Inquilab Logo

مودی سرکار کے ۷؍ سال، بی جےپی نے اپنی پیٹھ تھپتھپائی، اپوزیشن حملہ آور

Updated: May 31, 2021, 11:13 AM IST | Agency | New Delhi

’وکاس یاترا‘ کے عنوان سے حکمراں جماعت نے۷؍ برسوں کی حصولیابیوں کی تفصیلات پیش کیں، بتایا کہ اس دوران کئی موقع ایسے آئے جب قوم کا سرفخر سے بلند ہوگیا، کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مشکلات کا اعتراف ، نمٹ لینے کا عزم

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

اتوار ۳۰؍ مئی کو اپنی حکومت کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے  من کی بات میں جہاں  اپنی پیٹھ خود تھپتھپائی وہیں ’’وکاس یاترا‘‘ کے عنوان سے ایک کتابچہ بھی جاری کیاگیا جس میں  حکومت کی  ۷؍ برسوں کی حصولیابیوں کا ذکر ہے۔
’ حکومت کے ہر قدم میں خدمت کا جذبہ مشعل راہ رہا‘ حکومت کی ۷؍ برسوں کی حصولیابیوں کا احاطہ کرتے  ہوئے جاری کئے گئے کتابچہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت  نے اپنا ہر قدم خدمت کے جذبہ کے تحت اٹھایا۔ بیان کے مطابق’’ وبا کے دوران وسائل کو یکجا کر کے عوام کی خدمت کا معاملہ رہا ہو یا غریبوں  تک اناج پہنچانے کو یقینی بنانے کا چیلنج،ایم ایس پی پر ریکارڈ مقدار میں زرعی پیداوار کی خریداری رہی ہو یا مزدوروں کیلئے کام کاج کے بہتر حالات پیدا کرنا، ہر محاذ پر جذبہ خدمت واضح  ہے۔‘‘
من کی بات میں بھی  وزیراعظم نے حصولیابیاں گنوائیں
 وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو من کی بات میں بھی اپنی حکومت کے ۷؍ برسوں کی حصولیابیاں گنوائیں اور کہا کہ ان کی حکومت ’’سب کا ساتھ،  سب کا  وکاس اور سب کا وشواش‘‘    کے  اصول پر عمل پیرا ہے۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام’’مان کی بات‘‘ میں  وزیراعظم  نے کہا کہ این ڈی اے کی حکمرانی کے ۷؍برسوں میں حکومت نے ہر لمحہ ملک کی خدمت میں پوری لگن کے ساتھ کام کیا ہے اور ان ۷؍ برسوں میں جو بھی کامیابیاں حاصل ہوئیں   وہ  ملک اور  اہل وطن کی کامیابیاں ہیں۔‘‘
 قومی سلامتی کے معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا
 انہوں نے بتایاکہ’’ہم دیکھتے ہیں کہ ہندوستان اب دوسرے ممالک کی سوچ اور ان کے دباؤ میں نہیں  بلکہ اپنے عزم سے  چلتا ہے۔ جب ہم دیکھتے ہیں کہ اب ہندوستان اپنے خلاف سازش کرنے والوں کو منھ توڑ جواب  دیتا ہے تو  ہماری خود اعتمادی اوربڑھ جاتی ہے۔‘‘ مودی نے کہا کہ ’’جب ہندوستان قومی سلامتی کے معاملات پر سمجھوتہ نہیں کرتا ، جب ہماری افواج کی طاقت بڑھتی ہے تو ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہاں ہم صحیح راہ پر گامزن ہیں۔ ‘‘ وزیراعظم  نے کہا کہ ۷؍ برسوں میں کئی مواقع ایسے آئے جب ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ 
 دہائیوں  پرانے تنازعات کو حل کیا: مودی
 وزیر اعظم  نےکہا ہے کہ’’ گزشتہ ۷؍ برسوں میں ملک کے بہت سے پرانے تنازعات کو مکمل امن اور ہم آہنگی سے حل کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ شمال مشرق سے کشمیر تک امن اور ترقی کا ایک نیا اعتماد پیدا ہوا ہے۔‘‘  مودی نے کہا کہ ’’ہم نے ملک کی  خدمت میں ہر لمحہ لگن کے ساتھ کام کیا ہے۔ کیا آپ نے سوچا ہے یہ سارے کام جو کئی دہائیوں میں بھی نہیں ہوسکے تھے ، ان۷؍برسوں میں کیسے انجام پاگئے؟ یہ سب اسلئے ممکن  ہوا کہ ان۷؍ برسوں میں ہم نے حکومت اور عوام سے زیادہ ایک ملک کے  طور پرکام کیا ، ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔‘‘بقیہ: وکاس یاترا کے عنوان سے حکمراں محاذ...
  اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے کورونا کی وبا اور معیشت کی بدحالی کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جی  ہاں ! جہاں کامیابیاں ہوتی ہیں ، وہیں امتحان بھی ہوتے ہیں۔ ان ۷؍ برسوں میں ہم نے ایک ساتھ  مل کر کئی  مشکل امتحان بھی دیئے ہیں اور ہر بار ہم سبھی مضبوط  ہوکر نکلے ہیں ۔ کورونا وبا کی شکل میں اتنا بڑا امتحان مسلسل جاری ہے۔ یہ ایک ایسا بحران ہے جس نے پوری دنیا کو پریشان کردیا ہے ، کتنے لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ یہاں تک کہ بڑے بڑے ممالک بھی اس کی تباہی سے نہیں بچ سکے۔ اس عالمی وبا کے  درمیان ہندوستان ’سیوا اور سہیوگ‘(خدمت اور تعاون) کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘  وزیراعظم نے کورونا کی پہلی لہر میں کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے پراعتماد لہجے میں کہا ہے کہ ’’پہلی لہر کا ہم نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ اس بات بھی  وائرس کے خلاف چل رہی لڑائی ہندوستان  ہی جیتے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK