• Mon, 17 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عازمین حج کی تربیت کے لئے ۱۲۷؍ٹرینر کا انتخاب

Updated: November 17, 2025, 12:15 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Crawford Market

انہیں حج کمیٹی کی جانب سے ۲؍ روزہ ٹریننگ دی جائے گی پھر وہ ہر ضلع میں عازمین کو سفرحج سے متعلق ٹریننگ دیں گے۔

A candidate is being interviewed for the Hajj pilgrim training program. Photo: INN
عازمین حج کی تربیت کیلئے ایک امیدوار کا انٹرویو لیا جارہا ہے۔ تصویر:آئی این این
ممبئی اور ریاست کے الگ الگ اضلاع میں  عازمین کو سفرحج کے تعلق سے ٹریننگ دینے اور ٹیکہ کاری کیلئے ۱۲۷؍ ٹرینرس کو انٹرویو کے ذریعے منتخب کیا گیا جنہیں پہلے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے۲؍ روزہ ٹریننگ دی جائے گی ،اس کے بعد وہ اپنے علاقے میں عازمین حج کو ٹریننگ دیں گے۔ وہ عازمین حج کو بتائیں گے کہ سفر حج  کے دوران ایئرپورٹ پر کیا کریں، کیا سامان لے جائیں اور کیا منع ہے، نسک ایپ کا کس طرح استعمال کرنا ہے، سامان کا وزن کتنا ہو، کسی حادثے کی صورت میں کیا کریں، بھیڑ بھاڑ کے دوران کیا طریقہ اپنائیں اور آتشزدگی کی صورت میں کس طرح بچاؤ کریں اور اگر طبیعت ناساز ہوجائے تو کہاں اور کس سے رابطہ قائم  کریں وغیرہ ۔ اس کیلئے ۱۲۷؍ٹرینرس کو منتخب کیا جانا تھاجس کیلئے ۲۹۲؍  امیدواروں نے درخواست دی تھی۔
ان ٹرینرس کو منتخب کرنے کیلئے  حج کمیٹی آف انڈیا میں۸؍ ویں  منزل پر اتوار کو دو پینل کے ذریعے ان کا انٹرویو لیا گیا۔  ایک پینل میں جنید سید (سی ای او وقف بورڈ)، غفار مخدوم (مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن)، مہاراشٹر حج کمیٹی ایگزیکٹیو آفیسر کرن کمار واہول اور حج کمیٹی کے رکن ابراہیم شیخ شامل تھے جبکہ دوسرے پینل میں خدیجہ نائیکواڑے (سیکشن آفیسر مہاراشٹر حج کمیٹی )، عین العطار (سبکدوش آفیسر) اور بشریٰ سید شامل تھیں۔
حج ٹرینرس کو ان کی خدمات کے عوض فی عازم۳۰۰؍ روپے دیئے  جاتے ہیں اور انہیں فی عازم۳؍ دن تک ٹریننگ دینی ہوتی ہے، خواہ تین دن مستقل جاری رکھیں یا پھر چند گھنٹے متعدد دن کے حساب سے کریں۔ اسی طرح ایک ٹرینر کو ۱۵۰؍ عازمین تک ٹریننگ دینی ہوتی ہے اور اس کے عوض انہیں تقریباً ۴۵؍ ہزار روپے ملتے ہیں۔ حج ٹرینرس کے انٹرویو کیلئے آنے والے الگ الگ شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ریاستی حج کمیٹی میں استفسار کرنے پر نمائندہ انقلاب کو مذکورہ بالا تفصیلات سے سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے نے آگاہ کرایا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK