Inquilab Logo Happiest Places to Work

امسال اب تک مغربی کنارہ میں۷۰؍فلسطینی شہید، آباد کاروں کے حملوں میں اضافہ

Updated: June 23, 2026, 11:46 AM IST | Agency | West Bank

پیر کو فجر کے وقت شمالی الخلیل میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے۱۵؍ سالہ رضا سامی حسن عوض اور۱۹؍ سالہ عیسیٰ عرفات اسماعیل عوض شہید ہو گئے ۔

Jewish Settlers.Photo:INN
یہودی آباد کار-تصویر:آئی این این
سرکاری فلسطینی اعداد و شمار سے انکشاف ہوا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ۲۰۲۶ء کے آغاز سے اب تک قابض اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی گولیوں اور حملوں کے نتیجے میں ۷۰؍ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی اتھاریٹی کی وزارت صحت نے پیر کے روز ٹیلی گرام پلیٹ فارم پر جاری کردہ ایک مختصر بیان میں اعلان کیا کہ رواں سال کے آغاز سے آج (پیرکی)صبح تک قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی کل تعداد۷۰؍ تک پہنچ گئی ہے، جن میں۱۷؍بچے،۵؍ خواتین اور۲؍ معمر افراد شامل ہیں۔
 
 
ایک اور اَپ ڈیٹ میں وزارت نے بتایا کہ انہیں جنرل اتھاریٹی برائے شہری امور کی جانب سے اطلاع ملی ہے کہ پیر کو فجر کے وقت بیت امر قصبے (شمالی الخلیل) میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ  سے۱۵؍ سالہ رضا سامی حسن عوض اور۱۹؍ سالہ عیسیٰ عرفات اسماعیل عوض شہید ہو گئے ہیں۔یہ شہادتیں جنوبی مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے شمال میں واقع فلسطینیوں کی نجی زمینوں پر قائم ’کرمی تسور‘ بستی کے قریب قابض فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوانوں کی شہادت اور دو کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد پیش آئیں۔
 
 
مغربی کنارے کے شہروں اور قصبوں میں قابض فوج اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے دھاوے، قتل، گرفتاریاں، گھروں کی مسماری اور املاک و مقدسات کو نشانہ بنانے جیسے حملوں کے نتیجے میں کشیدگی کی کیفیت مسلسل برقرار ہے۔اس تناظر میں ’باڈی فار ریزسٹنس ٹو وال اینڈ سیٹلمنٹ‘ (دیوار اور بستیوں کے خلاف مزاحمتی کمیٹی) نے گزشتہ ماہ مئی کے دوران ۱۶۵۹؍حملوں کی دستاویزی رپورٹ جاری کی تھی جن میں  سے۱۱۰۸؍حملے قابض فوج نے کئے ا ور۵۵۱؍ حملے یہودی آباد کاروں نے کیے تھے۔فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ۱۱۷۱؍ فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں، جبکہ۱۲؍ ہزار۶۶۶؍افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً۲۳؍ہزار شہریوں کو گرفتار اور۳۳؍ ہزار کو بے گھر کر دیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK