کیمرہ اور ریزولیوشن کچھ کم کیا گیا ہےلیکن اس کی کوالیٹی میں بہتری لائی گئی ہے،سافٹ ویئر کے معاملے میں بھی اسے بہتر بنایا گیا ہے۔
زیر نظر تصاویر میں ون پلس ۱۵؍ کے مختلف رنگوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر:آئی این این
اس برق رفتار تکنیکی دنیا میں ’فلیگ شپ‘ کہلانے کا معیار بدل چکاہے۔ کبھی صرف بہترین ڈسپلے، ہمہ گیرکیمرے، تیز ترین پروسیسر، صاف ستھرا سافٹ ویئر اور مضبوط بیٹری کافی سمجھی جاتی تھی۔ مگر اب منظرنامہ بدل چکا ہے۔ آج خریدار سمجھدارہے، وہ صرف چمک دمک سے نہیںبہلتا۔ آج فلیگ شپ فون میں مصنوعی ذہانت(اے آئی) محض ایک نمائش نہیں، بلکہ ایک لازمی ستون بن چکی ہے۔اسی تیز مقابلے کے دور میں ون پلس۱۵؍میدان میں اترا ہے۔ہندوستان میں۷۲؍ہزار ۹۹۹؍کی ابتدائی قیمت کے ساتھ پیش کیا گیاہے۔
ڈیزائن
ون پلس۱۵؍اپنےساتھ مکمل نیا ڈیزائن لایا ہے، اور سچ کہوں تو یہ تبدیلی خوشگوار ہے۔جتنی نسلیں ہم ماضی میں دیکھ چکے، ان کی خمیدہ باڈیزکا سلسلہ اب ختم ہوا، کیونکہ اس بار فون کے اگلے اور پچھلے دونوں پینل پوری طرح فلیٹ ہیں۔یہ فقط شکل کا بدلاؤ نہیں، بلکہ روزمرہ استعمال میں آسانی ہے۔فلیٹ اسکرین کا مطلب اسکرین پروٹیکٹر کی آسان دستیابی،اور فلیٹ فریم کا مطلب مضبوط گرفت،لیکن یہ فریم ہاتھ میں چبھتا نہیں کیونکہ کناروں پر خوبصورتی سے گولائی دی گئی ہے۔وزن۲۱۱؍گرام ہے،اتنا کہ فون ہاتھ میں بھاری محسوس نہ ہو، مگر اتنا ضرور ہو کہ گرفت میں اعتماد رہے۔کیمرہ کا ڈیزائن بھی یکسر بدل چکا ہے۔ اب ایک چوکور جزیرہ (اسکوائر کیمرا آئی لینڈ) ہے جس کا انداز ون پلس۱۳؍ ایس اوراوپو فائنڈایکس ۹؍ سیریز سے ملتا ہے۔
ڈسپلے
ون پلس ہمیشہ اپنے ڈسپلے پر ناز کرتاآیا ہے، اور اس بار بھی اسکرین نہایت دلکش ہے۔۶ء۷۸؍انچ کا۱ء۵؍ کے امولیڈ ۱۶۵؍ ہرٹز ریفریش ریٹ،۱۸۰۰؍نٹس برائٹنس،رنگ شوخ، سیاہ حقیقی، اور کنٹراسٹ کمال کا ہے۔
سافٹ ویئر
ون پلس۱۵؍ میںاینڈرائڈ ۱۶؍ کی بنیاد پر بنایا گیا آکسیجن او ایس ۱۶؍موجود ہے۔اس بار انٹرفیس میں لطافت اور شفاف تہوں کا امتزاج نمایاں ہے،گویا کہیں آئی او ایس ۲۶؍کے’لکویڈ گلاس‘فلسفے سے اشارے لئے گئے ہوں۔کوئیک سیٹنگز پہلے جیسی لگتی ہیں، مگر اندرونی طور پر بے شمار نئی حسبِ منشا تبدیلیاں موجود ہیں۔لاک اسکرین اور ہوم اسکرین کو ویڈیو وال پیپرز کے ساتھ حسبِ خواہش سجا سکتے ہیں۔سادہ لفظوں میںسافٹ ویئر ہلکا، رواں، اور جدید حس کا حامل ہے۔
ہارڈ ویئر
اگر ڈسپلے بحث کا موضوع ہے تو کارکردگی اس کے برعکس پورے اعتماد کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم دیکھتے ہیں کہ اس میںکوالکوم اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ جنریشن۵؍، ون پلس پرفارمنس ٹرائی چپ،۱۶؍جی بی تک ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے جس سے،روزمرہ کے استعمال میں ایک لمحے کی بھی رکاوٹ محسوس نہیں ہوتی۔ایپس بدلیں، اسکرول کریں، گرافکس بھر گیمز کھیلیں،ہر جگہ یہ فون اپنی ’’فلیگ شپ‘‘ پہچان منواتا ہے۔
کیمرے
ون پلس کی ہیسل بلیڈکے ساتھ طویل شراکت ختم ہو چکی ہے اور اب ون پلس نے اپنی ڈٹیل میکس امیجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔اس میں ۵۰؍میگا پکسل پرائمری کیمرہ،۵۰؍ میگاپکسل کا الٹرا وائڈ اینگل ،ٹیلی فوٹو میں بھی ۵۰؍میگا پکسل جبکہ سیلفی کیلئے ۳۲؍ میگا پکسل کیمرہ ہے۔
بیٹری
ون پلس۱۵؍کی۷؍ہزار ۳۰۰؍بیٹری ایک انقلابی تبدیلی ہے۔۲؍ دن تک ہلکا استعمال آسانی سےکیا جاسکتاہے،معمول کے استعمال پر۱۱؍ سے ۱۲؍ گھنٹے اسکرین آن ٹائم۔چارجنگ کی رفتار ایسی کہ گھڑی دیکھتے رہ جائیں۔ ۳۵؍منٹ میں مکمل چارج ۔