادی حیدر صاحب سے ہوئی، حیدر بھی مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں حالانکہ انہیں بھی چند امتحانات میں کامیابی حاصل ہوچکی ہے لیکن وہ کلاس امپرومنٹ کی کوشش میں ہیں۔  وسیمہ کی اس کامیابی پر وہ بے حد مسرور  ہیں ساتھ ہی وسیمہ کی اس کامیابی نے  اہل خانہ و رشتہ داروں کو دوہری خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔   خاص بات یہ ہے کہ فی الوقت وسیمہ کی دونوں بہنوں نے بھی ’وائی سی ایم او یو‘ سے گریجویشن کا امتحان کامیاب کیا ہے اور دونوں ہی ایم پی ایس سی کی تیاری کر رہی ہیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK