Inquilab Logo

خواتین کا اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے

Updated: March 18, 2021, 11:55 AM IST | Inquilab Desk

اکثر خواتین اپنی جسمانی صحت کی جانب توجہ دیتی ہیں مگر ذہنی صحت کے بارے میں بہت کم معلومات رکھتی ہیں جبکہ جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کو بھی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ذہنی صحت کو مستحکم کرنے کے لئے اپنی خوراک میں صحت بخش غذائیں ضرور شامل کریں

Mental Health - Pic : INN
ذہنی صحت ۔ تصویر : آئی این این

ہم جسمانی صحت کی بات تو کرتے ہیں مگر ’مینٹل ہیلتھ‘ یعنی ذہنی صحت کے بارے میں زیادہ بات چیت نہیں کرتے جبکہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ خواتین میں ذہنی تناؤ زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ آیئے کچھ آسان طریقوں کے ذریعے سمجھیں کہ کیسے آپ خود کو ذہنی طور پر صحتمند بنا سکتی ہیں:
اپنی بات کہیں
 عام طور پر چاہے ایک چھوٹی بچی ہو، لڑکی یا خاتون، عمر کا کوئی بھی دور ہو، خواتین اپنے حالات کا تذکرہ زبان پر نہیں لاتیں بلکہ خاموش رہتی ہیں۔ اس طرح وہ اندر ہی اندر گھٹتی رہتی ہیں۔ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہی ان کا مقدر ہے اور اس کے لئے وہ اپنے آپ کو ہی ذمہ دار سمجھنے لگتی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی بات کہیں، تب تک کہیں جب تک وہ سنی نہ جائے اور اس پر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہو۔
سننا بھی آپ کی ذمہ داری
 صرف بولنے کا موقع تلاش نہ کریں۔ یہ بھی سمجھیں کہ شاید کوئی اور بھی کچھ بولنا چاہ رہا ہے۔ خاص کر اپنے گھر، آس پڑوس، دفتر یا کہیں بھی آپ کو کسی کے رویے میں کوئی بڑی تبدیلی نظر آرہی ہے یا محسوس ہو رہا ہو کہ کسی کو سننے کی ضرورت ہے، تو سنیں۔ کسی اور کو ذہنی تکلیف میں راحت پہنچائیں گی تو آپ کو بھی ذہنی سکون میسر ہوگا۔
جو دل میں ہے لکھ دیں
 خواتین کو کئی رشتے، ذمہ داریاں اور دنیا داری نبھانی ہوتی ہے۔ ان سب میں بعض دفعہ خواتین کے دل میں غبار بھر جاتا ہے۔ وہ خود بھی سمجھتی ہیں کہ آج اس کا غصہ کسی بھی وقت پھوٹ سکتا ہے۔ اس صورتحال میں جو دل میں ہے اسے لکھ دیں۔ آپ ہلکا محسوس کریں گی۔ چاہیں تو لکھے ہوئے کو پھاڑ کر پھینک دیں، چاہیں تو اپنے پاس رکھیں۔ اپنی تحریر کو کچھ دیر کے بعد پڑھیں گی تو شاید مسئلے کا حل بھی مل جائے گا۔
بہت کچھ برداشت کرنا ٹھیک نہیں
 ایک انگریزی کہاوت ہے ’’There is no Honor in silent suffering.‘‘ یعنی چپ چاپ برداشت کرتے رہنا ٹھیک نہیں ہے۔ کوئی بات آپ کو اگر پریشان بھی کر رہی ہے تو اسے اپنے دل میں نہ رکھیں۔ پوری بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ بعض دفعہ خواتین چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت زیادہ افسردہ ہو جاتی ہیں اور کچھ عرصے بعد معلوم ہوتا ہے کہ ایسی کوئی بات ہی نہیں تھی جیسا وہ سوچ رہی تھیں۔
زیادہ وقت برباد نہ کریں
 ایک اور عام بات جو خواتین کو ڈپریشن کا شکار بناتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی کام میں بہت زیادہ وقت صرف کر دیتی ہیں اور جب لگتا ہے کہ یہ کام نہیں ہو پا رہا ہے تب بھی اس کام کو جاری رکھتی ہیں کہ کافی وقت تو صرف کر دیا ہے۔ یہ بات رشتوں پر بھی نافذ ہوتی ہے۔ تو چاہے کوئی رشتہ ہو، کاروبار ہو یا کچھ اور، لاکھ کوششوں کے باوجود اگر کوئی کام نہیں ہو رہا ہے یا بات نہیں بن رہی ہے تو اس معاملے میں اپنا وقت برباد نہ کریں۔
خود کے لئے وقت نکالیں
 خواتین عام طور پر گھر اور دفتر میں اتنی مصروف ہوجاتی ہیں کہ خود کے لئے وقت نہیں نکال پاتیں اور اس وجہ سے وہ چڑچڑے پن کا شکار ہو جاتی ہیں۔ لہٰذا ذہنی طور پر صحتمند رہنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے لئے وقت نکالیں، وہ کریں جس سے آپ کو خوشی ملتی ہے۔
اظہار کریں
 گھر والے یا سہیلی سے دل کی بات کہیں۔ اچھے برے سارے تجربات کہہ دیں۔ تھوڑا تھوڑا اپنا کام بھی گھر والوں کے ساتھ بانٹ لیں۔ کام میں گھر والے ہاتھ بٹائیں گے تو آپ کو بھی اچھا محسوس ہوگا اور آپ کو راحت ملے گی۔
 ذہنی صحت کا خیال رکھنے کے لئے اپنی خوراک کی جانب بھی توجہ دینی چاہئے۔ یہاں چند غذاؤں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے:
ہری سبزیاں: اپنی غذا میں پتے دار سبزیاں اور سلاد شامل کریں۔ یہ آئرن، فولک ایسڈ اور اینٹی آکسیڈنٹس کا بہترین ذریعہ ہے۔
ہلدی: یہ امنیاتی نظام کو مضبوط کرنے میں معاون ہے۔ اس میںدافع جراثیم کی خوبی پائی جاتی ہے۔
اومیگا ۳: اس کے لئے آپ کو اپنی غذا میں السی، کدو کے بیج اور اومیگا ۳؍ سے بھرپور دیگر غذاؤں کو شامل کرنا ہوگا۔
مغز: ذہنی صحت کے لئے یہ بے حد ضروری ہے۔ اس میں موجود ٹرائی پوفان آپ کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔
تلسی: اینٹی انفلے میٹری خوبی سے بھرپور تلسی امنیاتی نظام کو مضبوطی فراہم کرنے کے علاوہ آپ کی ذہنی صحت کیلئے بھی بے حد فائدہ مند ثابت ہوگی۔
چقندر: ہیموگلوبن کی سطح میں توازن برقرار رکھنے کے لئے یہ سب سے ضروری ہے۔ یہ آئرن کی کمی بھی پوری کرے گا۔
انجیر: اس میں کیلشیم اور زنک وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس سے ہڈیوں کو مضبوطی ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK