گھر اور دفتر دونوں کی ذمہ داری نبھانا آسان کام نہیں ہے لیکن وقت کی صحیح منصوبہ بندی کرکے دونوں ذمہ داریاں بڑی آسانی سے نبھائی جاسکتی ہیں بشرطیکہ طے شدہ وقت پر کام کو انجام دینے کی کوشش کریں اور منصوبہ بندی پر پابندی کے ساتھ عمل کریں۔ یہ ممکن ہے
EPAPER
Updated: April 06, 2021, 5:37 PM IST | Professor Sarah Mounis Momin | Mumbai
گھر اور دفتر دونوں کی ذمہ داری نبھانا آسان کام نہیں ہے لیکن وقت کی صحیح منصوبہ بندی کرکے دونوں ذمہ داریاں بڑی آسانی سے نبھائی جاسکتی ہیں بشرطیکہ طے شدہ وقت پر کام کو انجام دینے کی کوشش کریں اور منصوبہ بندی پر پابندی کے ساتھ عمل کریں۔ یہ ممکن ہے
ملازمت پیشہ خواتین کی ذمہ داریاں دہری ہوتی ہیں۔ انہیں گھریلو کاموں کے علاوہ اور بھی کافی کام انجام دینے ہوتے ہیں۔ انہیں اپنے دفتر یا جہاں وہ کام کرتی ہیں انہیں اس کی بھی کافی ذمہ داریاں اٹھانی ہوتی ہیں۔ اگر ملازمت پیشہ خواتین اپنے وقت کا صحیح استعمال نہ کریں تو ان کے لئے دن بھر کی روٹین اور کاموں کو مینج کرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسے میں یہ خواتین ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور چڑچڑے پن کا شکار ہونے لگتی ہیں۔ بچوں اور شوہر سے تعلقات خراب ہونے لگتے ہیں اس وجہ سے گھر کا ماحول بگڑنے لگتا ہے اور کبھی کبھار ان تمام چیزوں کا اثر ان کی صحت پر ہونے لگتا ہے۔ اور دھیرے دھیرے خواتین کئی بیماریوں کو دعوت دینے لگتی ہیں۔ خیر ہمیں ان چیزوں سے نمٹنا ہے اور اپنے وقت کا صحیح استعمال کرنا ہے۔ اگر وقت کی صحیح منصوبہ بندی کر لی جائے تو یقیناً آپ بآسانی گھریلو اور دفتر ذمہ داری بآسانی نبھا سکتی ہیں:
صبح جلدی اٹھیں
صبح جلدی اٹھنے سے آپ کو کافی فائدہ ہوگا۔ آپ تھوڑی دیر یوگا یا ہلکی پھلکی ورزش سے اپنے دن کی شروعات کرسکتی ہیں اس سے آپ اپنے آپ کو تندرست اور دن بھر چاق و چوبند محسوس کریں گی۔ آپ اپنی پسند کا کھانا تیار کرسکتی ہیں۔ بچوں اور گھر والوں کے لئے ذائقہ دار ناشتہ تیار کرسکتی ہیں اور اپنی پسند کے کپڑے پہن کر اور ہلکے میک اپ میں آپ اپنی شخصیت کو اور بھی اچھا نکھار کر آپ خوشی خوشی اپنے ورک پلیس پہ وقت پہ پہنچ سکتی ہیں نہ کہ دوڑتے بھاگتے عجلت میں لیٹ ورک پلیس پہ پہنچیں۔ صبح دیر سے بیدار ہونے کی وجہ سے کئی خواتین ٹھیک سے ناشتہ بھی نہیں کر پاتیں اور نہ ہی ٹھیک سے بال سنوارنے کی فرصت ملتی ہے میک اپ کرنا تو دور کی بات۔ لہٰذا جلدی اٹھیں۔
اپنے وقت کی بچت کریں
آپ اپنے وقت کی بچت کریں مثلاً اگر آپ نے انڈے اُبالنے کے لئے رکھا ہے اُبلنے تک آپ اپنا لنچ باکس پیک کرلیں یا اپنے ای میل چیک کرلیں۔ جو چیزیں آپ کے راستے میں دستیاب ہیں اُسے آتے وقت خرید لیں۔ پھر سے شاپنگ پر جانے کی زحمت کرکے وقت برباد نہ کریں۔ اس کی بھی لسٹ بنا لیں تو بہتر ہوگا۔
منصوبہ بندی
ہر کام کی پہلے سے تیاری کرلیں اس سے آپ ذہنی طور پر اس کام کے لئے تیار رہیں گی اور وقت بھی پہلے سے طے کرلیں گی۔ جیسے گھر کی صفائی، شاپنگ، گھر میں کچھ کام کروانا جیسے پلمبرنگ یا الیکٹریشن کا کام وغیرہ۔
چھٹی والا دن
چھٹی کے دن کرنے والے کاموں کی لسٹ بنائیں۔ جو کام آپ اپنی مصروفیت کے سبب نہیں کر پاتی ایسے کاموں کی فہرست تیار کریں اور اُسے چھٹی والے دن عملی جامہ پہنائیں۔ جیسے گھر کی چھوٹی موٹی صفائی، بیوٹی پارلر جانا، بچوں کی شاپنگ یا انہیں تفریح کیلئے لے جانا وغیرہ۔
ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو الگ الگ رکھیں
اگر آپ کے گھر میں کچھ پریشانی ہے تو اُسے اپنے چہرے پہ نہ جھلکنے دیں۔ اس سے ہوگا یوں کہ کچھ لوگ اس بات کا فائدہ اٹھائیں گے اور آپ کو اَن پروفیشنل کہہ کر آپ کا مذاق بنائیں گے جب لنچ ٹائم میں اپنے گھر پہ فون کرکے بات کرلیں اور بچوں اور گھر کی خیریت دریافت کرلیں اور مطمئن ہوجائیں۔ ورک پلیس پہ سارا دن فکر کرنے سے آپ کا مسئلہ حل نہیں ہو جائے گا لہٰذا مثبت سوچیں اور اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی الگ الگ رکھیں۔
ورک فرام ہوم
اگر آپ ورک فرام ہوم کر رہی ہیں تو ایک ڈیڈ لائن مقرر کرلیں اور اسی مقررہ ڈیڈ لائن پہ اپنا کام بند کر دیں۔ ایسا نہ ہو کہ پورا دن آپ کام ہی کرتی رہیں اور اس سے آپ کی گھریلو زندگی متاثر ہو۔
اپنے شوہر سے مدد لیں
آپ روزمرہ کے کاموں میں اپنے شوہر سے مدد مطلب کرسکتی ہیں۔ اگر آپ خوش اخلاقی کے ساتھ رہیں گی تو یقیناً گھر والے بھی آپ کا ساتھ دیں گے۔ گھر کے چھوٹے موٹے کاموں میں شوہر آپ کی مدد کریں تو آپ پہ سے کام کا کچھ بوجھ ہلکا ہو جائے گا۔ جیسے پھلوں کو دھونا، کھانے کی میز سجانے میں آپ کی مدد کرنا، بچوں کے کپڑے تبدیل کروانا، بچوں کو پڑھانا وغیرہ۔
مدد طلب کریں
اپنے ورک پلیس پہ ہر کام خود بڑھ بڑھ کرنا اپنے آپ کو ہلکان کرنے جیسا ہے۔ لہٰذا اپنی ٹیم کے افراد سے پروجیکٹ یا دیگر کاموں میں مدد طلب کریں۔ آپ اگر کوئی میٹنگ یا تقریب منعقد کر رہی ہیں تو ٹیم ممبرز کی مدد لیں یہ نہ ہو کہ ساری ذمہ داری کا بوجھ خود پہ ہے اور گھر آکر بھی آپ اسی میں ملوث ہیں۔ اپنے شوہر کی مدد طلب کریں اور مل جل کر کام کریں تاکہ کسی ایک پہ اضافی ذمہ داری نہ ہو اور ہر کوئی وقت پہ کام آسانی سے مکمل کرسکے۔