Inquilab Logo

حیدرآباد کے طرز پر الہ آباد میں ’’بائے بائے مودی‘‘ کاہورڈنگ لگانے پر ۵ گرفتار

Updated: July 14, 2022, 9:34 AM IST | allahabad

قومی سلامتی کیلئے خطرہ بننے کی دفعہ کے تحت بھی کیس درج، پورے گروہ کے سرگرم ہونے کا الزام ، پولیس کو تلنگانہ کے ’سائیں ‘ کی تلاش

The hoardings on the billboards of the Municipal Corporation in Allahabad have been immediately removed. Police allege that the accused wanted to spoil the atmosphere of the city through this hoarding
الہ آباد میں میونسپل کارپوریشن کے اشتہاری بورڈ پر لگائے گئے ہورڈنگ کو فوری طور پر ہٹا دیاگیاہے۔ پولیس کا الزام ہے کہ ملزم اس ہورڈنگ کے ذریعہ شہر کا ماحول خراب کرنا چاہتے تھے

حیدرآباد میں بی جے پی کی مجلس عاملہ کے موقع پر  وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ’’بائے بائے مودی‘‘   کے  جس طرح کےہورڈنگس  سڑکوں کے کنارے لگائے گئے تھے، ویسے ہی ہورڈنگ یوپی میں لگانے کی پاداش میں  پولیس نے ۵؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ہورڈنگس تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے کارکنوں کے تعاون سے لگائے گئے  تھے  جن کا مقصد شہر کا فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ’’سائیں‘‘ نامی شخص کو تلاش کررہی ہے۔ اُس نے ہورڈنگ کیلئے ۱۰؍ ہزار روپے کی آن لائن ادائیگی کی تھی۔  ہورڈنگ فوراً ہٹا دیئے گئے ہیں۔ 
 الہ آباد میں سڑک کنارے یہ ہورڈنگ گزشتہ ہفتے لگائے گئے تھے۔ ہورڈنگ میں وزیراعظم مودی کا ایک کارٹون  ہے جس میں  وہ ایل پی جی گیس سلنڈر لئے ہوئے ہیں ۔اس  پر قیمت ایک ہزار ۱۰۵؍ روپے لکھی ہوئی ہے۔  اس کے ساتھ ہی ہورڈنگ پر پیغام لکھا ہوا ہے کہ ’’آپ (مودی) نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں کئی کسانوں کی جانیں لیں‘‘ اور ’’ٹھیکے کی نوکریوں کی وجہ سے نوجوانوں  کے خواب چکنا چور ہوگئے۔‘‘مذکورہ ہورڈنگ کی تصویر دی کوئنٹ  سے وابستہ صحافی  پیوش رائے نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس کی پاداش میں  ۵؍ افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔ حکومت پر تنقید کرنے والے ان پوسٹروں کی پاداش میںکرنل گنج پولیس اسٹیشن میں  تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۵۳(بی)(ایسی بات کہنا جس سے قومی سلامتی کو خطرہ ہوسکتاہے) اور ۵۰۵(۲) (سماج کے مختلف طبقات میں منافرت پھیلانا) کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔  پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کیلئے پوری ایک  ’’گینگ‘‘ کام کررہی تھی جس کے’’سرغنہ‘‘ اوراس کے ساتھیوں کو گرفتار  کر لیا گیا ہے۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ ہورڈنگ میونسپل کارپوریشن  کے اشتہاری بورڈ پر لگائے گئے تھے۔ جن لوگوں کو گرفتار کیاگیاہےان کی شناخت انکیت کیسری، ابھے کمار سنگھ، راجیش کیسروانی، شیو کمار اور دھرمیندر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔   ابھے کمار ایک پرنٹنگ پریس کے مالک ہیں جنہیں تلنگانہ کے ’’سائیں‘‘ نامی شخص نے ہورڈنگ چھاپنے کیلئے ۱۰؍ ہزار روپے کی ادائیگی کی تھی جبکہ راجیش کیسروانی ٹھیکے دار اورانکیت کیسری ایونٹ مینجمنٹ   کے ٹھیکے لیتے ہیں۔ شیو کمار اور دھرمیندر ان کے ہاں کام کرتے ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹندنٹ آف پولیس اجیت سنگھ چوہان  کے مطابق ملزمین نے تلنگانہ راشٹریہ سمیتی (ٹی آر ایس)  کے حامیوں کی مدد سے شہر میں یہ پوسٹر لگائے تھے۔  

allahabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK