Inquilab Logo

مزدور کے بیٹے نےثابت کر دیا کہ نامساعد حالات کے باوجود کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے

Updated: May 27, 2023, 10:19 AM IST | Mumbai

یوپی ایس سی میں کامیاب ہو نے والے محمد حسین اور قاضی عائشہ کے اعزاز میں انجمن اسلام کی جانب سےمنعقدہ تہنیتی تقریب میں ڈاکٹر ظہیر قاضی کا اظہارِ خیال

Mohammad Hussain expressing his views while Qazi Ayesha, Zaheer Qazi, Mushtaq Antole and other dignitaries can also be seen.
محمدحسین اظہارِ خیال کرتے ہوئے جبکہ قاضی عائشہ ، ظہیرقاضی ،مشتاق انتولے اوردیگر معزز افراد کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔(تصویر: انقلاب)

 یوپی ایس سی امتحان میںنمایاں کامیابی حاصل کرنےوالے ممبئی کے محمد حسین رمضان سید اور تھانےکی قاضی عائشہ کیلئےجمعہ کو انجمن اسلام کی طرف سے تہنیتی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیرقاضی ،نائب صدر مشتاق انتولے، عقیل حفیظ ،  ریحانہ احمد  اور شہر کے دیگر معزز افراد شریک تھے۔اس موقع پر محمد حسین اور قاضی عائشہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
     محمد حسین رمضان سیدنے اپنی کامیابی پر مسرت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ’’یوپی ایس سی امتحان ملک کا سب سے بڑا اورہم مسابقتی امتحان ہے۔ اس امتحان میں کسی طرح کا تعصب نہیں ہوتاہے ۔ کچھ نوجوان سمجھتےہیں کہ اس امتحان میں ہمیں کامیابی نہیں ملے گی۔ یہ سراسر منفی سوچ کا نتیجہ ہے۔۴؍مرتبہ کی کوشش کے باوجود میں مایوس نہیں ہواتھا۔ میری کوشش جاری تھی۔ میراہدف واضح تھا۔ میں جس ماحول میں رہتا ہوں، وہاں یکسوئی سے پڑھائی کرنا دشوارکن ہے ،  اس کےباوجود میں نے طے کررکھا تھاکہ مجھے بہر حال یوپی ایس سی کرناہے ۔میری مستقل مزاجی میری اس کامیابی کی وجہ ہے۔‘‘ ا نہوں نے مزید کہا کہ ’’ میں مزدوری کرنے والے اپنے  والدکو جب بھی دیکھتا،مجھے میرا عزم یادآتاتھا۔ اسی   نے مجھےمیر ی منزل تک پہنچایا ۔ میں اللہ تعالیٰ کا بے حد شکرگزارہوںجس نے میری محنت کے عوض مجھے یہ کامیابی عطا کی  ۔‘‘
  قاضی عائشہ نے کہاکہ ’’ میںنے پہلی مرتبہ یوپی ایس سی کرنےکاارادہ انجمن اسلام سے کیا تھا۔ میرےاساتذہ کی حوصلہ افزائی نے ہی مجھے کامیابی عطاکی ہے ۔ ہماری قوم میںصلاحیت مندطلبہ کی کمی نہیں ہے لیکن انہیں صحیح طریقے سے تربیت دینے کی ضرورت ہے ۔ میں نے حجاب میں رہتے ہوئے عصری تعلیم حاصل کی ہے ۔ حجاب میں ہونے کے باوجود مجھے کبھی کہیں کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا۔ کامیابی کیلئے یقین کا ہونا ضروری ہے ۔ طلبہ سے اپیل ہےکہ وہ مسابقتی امتحان میں حصہ لیں ۔ خوداعتمادی سے ان امتحانات میں حصہ لینے کی تیاری کریں۔ اپنا ہدف متعین کریں ،کامیابی یقیناً ملے گی۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میری کامیابی میں اساتذہ کے ساتھ میرے والدین کا اہم رول ہے۔‘‘
  اس موقع پر انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہاکہ’’  میرے لئے یہ تاریخی موقع ہے کہ یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے مذکورہ دونوں طلبہ کا تعلق انجمن اسلام سے رہا ہے۔یہ انجمن اسلام کیلئے فخر کی بات ہے۔ ہمارے طلبہ میں قابلیت کی کمی نہیں ہےلیکن انہیں موقع نہیں ملتاہے۔ مزدور کے بیٹے محمد حسین نے ثابت کر دیا کہ نامساعدحالات میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی  راہ ہموار کی جاسکتی ہے ۔ ‘‘ 
 انہوں نے مزید کہا کہ ’’قاضی عائشہ نے حجاب میں رہتےہوئے اپنا تعلیمی سفر پورا کیااور ملک کے سب سے بڑے امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔ مسلم لڑکیوں کیلئے عائشہ رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انجمن اسلام بھی مسابقتی امتحانات کیلئے طلبہ کو تیار کرنے کی مہم چلا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔‘‘ 

UPSC Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK