امریکی فوجی طیارہ ’سی ۱۷؍ ‘ اِن غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر آج ہندوستان پہنچ جائے گا ، مزید ہندوستانیوں کو ڈیپورٹ کیا جائے گا ، ٹرمپ کوئی رحمدلی دکھانے کو تیار نہیں
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 11:30 PM IST | Washington
امریکی فوجی طیارہ ’سی ۱۷؍ ‘ اِن غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر آج ہندوستان پہنچ جائے گا ، مزید ہندوستانیوں کو ڈیپورٹ کیا جائے گا ، ٹرمپ کوئی رحمدلی دکھانے کو تیار نہیں
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اعلان کے مطابق امریکہ سے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنا شروع کردیا ہے۔ اس کے تحت سب سے پہلے وینزوئیلا اور میکسیکو کے شہریوں کو ملک سے ڈیپورٹ کیا گیا اور اب ہندوستانی تارکین وطن کا نمبر آگیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا جہاز منگل کو امریکہ سے روانہ ہو گیا جس میں ۲۰۵؍ ہندوستانی تارکین وطن ہیں۔ یہ جہاز بدھ کوہندوستان پہنچ جائے گا لیکن یہ کہاں آئے گا اور اس میں آنے والے لوگ کون ہیں اس بارے میں نہ حکومت ہند کی جانب سے کوئی اطلاع فراہم کی گئی ہے اور نہ امریکی حکومت نے اس تعلق سے کچھ کہا ہے۔ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ جن ۲۰۵؍ لوگوں کو ڈیپورٹ کیا گیا ہے انہیں امریکی فوج کے جنگی مال بردار جہاز’سی ۱۷؍ ‘ سے روانہ کیا گیا ہے۔
معلومات فراہم کرنے انکار
اس تعلق سے امریکی سفارت خانہ کے ترجمان نے کوئی بھی انفارمیشن فراہم کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہم فی الحال کوئی معلومات شیئر نہیں کرسکتے لیکن اتنا ضرور بتاسکتے ہیں کہ ایک امریکی فوجی طیارہ غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ ہندوستان روانہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کام کے لئے سی ۱۷؍ کو لگایا گیا ہے جو اگلے ۲۴؍ میں ہندوستان پہنچ جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے امیگریشن ایجنڈے میں مدد کے لئے امریکی فوج سے مدد مانگی ہے تاکہ امریکہ میکسیکو سرحد پر اضافی دستے بھیجے جائیں، تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے لئے فوجی ہوائی جہاز استعمال کئے جائیں اور ان غیر قانونی تارکین وطن کو فی الوقت فوجی اڈوں پر بھی رکھا جائے اور وہیں سے ڈیپورٹ کردیا جائے۔
ٹرمپ ضد پر قائم ہیں
واضح رہے کہ ملک بدری کی پروازیں غیرقانونی سمجھے جانے والے تارکین وطن کو گوئٹے مالا، پیرو اور ہونڈوراس لے جاتی ہیں لیکن یہ پہلی پرواز ہے جو ہندوستانی کے لئے چلائی جارہی ہے اور ہندوستان ہی آئے گی۔ حالانکہ اس پورے آپریشن پر بہت خرچ آرہا ہے لیکن ٹرمپ اپنی ضد پر قائم ہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی واپسی کے بعد سے ہندوستان وہ سب سے دور کی منزل ہے جہاں پروازیں جائیں گی۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی وہائٹ ہاؤس واپسی کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان ڈی پورٹیشن ہوگا۔ ٹرمپ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران ہندوستانیوں کی امریکہ میں غیرقانونی امیگریشن کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا اور ہندوستان نے بھی اس تعلق سے ٹرمپ کی بات تسلیم کرلی تھی ۔
۱۸؍ ہزار غیر قانونی تارکین وطن
امریکی انتظامیہ نے وہاں ۱۸؍ ہزار سے زائد غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن ہونے کا دعویٰ کیا ہے جسے ہندوستانی حکومت نے من و عن قبول کرلیا ہے اور اب انہیں واپس لینے کو بھی تیار ہو گئی ہے۔فی الحال اس آپریشن کے تعلق سے مکمل رازداری برتی جارہی ہے۔ یہ بھی نہیں بتایا جارہا ہے کہ یہ جہاز کہاں لینڈ کرے گا۔ واضح رہے کہ اگلے ہفتے ۱۳؍ فروری کو ممکنہ طور پر وزیر اعظم مودی کی ملاقات امریکی صدر ٹرمپ سے ہونے والی ہے اور فی الحال مودی حکومت نہیں چاہتی ہے کہ اس ملاقات میں کوئی رخنہ پڑے اسی لئے وہ چپ چاپ ان تارکین وطن کو واپس لینے کو تیار ہو گئی ہے۔
پنجاب پولیس بھی تیار
دریں اثناءپنجاب پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ۱۰۰؍ وانٹیڈ لوگوں کی لسٹ تیار کی ہے جن میں سے ۲۰؍ کے امریکہ میںہونے کا شبہ ہے۔ پنجاب پولیس واپس آنے والے لوگوں کے بارے میں جاننے کی متمنی ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق فی الحال ان لوگوں کی لوکیشن کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا گیا ہے لیکن ہم فہرست کے ساتھ تیار ہیں۔ اگر ان میں کوئی بھی پنجاب کا وانٹیڈ ہوا تو ہم اسے وہیں پر گرفتار کرلیں گے ۔