Inquilab Logo

خیر آباد اہم شاہرا ہ پر کھلےمیں۴؍ ٹرانسفارمر رکھے ہیں، بڑے حادثے کا اندیشہ

Updated: July 12, 2020, 11:24 AM IST | AbulFaiz Khalili | Maunath

محکمہ بجلی کو ’کسی بڑے حادثے کا انتظار‘۔متعدد بار شکایات کے بعد بھی محکمہ کے افسران کچھ نہیں کررہےہیں، ٹرانسفارمر کے نزدیک سےمدرسہ کے طلبہ بھی گزرتےہیں

Transfer - Pic : Inquilab
خیر آباد :لوگ ٹرانسفارمر کے قریب سے گزررہےہیں۔ ( تصویر : انقلاب

 اتر پر دیش کے ضلع مئوناتھ بھنجن میں بنکر مسلم اکثریتی گاؤں پنچایت خیرآباد میں واقع مین بازار کی اہم شاہراہ پر۴؍ٹرانسفارمر کھلے میں لگے ہوئے ہیں جو کسی  بڑے حادثے کو دعوت دے رے ہیں۔
  اس  سلسلے میں مقامی  افراد نے متعدد بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو ا طلاع دی لیکن کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔مین بازار میں لگے ۴؍ ٹرانسفارمروں سے کسی بھی وقت حادثے سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔
  واضح رہےکہ خیرآباد بنکر مسلم اکثریتی آبادی والا قصبہ ہے ۔یہاں  روزی روٹی کا اہم ذریعہ کپڑے  اور ساڑی کی بنائی ہے جو بجلی ہی پر منحصر ہے۔ گنجان آبادی کے درمیان محکمہ نے ۶۳۰؍ کے  وی اے کے ۳؍اور۲۵۰؍ کے وی اے کا ایک ٹرانسفارمر مین بازار میں لگایا ہے۔ گرمی کے دنوں میں جب لوڈ زیادہ بڑھتا ہے تو آئے دن ٹرانسفارمروں کے جلنے اور آگ لگنے سے چنگاری نکلنے کا سلسلہ  جاری رہتا ہے جس سے بازار میں ہمیشہ خطرہ رہتا ہے۔ خیرآباد میں ہفتہ میں ۲؍دن جمعہ اور منگل کو بازار لگتا ہے ۔ اپنی ضرورت کا سامان  خریدنے کے لئے  لوگ آتے ہیں ۔ سیکڑوں  افراد جمع ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہائی ٹینشن تار کے نیچے جالی بھی نہیں لگائی گئی ہے ۔ بازار میں اکثر مختلف پارٹیوں اور تنظیموں کے پروگرام بھی ہوتے رہتے ہیں ۔ ا س طرح بازار میں لوگوں کا مسلسل آنا جانا رہتا ہے  ۔ بازار میں واقع مدرسہ میں سیکڑوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں چھٹی ہونے پر بازار میں لگے ٹرانسفارمر کے  قریب سے بچوں کا آناجا رہتا ہے۔ اس کے باوجود بھی محکمہ بجلی کان میں تیل ڈالے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ 
  اس سلسلے میں سماجی کارکن ابوہریرہ انصاری کا کہنا ہے کہ بازار کے دن جب  لوگ سامان لینے پہنچتے ہیں تو ان کا دھیان بجلی ٹرانسفارمر اور بازار کے اوپر سے گزرے ننگے تار پر رہتا ہے۔ محکمہ بجلی تحصیل سے مل کر گاؤں سے باہر زمین تلاش کرے اور یہاں سے ٹرانسفارمر کو گاؤں سے باہر نصب کرا دے جس سے کسی بڑے حادثہ کے ہونے سے بچا جا سکے۔
  انیس الرحمٰن انصاری خیرآباد  اورجاوید کیپٹن کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی بنکروں سے صرف بجلی رقم وصول کرنے کا طریقہ جانتا ہے لیکن بنکروں کے اہم مسائل پر کبھی توجہ نہیں دیتا ہے۔ خیرآباد بازار میں نصب۴؍ بجلی ٹرانسفارمروں سے ہمیشہ خطرہ رہتا ہے اس لئے متعلقہ محکمہ کو  اس پرسنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK