Updated: December 23, 2025, 9:06 PM IST
| Riyadh
اطالوی فٹ بال کے معرکہ آرا فائنل میں نیپولی نے بولونیا کو ۰۔۲؍گول سے شکست دے کر تیسری بار اطالوی سپر کپ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ریاض میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کے ہیرو برازیلین فارورڈ ڈیوڈ نیریس رہے، جن کے دو خوبصورت گولز نے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
نیپولی کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
اطالوی فٹ بال کے معرکہ آرا فائنل میں نیپولی نے بولونیا کو ۰۔۲؍گول سے شکست دے کر تیسری بار اطالوی سپر کپ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ریاض میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کے ہیرو برازیلین فارورڈ ڈیوڈ نیریس رہے، جن کے دو خوبصورت گولز نے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم نیپولی نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی:
میچ کے ۳۹؍ویں منٹ میں ڈیوڈ نیریس نے حریف دفاع کو جکڑتے ہوئے پنالٹی ایریا کے باہر گیند پر کنٹرول حاصل کیا اور ایک زوردار شاٹ کے ذریعے گیند کو ٹاپ کارنر میں پہنچا کر ٹیم کو ۰۔۱؍ کی برتری دلا دی۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی نیریس کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ انہوں نے بولونیا کے باکس کے اندر گیند چھینی اور گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے ایک مشکل زاویے سے گیند کو جال کی راہ دکھا کر برتری دگنی کر دی۔ نیپولی کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس نے مجموعی طور پر اپنا تیسرا سپر کپ جیتا ہے۔ اس سے قبل نیپولی نے ۱۹۹۰ء اور۲۰۱۴ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ ۲۰۲۳ء سے یہ ٹورنامنٹ چار ٹیموں کے فارمیٹ پر کھیلا جا رہا ہے، جس میں سیری اے اور کوپا اٹالیہ کی فاتح اور رنر اپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔نیپولی نے سیمی فائنل میں اے سی میلان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بولونیا نے انٹر میلان کو ہرا کر فائنل کا ٹکٹ کٹایا تھا، لیکن فائنل میں وہ نیپولی کے حملوں کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
لیونل میسی کی بہن سڑک حادثہ میں شدید زخمی، شادی ملتوی
دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کی بہن ماریہ سول میسی میامی میں ایک خوفناک کار حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہو گئی ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد میسی خاندان نے جنوری میں طے شدہ شادی کی تقریبات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:رونالڈو نے سعودی عرب میں پرتعیش ولاز خرید لیے، قیمت ہوش اڑا دے گی
رپورٹس کے مطابق ۳۲؍ سالہ ماریہ سول میسی منگل کے روز میامی میں خود گاڑی چلا رہی تھیں کہ اچانک بیہوشی کے باعث گاڑی پر قابو کھو بیٹھیں اور ان کی کار تیز رفتاری کے ساتھ ایک دیوار سے جا ٹکرائی۔ ہنگامی طبی امداد کے عملے نے بروقت پہنچ کر انہیں گاڑی سے نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا۔میسی کی والدہ سیلیا کچٹینی نے تصدیق کی ہے کہ ماریہ سول اب خطرے سے باہر ہیں، تاہم انہیں سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ان کی ایڑی اور کلائی میں بھی فریکچر ہوا ہے، جبکہ ایک کلائی جھلس بھی گئی ہے۔اگرچہ ان کی حالت اب مستحکم ہے، لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل صحت یابی کے لیے طویل اور مشکل ریہبلی ٹیشن کے عمل سے گزرنا ہوگا۔اس حادثے کے بعد لیونل میسی اور ان کا خاندان فوری طور پر اپنے آبائی شہر روزاریو (ارجنٹائن) روانہ ہو گیا ہے ۔