• Tue, 01 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج ۲۰۲۷ء کیلئے ۵۲؍ہزار کوٹہ پی ٹی او میں تقسیم کرنے کیلئے۱۰۱۲؍ فائلیں

Updated: September 01, 2026, 11:55 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کی فہرست جاری۔ ۱۲۰؍ پی ٹی او کو موقع نہیں ملا جبکہ ۱۱۰؍ نئے ٹور آپریٹرس کو شامل کیا گیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

حج ۲۰۲۷ء کیلئے ۵۲؍ہزار کوٹہ پی ٹی او میں تقسیم کرنے کیلئے ۱۰۱۲؍ فائلیں پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کی جانب سے وزارت برائے اقلیتی امور کی ویب سائٹ پر آن لائن جمع کروائی گئی تھیں۔ کافی انتظار کے بعد بالآخر حکومت کی جانب سے منظور کئے جانے والے پی ٹی او کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ان میں ۱۲۰؍ پی ٹی او کو موقع نہیں ملا جبکہ ۱۱۰؍ نئے ٹور آپریٹرس کو شامل کیا گیاہے۔ جن پرائیویٹ ٹورآپریٹرس کی فائلیں منظور نہیں کی گئی ہیں ،ان کے لئے ایک موقع اور ہوگا کہ منسٹری آف مائناریٹی افیئر  کی اپیکس کمیٹی ان کےتعلق سےغور کرے گی ۔ اگر اس کمیٹی نے منظور کرلیا تو کچھ مزید ٹور آپریٹرس کو موقع مل سکتا ہے۔یہ بھی حیرت کی بات ہے کہ جن ٹور آپریٹرس کوموقع نہیں دیا گیا ہے، ان میں ۸۶؍ پرانے ٹور آپریٹرس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اپوزیشن پارٹیوں کے ووٹروں کے نام بڑی تعداد میں حذف کا الزام

 زمرے کے حساب سے سروسیز کی رقومات جلد جمع کرانی ہوں گی

فہرست جاری کئے جانے کے بعد اب پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو منٰی میں زون ، عازمین کی رہائش اور زمرے کے حساب سے سروسیز کی رقومات جلد جمع کرانی ہوں گی ۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر ایک کیلئے تاریخیں مقرر کردی گئی ہیں۔ اس کانتیجہ یہ ہے کہ اس دفعہ پھر عازمین کی روانگی سے کئی ماہ قبل ہی تمام امور طے کرنے کے ساتھ اس سے متعلق رقومات بھی جمع کرانی ہوگی۔ تاریخ اور وقت مقررہ پر رقم ادا نہ کرنے یا ضابطوں کی خانہ پُری میں کمی رہنے کے سبب ٹور آپریٹرس کے لئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ 

کس زمرے میں کتنا کوٹہ دیاجائے گا؟

طے شدہ پالیسی کے حساب سے فرسٹ ،سیکنڈ کلاس اور نئے ٹور والوں میں کوٹہ تقسیم کیا جائے گا۔ چونکہ اب تک سیٹیں تقسیم کرنے کا حتمی طور پر عدد واضح نہیں کیا گیا ہے مگر ٹور والوں کی جانب سے قیاس کیا جارہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح ہی کم سے کم کوٹہ ۴۰؍ تا ۵۰؍ عازمین کا مل سکتا ہے۔ اسی طرح زمرے کے حساب سے بتدریج کوٹے میں اضافہ ہوگا۔ کوٹہ مل جانے کے بعد یہ تمام ٹور آپریٹرس ایک ایک سی ایچ جی او کے ساتھ مربوط ہوجائیں گے۔ یہی سی ایچ جی او اپنے ساتھ جڑنے والے ٹور آپریٹرس کی رقومات وغیرہ جمع کرائےگا اوران کیلئے رابطہ کار بھی ہوگا اور وہ جواب دہ بھی ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: اسلام کی تعریف پر کرناٹک کے وزیر کو بھگوا عناصر کی برہمی کا سامنا

یاد ر ہےکہ اس سے قبل ۲۶؍ کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزرس (سی ایچ جی او)کی فہرست جاری کی گئی تھی ۔ ان میں ممبئی کے ۸؍ معروف پرائیویٹ ٹور آپریٹرس شامل ہیں جبکہ دیگر کا تعلق مہاراشٹر اور مختلف ریاستوں سے ہے۔

کس زمرے میں کتنی فائلیں منظور کی گئیں

(۱) ۲۶؍ سی ایچ جی او (کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزر)  بنائے گئے ہیں۔ان کے ساتھ دیگر ٹور آپریٹرس جُڑیں گے۔ ان میں سے ہر ایک سی ایچ جی او کو ۲؍ ہزارحجاج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس طرح ۲۶؍سی ایچ جی اوکے سپرد ۵۲؍ ہزار حجاج کی ذمہ داری ہوگی ،یہی پی ٹی او کیلئے مختص مجموعی کوٹہ ہے۔

(۲) ۳۵؍ نان لیڈ ایچ جی او۔ انہیں زیادہ کوٹہ ملے گا۔

(۳) ۲۲۰؍فرسٹ کٹیگری والے ہیں۔

(۴) ۵۰۱؍ دوسرے کٹیگری کے ٹور آپریٹرس ہیں ۔

 (۵) ۱۱۰؍نئے ایچ جی او ہیں۔

(۶) ۱۲۰؍ نے کوالیفائی نہیںکیا۔

اس طرح کل ۱۰۱۲؍ ٹور والوں نے وزارت برائے اقلیتی امور کے حج سیکشن میں اپنی فائلیںجمع کروائی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK