Inquilab Logo

مشن ایڈمیشن کے تحت ۱۵؍دنوں میں ۳۵؍ہزار داخلے

Updated: May 30, 2022, 10:43 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کےمطابق انگریز ی ،مراٹھی کے علاوہ اردو میڈیم میں بھی ہزاروں طلبہ نے داخلہ لیا، ایک لاکھ داخلے کا ہدف حاصل کرنے کی امید

 The number of students in municipal schools is increasing due to better quality of education..Picture:INN
بہتر تعلیمی معیار کی وجہ سے میونسپل اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔۔ تصویر: آئی این این

بی ایم سی اسکولوںمیں مفت اور معیاری تعلیم دینے سے بی ایم سی اسکولوں کے طلبہ کی تعداد میں تواتر سے اضافہ ہورہاہے۔ اس کی واضح مثال بی ایم سی کے مشن ایڈمیشن مہم کے تحت۱۵؍دنوںمیں ہونے والے تقریباً ۳۵؍ہزار نئے داخلے ہیں۔
  واضح رہےکہ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے گرمی کی چھٹی سے قبل مشن ایڈمیشن کے تحت نئے تعلیمی سال میں ایک لاکھ نئے داخلے کی مہم شروع کی تھی۔ یہ مہم ۱۴؍اپریل کوشروع کی گئی تھی جبکہ ۲؍مئی سے گرمی کی تعطیلات شروع ہونی تھی۔ ان ۱۵؍دنوںمیں ۳۵؍ہزار نئے داخلے ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ انگریزی میڈیم کے ۱۳؍ہزار ۶۸۱؍، مراٹھی میڈیم کے ۸؍ہزار ۷۹؍ ، ہندی میڈیم کے ۶؍ہزار ۹۸۴؍ اور اُردو میڈیم کے ۶؍ہزار ۳۹؍ داخلے ہوئے ہیں۔گجراتی ، تمل ، اور تیلگو میڈیم میں بھی کچھ طلبہ نے داخلے لئے ہیں۔مجموعی طورپر ۱۵؍دنوں کے اندر ۳۵؍ہزار ۳۲۲؍طلبہ کا داخلہ کیاگیاہے۔ 
 اسسٹنٹ میونسپل کمشنر (ایجوکیشن ) اجیت کمبھار نے بتایاکہ ’’بی ایم سی اسکولوںمیں طلبہ کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ امسال ہم نے مشن ایڈمیشن کے تحت ایک لاکھ نئے داخلے کا ہدف رکھا ہے۔ اس مہم کے تحت صرف ۱۵؍دنوںمیں تقریباً ۳۵؍ ہزار  نئے داخلے کئے گئے ہیں۔ ان طلبہ کی تعداد ملاکر بی ایم سی اسکولوںکے طلبہ کی مجموعی تعداد ۳؍ لاکھ ۳۳؍ہزار ہوگئی ہے۔
  اجیت کمبھار نےیہ بھی کہاکہ ’’ بی ایم سی اسکولوں میں پڑھنےوالے بچوںکی گھریلو حالات خستہ ہوتے ہیں لیکن تعلیم حاصل کرنا ہر ایک بچے کا بنیادی حق ہے۔ اس لئے بی ایم سی اسکولوںمیں تعلیم حاصل کرنےوالے ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم دینےکی کوشش کی جارہی ہے۔ بی ایم سی اسکولوںمیں ۸؍ میڈیم کے طلبہ کو تعلیم دی جاتی ہے۔ساتھ ہی انہیں ۲۷؍تعلیمی اشیاء مفت دی جاتی ہے۔بی ایم سی اسکولوںمیں طلبہ کی تعداد میں اضافےکیلئے ریاستی وزیر ادتیہ ٹھاکرے ذاتی طورپر دلچسپی لے رہےہیں۔ انہوں نے متعدد جدید تعلیمی پروجیکٹ سے بی ایم سی اسکولوںکو جوڑا ہے جس سے طلبہ اور سرپرست بڑی تعداد میں بی ایم سی اسکول کی طرف متوجہ ہوئے ہیں۔ ‘‘
  بی ایم سی اسکولوںمیں ورچوؤل کلاس روم، مفت ٹیب، مفت بیسٹ بس پاس کے علادہ دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی کیمبرج ، آئی سی ایس ای اورسی بی ایس ای بورڈ کے اسکول شروع کئے جانے سے بھی بی ایم سی اسکولوںمیں طلبہ کی تعداد بڑھی ہے۔ بالخصوص کووڈ کے ۲؍ سال میں بی ایم سی اسکولوںمیں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد تقریباً ۳۰؍ہزار بڑھی تھی۔ اسی طرح مشن ایڈمیشن کے تحت ۱۵؍دنوںمیں ۳۵؍ہزار نئے داخلے ہوئے ہیں۔‘‘
  ایجوکیشن آفیسر راجیش کنکال نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ گرمی کی چھٹی کی وجہ سے مشن ایڈمیشن مہم رک گئی ہے مگر اپریل کے ۱۵؍ دنوںمیں ۳۵؍ ہزار نئے داخلے ہونے سے یہ  واضح اشارہ ملا ہے کہ گرمی کی چھٹی کے بعد مزید داخلے ہوں گے۔ جولائی تک ایک لاکھ نئے داخلے کا ہدف پورا ہونےکی اُمید ہے۔‘‘   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK