Inquilab Logo

یو پی ایس سی میں پائیدھونی اور کلوا کے ۲؍ امیدوارسمیت ۳۰؍ مسلم کامیاب

Updated: May 24, 2023, 11:27 AM IST | New Delhi

پہلی ۴؍ پوزیشن پرلڑکیاں قابض، اِشیتا کشور نے اوّل مقام حاصل کیا ، کشمیر کےوسیم احمد بھٹ ٹاپ ۱۰؍ میں شامل

Wasim Ahmed Bhatt
وسیم احمد بھٹ

 یونین پبلک سروس کمیشن نے منگل کو  سو ِل سروس امتحان ۲۰۲۲ء کےنتائج کا اعلان کردیا۔ اس امتحان میں کل ۹۳۳؍  امیدوار کامیاب  ہوئے جن میں  ۳۰؍مسلم امیدوار  شامل ہیں۔ ایشیتا کشور نے قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہےجبکہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے وسیم احمد بھٹ  جومسلم امیدواروں میں پہلے مقام پر  ہیں، نے ٹاپ ۱۰؍ میں جگہ بنائی ہے۔ وسیم کا آل انڈیا رینک ۷؍ ہے ۔  قابل ذکر ہے کہ چوٹی کی چار پوزیشن  پر خاتون  امیدوار قابض رہیں۔  
 ۹۳۳؍ کامیاب امیدواروں  میں   ۳۲۰؍   خواتین    شامل ہیں۔ آل انڈیا رینکنگ میں    ایشیتا کشور نے پہلا مقام، گریما لوہیا  نے دوسرا، اوما ہارتھی  نے تیسرا اور اسمرتی مشرا نے چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ سرفہرست۲۵؍ امیدواروں میں۱۴؍ خواتین اور ۱۱؍  مرد ہیں۔ زمرہ کے اعتبار سے دیکھیں تو   جنرل کیٹیگری کے  ۳۴۵، معاشی طور پرکمزور طبقات   (ای ڈبلیو ایس) کے ۹۹، اوبی سی کے ۲۶۳، ایس سی کے ۱۵۴؍ اور ایس ٹی کے  ۷۲ ؍ امیدوار کامیاب  ہوئے ہیں۔ 
 پائیدھونی  کے سید محمد حسین اور کلوا کی قاضی عائشہ ابراہیم  نے اس باوقار امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے ممبئی و تھانے کا نام مزید روشن کیا ہے ۔   سول سروس امتحان ۲۰۲۲ء میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ایشیتا کشور نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی تعلقات کے مضمون کے ساتھ امتحان پاس کیا ہے ۔ وہ دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج آف کامرس میں معاشیات کی طالبہ رہی ہیں۔ دوسرے نمبر پر رہنے والی گریما لوہیا نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مال کالج سے کامرس میں تعلیم حاصل کی ہے۔ سول سروس کے امتحان میں ان کے مضامین کامرس اور اکاؤنٹنسی تھے۔ تیسرے نمبر پر رہنے والی اوما ہارتھی نے آئی آئی ٹی حیدرآباد سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔ انہوں نے سول سروسز کا امتحان اینتھروپولوجی کے ساتھ اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا۔ اسمرتی مشرا نے مرانڈا ہاؤس کالج، دہلی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور سول سروسز کے امتحان میں زولوجی کو اختیاری مضمون رہا ہے۔ساتواں رینک حاصل کرنے والے  وسیم احمد بھٹ  نے دوسری بار اس باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ خیال رہے کہ سی ایس ای ۲۰۲۲ء کا  پرلیم ۵؍جون ۲۰۲۲ء کو ہوا تھا جس  میں ۵؍ لاکھ۷۳؍ ہزار۷۳۵؍ امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ ان میں سے۱۳۰۹۰؍ امیدواروں نے ابتدائی امتحان پاس کیا۔ ان میں سے۲۵۲۹؍ امیدواروں نے ستمبر۲۰۲۲ء میں منعقدہ مرکزی امتحان میں کامیابی حاصل کی جن میں سے۹۳۳؍ امیدواروں کو انٹرویو کے بعد کامیاب قرار دیا گیا۔

upsc Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK