Inquilab Logo

اندور: چوری کی وارداتوں میں گینگ کے ۵؍ ممبران گرفتار

Updated: August 25, 2023, 1:10 PM IST | New Delhi

ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر آف پولیس ابھینے وشوکرما نے بتایا کہ اس گینگ نے یکم اگست تا۲۰؍ اگست تک اندور کے مختلف علاقوں کے ۱۵؍ گھروں میں داخل ہونے کی کوشش کی جس میں انہوں نے ۳؍ گھروں میں داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی اور وہاں سے سونا، چاندی کے سکے اور نقد چوری کئے

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مدھیہ پردیش پولیس نے مطلع کیا کہ ایک شخص جسے ۲؍ سال پہلے نئی دہلی میں خالصتان میں اپنے حامیوں کو ہتھیار فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے دوبارہ اندور میں اس ماہ کی شروعات میں چوری کی وارداتوں کے سلسلے میں اپنے ۴؍ ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیاگیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس گینگ کے ۵؍ افراد کو جمعرات کی شب حراست میں لیا گیا تھا۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر آف پولیس ابھینے وشو کرما نے کہا کہ گینگ کے کلیدی فردراجندر سنگھ بارانوالہ (۳۵) اور اس کے ۴؍ ساتھیوں بادل، راجیش،سدھانت اور بلونت سنگھ کو جمعرات کی شب اندور کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ بارانوالہ سنگھ کو ۲۰۲۱ء میں حراست میں لیا گیا تھا اور اس کے قبضے سے ۱۸؍ قانونی اسلحہ برآمد کئے گئے تھے اس وقت اس پر خالصتان میں اپنے حامیوں کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام تھا۔ وہ ۲؍ماہ تک جیل میں تھا پھر ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔ اس گینگ نے یکم اگست سے ۲۰؍ اگست کے درمیان ۱۵؍ گھروں میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ۳؍ مقامات سے سونا، چاندی کے سکے اور نقد چوری کرنے میں کامیاب بھی ہوگئے۔ تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ چاندی کے سکے جوہری کو فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ان کے دعویٰ کی تفتیش کر لی ہے۔
افسران کے مطابق بارانوالہ اور اس کی گینگ کے ممبران اسلحہ تیارکر کے دنیا بھرمیں درآمد کرتے تھے۔
وشو کرما نے نشاندہی کی کہ تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گینگ اسلحہ اترپردیش، ہریانہ اور پنجاب کے خوفناک بدمعاشوں کو فراہم کرتی تھی۔ ملزمین کی تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK