Inquilab Logo

چمبور میں دلدوز سانحہ،چٹان اور دیوار گرنے سے۱۹؍افراد ہلاک،۵؍زخمی

Updated: July 19, 2021, 12:03 PM IST | Iqbal Ansari | Chembur

سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایک بجے حادثہ پیش آیا، اطراف کے ۲۲۵؍خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیا،میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل اور میئر کشوری پیڈنیکر نےجائے حادثہ کا جائزہ لیا

Relief workers are trying to pull the injured out of the rubble. Picture :Inquilab , Sameer Mukande
راحت اور بچائو کارکن ملبہ میں سے زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔تصاویر:انقلاب، سمیر مرکنڈے

):یہاں واشی ناکہ میں نیو بھارت نگر میں واقع ونجار دانڈا علاقے (ماہول) میں حفاظتی دیوار کاحصہ۴؍ تا ۵؍  مکانات پر گر گیا تھا۔ یہ حادثہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات تقریباً ایک بجے اس وقت ہوا جب شہری گہری نیند میں سو رہے تھے۔ حادثہ ہوتے ہی علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور مقامی لوگ ملبے میں پھنسے ہوئے شہریوں کونکالنے میں جٹ گئے۔ خبر لکھےجانے تک اس حادثہ میں ۱۹؍  افراد کی موت  واقع ہوگئی جبکہ دیگر ۵؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ملبے   میں اب بھی    ایک میاں بیوی اور  ان کی بچی کی تلاش جاری ہے۔  اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے ۶ ؍ فائر انجن ، ایک ریسکیو وین ، ایم ایسٹ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا دستہ جائے حادثے پر پہنچا اور راحتی کام شروع کر دیا ۔حادثہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل اور ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔ میونسپل کمشنر نے بتایا کہ’’ ملبے سے ۴؍افراد کی تلاش کی جارہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایاکہ  ۲۱؍  افراد کو ملبے سے نکالا گیا ہے جن میں سے ۱۶؍ افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔خاتون اس کے شوہر اور ۲ ؍ بچوں کی تلاش جاری ہے۔‘‘
؍ ۲۲۵؍ خاندانوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا 
  میونسپل کمشنر نے مزید کہا کہ ’’ اس حادثہ کے بعد احتیاط کے سبب ۲۲۵؍ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ‘‘
ماں ،بیٹا، بیٹی اور باپ بیٹی بھی ہلاک
 اس حادثہ میں۲؍ خاندان ایسے ہیں،جن میں سےخاندان کے ماں، بیٹا اور بیٹی جبکہ دوسرے خاندان کے باپ بیٹی ہلاک ہوگئے ۔ اس سے علاقے میں غم کا ماحول ہے ۔  مقامی ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں پاردھےخاندان میں والدہ شیلا گوتم پاردھے (۴۰)  ان کا بیٹا شبھم گوتم پاردھے(۱۰) اور بیٹی ترپتی گوتم پاردھے(۱۵) شامل ہیں۔ اسی طرح  جھیمورے خاندان کے باپ بیٹی نےبھی اس حادثہ میں اپنی جان گنوا دی۔ان کے نام سوریہ کانت رویندر جھیمور(۴۷) اور ان کی بیٹی اپیکشا سوریہ کانت جھیمور بتائے گئے ہیں۔اسی طرح ایک ہی مکان میں سو رہے ہیں چھایا پنڈت گورسے (۴۷) اور ان کی بیٹی پراچی پنڈت گورسے (۱۵)۔مزید ۲؍ افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہےان کی لاش راجا واڑی اسپتال میں رکھی گئی ہے ۔
بھانڈوپ: مکان کی دیوار گرنے سے نوجوان ہلاک 
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) کے ڈیزاسٹرمینجمنٹ سےحاصل کی گئی اطلاعات کے مطابق سنیچراور اتوار کی درمیانی شب ۴؍ بجکر ۵۵؍ منٹ پر بھانڈوپ میں کومبڈ گلی میں امر کل کالج کے قریب ایک چالی میں مکان کی دیوار کا حصہ اچانک گر گیا۔ یہ حصہ مکان میں سو رہے سوہم تھورات (۱۶) پر گرا جس کےسبب وہ شدید زخمی ہو گیا ۔ اسے شدید زخمی حالت میں ایم ٹی اگر وال میونسپل اسپتال (ملنڈ) لے جایا گیا لیکن داخلہ سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔
وزیر اعلیٰ اورنائب وزیر اعلیٰ کااظہار غم 
 ممبئی میں ہونے والے چمبور اور وکھرولی سانحہ پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے گہرے غم کا اظہار کی ہے۔  وزیر اعلیٰ نےہلاک ہونےو الے افراد کے ورثا کو ۵۔۵؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہےجبکہ زخمیوں کا مفت علاج کرنے کی ہدایت دی  ہے۔وزیر اعلیٰ نے این ڈی آر ایف ، میونسپل کارپوریشن ، فائر بریگیڈ اور پولیس کو بھی ہدایت دی کہ وہ امدادی کاموں میں ہم آہنگی پیدا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لئے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK