Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیپال میں۲۹۰؍ہندوستانی لاپتہ، ۸۴؍ کو بچایا گیا

Updated: August 28, 2026, 11:01 AM IST | Agency | New Delhi

مانسروور یاترا پر گئے تقریباً۲۰۰؍ ہندوستانی شہریوں کے چین کے علاقے میں بھی پھنسے ہونے کا اندیشہ، کیرالا، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کے کئی شہری نیپال گئے ہوئے ہیں۔

Randhir Jaiswal, Spokesperson for the Union Ministry of External Affairs, provided this information regarding Indians in Nepal. Picture: INN
مرکزی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے نیپال میں ہندوستانیوں کے تعلق سے یہ معلومات فراہم کی ہے۔ تصویر: آئی این این

نئی دہلی(ایجنسی): نیپال میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہوئی تباہی کے بعد۲۹۰؍ ہندوستانی شہریوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس میں ترشولی وَن توانائی منصوبے پر کام کر رہے۷۳؍ ہندوستانی بھی شامل ہیں جن میں سے۶۳؍ کو بچا لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو کے۲۱؍ لوگوں کو بھی بچایا گیا ہے۔مانسروور یاترا پر گئے تقریباً۲۰۰؍ ہندوستانی شہریوں کے  چین کے علاقے میں بھی پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کے روز یہاں نیپال پر خصوصی بریفنگ میں کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز نیپال کے وزیر ِ اعظم سے بات کر کے اس سانحہ پر گہری تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان نیپال کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی جانب سے ہر ممکن مدد اور انسانی امداد کی پیشکش کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: نیپال تبت سیلاب میں ۳۵۳؍ ہلاکتیں، ۱۵۰۰؍ افراد لاپتہ

سیلاب کے بعد وہاں پھنسے ہوئے اور لاپتہ ہندوستانی شہریوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق۲۸۵؍ ہندوستانی شہری ایسے ہیں جن سے رابطہ نہیں ہو پایا ہے۔ ان میں وہ۷۳؍ ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں جو ترشولی وَن توانائی منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ ان لوگوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے پروجیکٹ چیف کے رابطے میں ہے۔ اس علاقے میں مواصلاتی لائنیں مکمل طور پر متاثر ہیں اور اس لیے زمین پر موجود لوگوں سے رابطہ کرنا مشکل ہو گیا ہے۔لاپتہ۲۸۵؍ ہندوستانی شہریوں کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان میں  سے۷۳؍ ترشولی منصوبے میں کام کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو کے ۳۷؍اور۴۹؍ ہندوستانی شہریوں کے دو الگ الگ گروپ ہیں جو کیلاش مانسروور یاترا کے لیے سمراٹ ٹریول اور فلائی ایورسٹ ٹریول کے ذریعے گئے تھے۔ مغربی بنگال  کے ۳۲؍افراد ہیں جو سمراٹ ٹریول کی مدد سے سفر کر کے تیمورے میں ہیں۔ تیمورے راسووا ضلع میں واقع ہے جہاں یہ آفت آئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ریاستوں  کے ۶۱؍ لوگ ہیں جنہوں نے رچا ٹورز کے ذریعے سفر کیا تھا۔ کیرالا کے ۳۳؍ لوگ بھی نیپال گئے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: عمر خالد، شرجیل امام کی ضمانت کیلئے اپیل عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش: دہلی پولیس

ترجمان نے کہا کہ حکومت نیپال کے حکام کے ذریعے ہندوستانی لوگوں تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ترشولی منصوبے پر کام کرنے والے۶۳؍ ہندوستانیوں کو بچایا گیا ہے، اس کے علاوہ تمل ناڈو  کے۲۱؍ لوگوں کو بھی بچا لیا گیا ہے۔ ہندوستانی سفیر نے ان لوگوں سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ مانسروور یاترا پر گئے تقریباً۲۰۰؍ ہندوستانی چین کے علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جنہوں نے نکلنے کیلئے مدد مانگی ہے۔ ان میں  سے۹۵؍ گارچن میں ہیں اور بلسا کی طرف بڑھ رہے ہیں تاکہ نیپال میں داخل ہو سکیں۔ اس کے علاوہ چار جیلونگ شہر میں ہیں جبکہ۱۳؍افراد زوتلپو میں ہیں اور وہ ساگا شہر کی طرف جا رہے ہیں۔

کھرگے کی لاپتہ ہندوستانیوں کی مدد کی اپیل

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے نیپال میں پیش آئے  سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔کھرگے نے کہا کہ ایسی دکھ کی گھڑی میں سبھی کو مل کر متاثرہ لوگوں اور ان کے خاندانوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی کہ وہ ان خاندانوں کی مدد کریںجن کے رشتے دار نیپال میں لاپتہ ہیں یا جن کی موت ہو گئی ہے۔کانگریس صدر نے حکومت سے لاپتہ ہندوستانیوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے اور انہیں محفوظ طریقے سے ان کے خاندانوں تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد ملنی چاہئے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK